Prof. Qazi Afzal Husain Interview

Articles

اردو میں تنقید نہیں پی ایچ ڈی کے مقالے لکھے جارہے ہیں

پروفیسر قاضی افضال حسین

انٹرویو

اردو میں تنقید نہیں پی ایچ ڈی کے مقالے لکھے جارہے ہیں

پروفیسر قاضی افضال حسین

اردو میں تنقید نہیں پی ایچ ڈی کے مقالے لکھے جارہے ہیں

قمر صدیقی: ادب و تہذیب پرگلوبلائزیشن کے کیا اثرات مرتب ہورہے ہیں؟
قاضی افضال حسین: آپ گلوبلائزیشن سے انکار تو نہیںکر سکتے وہ تو ہو رہا ہے اور اس کا سب سے بڑا ہتھیار ہے Mass Media ،اس کے جو ذرائع ہیں صرف ٹی وی نہیں انٹر نیٹ، ای میل جتنے بھی الیکٹرانک ذرائع ہیں انھوں نے واقعی من کلی جسے کہتے ہیں ایک طرح کی گلوبلائزیشن کے علاوہ ایک طرح کی حکمرانی کا گویا تصور پیدا کر دیا ہے ۔ایک خاص تہذیب کا ایک Imperialismہے یہ۔ تو بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور پھیلا۔ یعنی اب ہر وہ چیز اچھی ہے جسے میڈیا منیجر اچھی کہتے ہیں ۔ جس چیز کو وہ اچھی نہیں کہتے وہ اچھی نہیں ہے ۔ جن لوگوں کو ادب میں اس کا ذراسا بھی احساس ہوگیا ہے یہ گلوبلائزیشن اب ایک طرح کیImperialism کی طرف بڑھ رہا ہے انھیں اس کی فکربھی ہوگئی ہے۔ چنانچہ ادب میں، خود آپ کے ادب میں، اردو میں بھی شعریات پر تنقید کے مقابلے میں توجہ بڑھ رہی ہے اور یہ بڑھ اسی لیے رہی ہے کہ شعریات لازماََ ایک زبان کی اپنی ایک لوکل چیز ہوتی ہے۔تنقید آفاقی ہو سکتی ہے شعریات آفاقی نہیں ہو سکتے ۔ آپ کے یہاں شعریات پر یعنی شعر بنانے کے فن پر گفتگو بڑھ رہی ہے اب تو میںبہت دیکھتا ہوں کہ ہر رسالے میں کوئی نہ کوئی ایک مضمون شعریات کے متعلق ہوتا ہے ۔ بغیر یہ سمجھے ہوئے کہ شعریات کیا ہے لیکن بہر حال لوگوں کویہ سمجھ میں آرہا ہے کہ شعر بنانے کے جو اصول ہیں ایک لسانی معاشرہ کے وہ گلوبل نہیں ہےں۔ ہاں ان کی تنقید کا معیار آفاقی یا Globalistہوسکتا ہے تو اب آپ کے یہاں شعریات پر زور دیا جا رہا ہے یا اس کی طرف توجہ ہوئی ہے تو اسے تقریباََایک طرح کا ردعمل کہا جانا چاہئے۔
دیکھیے یہ تو ہوہی نہیں سکتا کہ جس معاشرے میں آپ رہتے ہیںاس معاشرے کی صورت حال کا آپ کی فکر پر اثر ہی نہ پڑے ،یہ نہیں ہوسکتا ہے ۔ اب تک صرف یہ ہوا تھا اور ذرا پہلے سے حالی© کے زمانے سے چل رہا ہے کہ ایسے کہو یا یہ کہو ۔ شاعر کے لیے Dictationکے کوئی معنی نہیں ہیں لیکن ہو اایسا عملی طور پر اور اس کی طویل ترین صورت بعض صورتوں میں ترقی پسند تحریک میں نظر آئی ۔ اس طرح سے انھوں نے ان لوگوں Rejectکرنا شروع کر دیا جنھوں نے ان کی طرح نہیں کہا۔ قرةالعین حیدر، منٹو، میراجی راشد بہت نام ہیں اس میں۔لیکن وہ کیا کر رہے ہیںیہ بحث نہیں ہے بحث یہ ہے کہ آپ اس طرح سوچ ہی نہیں سکتے جو آپ کے معاشرے سے مختلف ہو۔ معاشرے کا اثر آپ پر تو پڑے گا ہی پڑے گا ۔ تو ایک طرح کی الجھن گلوبلائزیشن کی آپ کے Containمیں بھی دکھائی دے رہی ہے۔آپ کے افسانوں میں ، بعض ناولوں میں ،اس طرح کی الجھن نظر آتی ہے ۔تو ہمارے خیال میں Containکی سطح پر بھی اور تصور شعر کی سطح پر بھی اس طرح کی توجہ یہ درشاتی ہے کہ ہمارے لیے گلوبلائزیشن نمبر ۱ : ایک مسئلہ بن گیا ہے ۔ اس کے فوائدہیں لیکن اس سے جو نمو کررہا ہے ایک طرح سے کہنا چاہئے کہImperialism اس نے ہمارے اندر یہ Verityتو پیدا کی ہے کہ ہمیں ادب پر Workکرنا چاہئے یہ تو ہوا ہے اور ہمارے یہاں ہی نہیں ہم سے زیادہ تو دوسری زبانوں میں ہوا ہے ۔ آپ بمبئی میں رہتے ہیں ابھی کاٹجو یہاں آئے تھے انھوں نے تقریر میں کہا کہ Son of this SoilکاConceptہی Antinational ہے۔ابھی دو روز پہلے کی بات ہے مسٹر کاٹجو نے کہا کہ یہ کیا بات ہوئی ایک خطہ عرض پر ایک طرح کے لوگ رہیں گے۔ تو ایک ہی خطہ پر ایک ہی طرح کے لوگ کا افراق بڑھا ہے ،یہ بھی غالباََ گلوبلائزیشن کا ردعمل ہے ۔بہت ساری چیزیںبہت ساری تبدیلیاں ہو رہی ہیں ۔دھیرے دھیرے چاروں طرف ،آج سے نہیں بہت پہلے سے یہ باتیں ، وہاں پورب میں، آسام میںاور اس علاقے میںچل رہی ہیں۔ آسام میں صرف آسامی رہے گا اور ناگا لینڈ میں ناگا لینڈ کا ،یہ سب چیزیں گلوبلائزیشن کے خلاف ہی تو جاتی ہےں۔ایک خطہ عرض پر خاص طرح کے لوگوں کا رہنا اور ان کو رہنے کا حق دینا اور دوسرے لوگوں کو نہ دینا یہ تو آفاقیت کے خلاف ہے نہ بھئی۔عالم کاری کے خلاف تو یہ سب چیزیں سیاست میں بھی ، تہذیب میں بھی اور لٹریچر میں بھی اس کی زبان میں بھی ، تصور شعر میں بھی ، اس کے اثرات دکھائی دے رہے ہیں ۔ویسے بڑی خطرناک چیز ہے یہ آپ کا الیکٹرانک میڈیا ہے ۔ افوّہ!بھیانک
قمر صدیقی: لیکن خطرناک ہونے کے احساس کے باوجود الیکٹرانک میڈیا اتنا ہی اثر انداز بھی ہورہاہے۔
قاضی افضال حسین: بہت زیادہ اور اسی اثر کی وجہ سے خطرناک بھی لگ رہا ہے۔بھئی بھلا جس Product کو ٹی وی اچھا کہہ دے وہ اچھا ہوگا اور جس Productکو ٹی وی اچھا نہ کہے وہ اچھا نہیں ہے۔ جس آدمی کے Conceptکو ٹیوی دکھا رہا ہے وہ ہی اچھے آدمی کا conceptہے ۔جس لباس کو وہ کہہ دے کہ اچھا ہے تو وہ ہی اچھا ہے ۔ آدھی بمبئی تمھاری نیکر پہن کر گھوم رہی ہے تو یہ اسی کی وجہ سے ، اس کے اس گہرے اثر ہی کی وجہ سے۔ اس خطرے کا احساس ہے لوگوں کوکہ یہ جو چاہیں کرلیں۔بلکہ مجھے یاد آتا ہے صاحب علی کبھی تم نے یہ بات کہی تھی کہ میڈیا جو چاہے گا وہ آپ کھائیں گے جو چاہے گا وہی آپ پہنےں گے۔ اب یہ صورت حال ہے ،مگر جو اس کا خطرہ ہے وہ زیادہ سمجھدار لوگوں کی سمجھ میں آبھی رہا ہے ۔ کبھی میں اگر یہ باتیں کرتا ہوں تو مجھے خود بھی ہنسی آتی ہے کہ یار میں کیا کر رہاہوں، ان کا میں کیا بگاڑ لوں گا۔ لیکن کم از کم اپنے طور پہ تو جانتا ہوں کہ غلط ہو رہا ہے۔یہ جو کہنا چاہئے نہ کہ فلاں کا نمک مثلاََ۔اب کشمیر سے لے کر مدراس تک صرف فلاں کا نمک کھایا جاتا ہے۔پہلے فلانے جگہ کے گلاب جامن اچھے ہوتے تھے ، فلانے جگہ کا خورمہ اچھا ہوتا تھا ، فلانے جگہ کی برفی اچھی ہوتی تھی۔اب سب جگہ ایک ہی چیز ملتی ہے۔ کچھ برفی نہیں کچھ خورمہ نہیں ۔
قمر صدیقی: گلوبلائزیشن کی ثقافتی یک رنگی کے برخلاف ادبی متون کی بافت و تفہیم میں ثقافتی رنگارنگی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
قاضی افضال حسین: یہ تو ہم کہہ ہی رہے ہیں بھئی ثقافتی یکسانیت کا تصور نہ صرف یہ کے فروغ پا رہا ہے بلکہ دنیا بھر میں جڑ پکڑ چکا ہے لیکن یہ ثقافتی یکسانیت کے معنی یورپ اور سفید آدمی کی ثقافت کے ہیں ،آپ کی ثقافت کے نہیں ہیں اور یہی اس کا خطرہ ہے جو میں آپ سے شروع سے کہہ رہا ہوں کہ یہ ایک طرح کا Imperialism ہے۔ یہ اسی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ یہ ایک خاص ماڈل ہے اور غالباََ وہی ایک عالمی ثقافت کا ماڈل ہوگا۔ساری باتیں جو ہم ابھی آزادی ،تعلیم نسواں کے بارے میں کر رہے ہیں جو لوکل تہذیبوں کے بارے میں کر رہے ہیں وہ سب اسی کی پیداوار ہیں۔
قمر صدیقی: اگر یہی صورتِ حال رہی تو کیا ہم آنے والے دنوں میں ایک Literature Less معاشرے میں رہیں گے؟
قاضی افضال حسین: نہیں ایسا نہیں ہوگا ایک ایسے Literature کے زمانے میںرہیں گے جس کی حیثیت عالمی ہوگی ۔ ہم اس طرح اس میں رہیں گے مطلب دیکھو یہ کہ ظفر اقبال ہمارے بہت سنجیدہ آدمی ہےں۔ ظفر اقبال صاحب فرماتے ہیں کہ غزل کو ایسی زبان میں کہنا چاہئے جس کا ترجمہ ہوسکے، اچھا کیوں ہوسکے بھائی تاکہ انگریز پڑھ سکیں۔یہی نا ۔میرا یہ کہنا ہے کہ غزل وہ صنف سخن ہے جو ہماری شناخت ہے اور وہ ترجمہ نہیں ہوسکتی۔اصل بات ہی یہی ہے کہ ہماری اپنی شناخت ترجمہ نہیں ہوسکتی اور یہ جو عالم کاری ہے اس کی اصل میںجو بھی عزم ہے وہ ہماری شناخت پر ہے ۔ یہ سب کہنے کے بعد بھی کہ ہم اس کو روک نہیںسکتے ۔
قمر صدیقی: گویا جس Forceسے یہ آرہاہے اسے روکنے میںہم آگے کسی نہ کسی سطح پہ جا کے فیل ہو جائیں گے ۔
قاضی افضال حسین: فیل ہو جائیں نہیں فیل ہو چکے ہیں ۔یہ ایسا نہیں کہ ہو جائیں گے، یہ ہوچکا۔اس کی طاقت کا اس طرح اندازہ کیجئے آپ کہ ایک صاحب ہیں جنہوں نے Communication میں بہت کام کیا ہے Jean Baudrillard انھوں نے عراق جنگ کے بارے میں لکھا ہے کہ عراق میں جنگ ہوئی ہی نہیں ۔ وہ تو ٹی وی کے لیے تیار کیے گئے Episodesتھے جو اسٹوڈیو کے بجائے عراق کے میدان میں تیار کئے گئے ہیں ۔اب آپ دیکھیے کہ وہ یہ کہہ رہا ہے کہ عراق میں آپ کو یاد ہوگا جنگ شروع ہوئی تھی پانچ بجے شام کو یہ وہ وقت ہے جب امریکن آفس سے لوٹ کے آجا تا ہے اور اپنی ٹی وی کھولتا ہے تو اس کو ایک Episodeدکھائی دے رہا ہے کہ عراق پہ امریکہ نے حملہ کر دیا ہے اور وہ روزانہ کا ایک Episodeہے جو اسٹوڈیو میں نہیں بنایا گیا ہے عراق کے میدانوں میں بنایا گیا ہے یہاںتک پہنچ گیا ہے ہمارا گلوبلائزیشن ۔
قمر صدیقی : تو گویا یہ کہ عراق جنگ بھی گلوبلائزیشن کے ثقافتی Imperialismکی ایک مثال ہے؟
قاضی افضال حسین: دیکھیے آپ صرف ثقافتی Imperialismکیوں کہہ رہے ہیں یہ Economic Imperialismبھی ہے جو چیزیں بازار میں امریکی ٹھپے سے آئیں گی وہی سب سے اچھی ہوںگی ۔ سو اصل میں ثقافت تو آپ کا مسئلہ ہے ،دنیا کے تاجروں کا مسئلہ ثقافت نہیں ہے ۔ان کا مسئلہ تو دولت ہے۔ کتنے لوگ یہ بات کہتے ہیں اور ہزاروں لوگ جانتے ہیں کہ عراق پہ حملہ پٹرول کے لیے ہوا تھا ۔ بھئی امریکہ نے جو حملہ کیا ان کے Defense Ministerصاحب Petrolکے تاجر ہیں ۔ کمپنیاں ہےں ان کی با قاعدہ۔سو یہ اصل مسئلہ تو Economic Levelپر ہی ہے۔صرف Economic Level پر۔ کیوں کہ دنیا میں سب سے بڑی قوت ہے دولت ۔ دنیا میں سب سے بڑی Political Strain ہے Democracy ، دنیا میں سب سے بڑا کلچر تہذیبی ثقافتی یکسانیت، ارے بھائی کیا مطلب کوئی Variationممکن نہیں ہے۔اب یہ جو آپ کے لیے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں کہ آپ کو اس کے علاوہ کچھ نہیں سوچنا ہے ۔سو عالم کاری نے تو وہ کر دیا ہے کہ آپ پلٹ کے اپنی طرف جا بھی نہیں سکتے جو چھوٹی چھوٹی گلیاں بچی ہیں اسی میںرہیے ۔ نہ تہذیب کی سطح پہ آپ سب سے اول ہیں ۔ تہذیب کی سطح پہ وہ تہذیب اول ہے جو ٹی وی پہ دکھائی جاتی ہے ۔White American یا White European Culture انہی کے تصورات ،انہی کے افکار ،انسان کے متعلق ان کا تصور، مرد عورت کے رشتے کے متعلق ان کا تصور، بس وہی افضل وہی قابل قبول ہے۔ نہیں ہے کیا؟ میں غلط کہہ رہا ہوں ؟ تو اب آپ اس میں You can’t do that آپ یہ کر ہی نہیں سکتے ،ٹی وی بند ہی نہیںکرسکتے آپ۔آپ Computer, Internetنہیں بند کر سکتے ۔Man-Women relationshipکے بارے میں آپ جو کچھ بھی جانتے ہیں وہ سب آپ کے Internetسے آیا ہے ۔ ہم آپ سے کیا کہیں یہ تو اتنا بھیانک معاملہ ہے کہ کیا Politics ، کیا Economy، کیا Culture ، کیا زندگی کا کوئی شعبہ، ان سب کا معاملہ یہی ہے ۔ دیکھیے پارلیمنٹ میں ہماری پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کے جو مثال دی جاتی ہے کسی چیز کے قانون کی کہ یہ امریکہ میں بنا ہوا ہے کیونکہ امریکہ میں بنا ہوا ہے اس لیے غلط نہیں ہو سکتا۔ ہمارے پارلیمنٹ میں Ministersکھڑے ہو کر تقریر یں کر رہے ہیں ۔ تو آپ اس کو روک نہیں سکتے ۔
قمر صدیقی : رو ک نہیں سکتے ہیں تو ہماری جیسی تہذیبیں Surviveکس طرح کریں گی؟
قاضی افضال حسین: یہ آپ کا مسئلہ ہو سکتا ہے یہ تاجروں کا مسئلہ نہیں ہے ۔یہ تو آپ کا مسئلہ ہے نہ اور اس کے لیے آپ کوMediaنہیں ملے گا۔اتنا دنیا بھر کی چیزیں ہوتی رہتی ہیں فلاں کی جاسوسی ہو رہی ہے۔ فلاں پکڑا جا رہا ہے ۔فلاں Ministerپکڑا جا رہا ہے۔کوئی Capitalistہندوستان کا آج تک پکڑا گیا، جیسے وہ Corruptہوتا ہی نہیں۔یہ سب چلے گا نہیں آپ کو ظاہر ہے سب سے آسان طریقہ اپنے تحفظ کا یہ ہے کہ آپ اپنی زبان کا تحفظ کریں اگر آپ اپنی Languageبچانے میں کامیاب ہوگئے تو آپ اپنی فکر بچانے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ اگرچہ وسائل صرف اردو نہیں ہندوستان کی کسی زبان کے پاس نہیں ہیں۔Unlessکہ آپ اس کو ایک Political Platformمیں بدل دیں جیسا کہ مہاراشٹر میں ہو رہا ہے ، جیسا کہ بہت دنوں تک بنگال میں ہوتا رہا تھا اب تو ذرا کم ہوا۔ جیسا کہ آسام اور Northeastمیں ہورہا تھا ۔Unlessیہ آپ کرسکیں جو آپ نہیں کر سکتے ۔
قمر صدیقی: میرے خیال میں اردو کے پاس اس طرح کے پلیٹ فارم کے لیے علاقہ نہیں ہے۔
قاضی افضال حسین:اردو کبھی علاقہ کی زبان تھی ہی نہیں ۔ اردو کی ثقافت میں اس طرح کی تفریق کبھی تھی ہی نہیں۔راجستھانی بھی اردو بول رہا ہے ، بنگالی بھی اردو بول رہا ہے، مراٹھی بھی اردو بول رہا ہے۔ جب اردو تھی تب سب اردو بول رہے تھے ۔مسلمان کیا ، غیر مسلمان کیا ، کسی علاقہ کیا یہ اس کا مسئلہ کبھی تھا ہی نہیں ہم نے اسی کو بڑی چیز سمجھا۔ اب یہ زمانہ ہے جسے ہم علاقائیت کو بڑی چیز سمجھ رہے ہیں ۔ تو اب ظاہر ہے کہ وہ میدان تو آپ کے ہاتھ سے نکل گیا نہ۔ نکل کیا گیا ہم سمجھتے ہیں کہ وہ اچھی چیز تھی ہی نہیں اور جو اب ہو رہا ہے وہ بھی اچھی چیز نہیں ہے علاقائیت وغیرہ ۔ زبان تو ایسے ہی ہونا چاہئے کہ ہند وستا ن میں ہر جگہ ہر قسم کے لوگ بولتے ہوں۔خیر اگر آپ اپنی Language بچا سکے۔دیکھئےLanguage صرف آوازوں کا مجموعہ نہیں ہے نہ اس میں آپ کی فکر ، آپ کی سوچ ، آپ کی ثقافت ، آپ کی تہذیب وہ سب بچ جائے گی۔
قمر صدیقی: خیر تبدیلی کے اس پورے Processمیں ادب کا کیا کردار ہوسکتا ہے؟
قاضی افضال حسین: ایک فطری تبدیلی ہوتی ہے جو ہوتی جاتی ہے ۔ ایک تبدیلی کی جارہی ہے جو ہم زبر دستی کر رہے ہیں ۔ میں اپنے ایک ایسے Journalistدوست کو جانتا ہوں جنھوں نے ۲۰۰۲ءمیں Resign کیا ایک بڑے اخبار سے ۔ہم نے ان سے پوچھا کہ آپ نےResignکیوں کیاتو ان کا کہنا تھا کہ وہ اخبارزبر دستی ایکسویں صدی میں گھسا جا رہا ہے ہم اتنی تیز نہیں چل سکتے ۔ تو ایک تبدیلی وہ ہوتی ہے جو فطری ہے جو ہوتی رہتی ہے ،وہ آپ میں بھی ہوتی ہے۔ آپ بچے ہوتے ہیں ،مختلف ہوتے ہیں، آپ جوان ہوتے ہیں تو مختلف ہوتے ہیں۔ وہ ایک فطری تبدیلی ہے جو ہوتی رہی ہے۔ایک تبدیلی کی جارہی ہے ان دونوں میں فرق ہے ۔Imperialismکی جانے والی تبدیلی کے بارے میں ہے فطری ہونے والی تبدیلی کے بارے میں نہیں ۔ اس لیے میں آپ سے کہتا ہوں کہ اس میں یہ جو زبردستی ہو رہی ہے اس پہ آپ تھوڑا سا Resistanceدکھائیں۔آپ Resistanceدکھا سکتے ہیں اپنی زبان میں ، اپنے ادب میں ،اپنے تہذیب کے تحفظ کے بارے میں،فکر کر کے تو یہ ممکن ہے کہ آپ پر Mediaتو بہر حال ایسی چیز ہے جو آپ کے قبضے میں نہیں ہے ۔ یعنی آپ کےLanguage میں جو نکلتا ہے وہ بھی آپ کے قبضے میں نہیں ہے ۔
قمر صدیقی: ادب کے قرا¿ت کے جونئے نظریے آرہے ہیں وہ معاصر ادب کے ساتھ ساتھ ہماری کلاسیکی ادبی سرمایے کی تفہیم میں کس قدر معاونت کر سکتے ہیں ؟
قاضی افضال حسین: اصل میں سوچنے کے طریقے پہ انحصار ہے کہ آپ متن کوکیسے پڑھتے ہیں۔ایک سامنے کی مثال لیجیے حالانکہ بہت بوسیدہ مثال ہے کہ ایک ادب کو فحش کہتے ہیں بس فحش سمجھتے ہیں خوش ہوتے ہیں۔ دوسرے آدمی کو وہی ادب فحش نہیں لگتا ۔تو پڑھنے کے طریقے کا تعلق ادب کے تصور سے ہے۔آپ ادب کو کیا سمجھتے ہیں ،اچھا اگر ادب کی کوئی ایک تاریخ آپ کے ذہن میںہے تو اس کا ایک مقصود بھی آپ کے ذہن میں ہوگا ۔تو یہ تاریخ اور مقصود کا جو رشتہ ہے نہ آپ اس کی روشنی میں متن کو پڑھتے ہیں اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ادب وہ ہے جو عوام کی ہمدردی کرتا ہے ہو یا فلاں طبقے کے ساتھ رعایت یا اس کے ساتھ ہم آہنگ ہو تو مقصود اصلاح ہوگی تو متن کا تجزیہ اس طرح ہوگا کہ اس میں اصلاح کے عناصر کتنے نکلتے ہیں یا کتنے نہیں نکلتے، اگر آپ ادب کو صرف بصیرت کا ذریعہ سمجھتے ہیں تو پتہ نہیں کس نے یہ بات کہی تھی کہ صاحب ادب میں بلکہ جو سرور صاحب نے کہا تھا کہ مسرت ہوتا ہے پھر بصیرت ہوتی ہے ،اب آپ تجزیہ اس طرح کریں گے کہ اس میں بصیرتیں کیا کیا موجود ہیں ۔ اگر آپ فارملسٹ ہیں اور آپ سمجھتے ہیں کہ ادب تو اظہار کے اسلوب کا نام ہے تو آپ کا تجزیہ ظاہر ہے کہ اسی نہج تک ہوگا۔یہ سارے نظریے ایک ساتھ ایک وقت میں چل رہے ہوتے ہیں ۔اس میں کوئی حرج نہیں ہے اس سے اس کا تنوع پیدا ہوتا ہے۔ہم یکسانیت چاہتے ہی نہیں ہےں۔ ہم اس طرح کر رہے ہیںآپ اس طرح کیجیے۔ہم نہیں چاہتے یکسانیت۔ہم اس کا پوسٹ مارڈن مطالعہ کرتے ہیں،آپ اس کا ترقی پسند مطالعہ کرتے ہیں ۔آپ اس کا مطالعہ کیجیے،بشر دوست مطالعہ کیجیے اور ہمارے یہاں یہ بیک وقت ہورہا ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں اسے ہوتے ہوئے اور ہم کو اچھا بھی لگ رہا ہے۔ تو ہم اپنے ادب کا ایک تصور رکھتے ہیںاور اس کے مقصود کے بارے میں سوچھتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیںکہ اس کے وسائل چونکہ متن میں ہیں تجزیے کے ذریعے دیکھنے کے تو ہم دیکھ رہے ہیں لیکن اگر کوئی ادب کا مختلف تصور رکھتا ہے تو ہمیں اعتراض نہیں ہوتا ۔ متن کو ہم جیسے پڑھ سکتے ہیں پڑھتے ہیں ۔آپ اگر کسی سے مختلف طریقے سے پڑھتے ہیں ۔ اگر آپ متن کی تفہیم اچھی طرح کر سکتے ہیں ہمیں اس پر بھی اعتراض نہیں ہے یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
قمر صدیقی:اردو تنقید کی موجودہ صورت حال بظاہر تو اچھی نظر آرہی ہے اور بہت لکھا جا رہا ہے مگر اس میں ٹھوس اور Authenticکام کتنا ہورہا ہے۔
قاضی افضال حسین: دیکھیے پہلی بات تو یہ کہ میں آپ کے سوال سے متفق نہیں ہوں ۔ اردو تنقید کی صورت حال اچھی نہیں ہے۔ نمبر ایک ؛جو لکھا جا رہا ہے وہ Ph.dکے مکالے ہیں اور چھپنے کی آسانی ہوگئی ہے ۔ پیسے ملنے لگے ہیں Pressکو یعنی اردو میں شاید 500سے زیادہ کتابیں روز چھپ رہی ہیں تو اس کے یہ معنی ہوئے کے آپ کو وسائل کی آسانی ہوگئی ہے مگر کوئی متن یا کوئی بحث بہت اچھی ہورہی ہو یا کہیں مسائل کھل رہے ہیں یا سمجھے جارہے ہیں اس میں مجھے بہت شبہ ہے۔ رولاںبارت کا یہ تصور کے ادب میں Subjectخارج ہوگیا ہے اور ہم اس کو صرف اس کی زبان کے حوالے سے سمجھ سکتے ہیں ۔یہ ہے بنیادی ایک بات جس کو مصنف کی موت وغیرہ بیان کیا گیا ہے۔ ہمارے اردو کے دو بڑے بڑے نقادوں نے Subjectکا ترجمہ موضوع کیا ہے Subjectکے لیے سادہ سی بات یہ ہے کہ وہ فاعل کا ذکر کرتا ہے وہ موضوع کا ذکر کر ہی نہیں رہا ہے اور آپ ترجمہ کر رہے ہیں کہ ادب سے موضوع خارج ہوگیا ہے۔ تو کتنا سمجھ رہے ہیں آپ ،اندازہ یہ ہے کہ بیشتر لکھنے والوں نے اگر کچھ پڑھ بھی لیا ہے توانھوں نے اس کو بغیر اپنے ذہن کو Applyکیے ،بغیر اپنی ضرورتوں کو سمجھے ،بغیر اپنی تہذیبی و ذہنی صورت حال سے معاملہ کیے ہوئے دہرا رہے ہیں۔
قمر صدیقی: چونکہ آپ کا تعلق تدریس سے بھی رہا ہے لہٰذا لہٰذا جامعات میں اردو تدریس کی صورتِ حال پر بھی کچھ روشنی ڈالیے؟
قاضی افضال حسین: ایک نفسیاتی و ذہنی Conditionمیں ہم سمجھ رہے ہیں کہ انگریزی تعلیم کا مقصد نوکری ہے اور اب یہ نعرہ لگتا بھی ہے اور ٹھیک لگتا ہے کہ زبان کو بازار کی ضرورت سے جوڑنا چاہئے ۔ایک Confusion یہ ہے کہ ہم ادب کو بازار کی ضرورت سے جوڑنے کا ذکر سمجھنے لگتے ہیں۔ یہ دو الگ الگ چیزیں ہیں، زبان کو بازار کی ضرورت سے جوڑنا چاہئے ،مطلب آپ کو انگریزی اچھی آنا چاہئے تو انگریزی آنے کا یہ مطلب تھوڑی ہے کہ آپ کو شیکسپیئر کے ڈرامے یاد رہنے چاہئے۔بس انگریزی اچھی آنا چاہئے۔ اسی طرح اردوبھی ایسی زبان ہونا چاہئے جومارکیٹ کی ضرورتوں کو پورا کرے۔ لیکن اردوکا ادب مارکیٹ کی ضرورتوں کو پورا کرے اس کا کوئی مطلب ہی نہیں اور ہمارے یہاں یہ ایسا Confusionہے کہ اب میں لڑکوں سے کلاس میں کہتا ہوں ہوں جب کبھی سوال اٹھتا ہے کہ M.Aاردو کے بعد کیا Jobہے۔ میرا سوال یہ ہے کہ M.Aجغرافیہ کے بعدکیاJobہے،M.A Sociologyکے بعدکیاJobہے،Jobکا تعلق زبان سے تو ہے البتہ اس کا تعلق ادب سے ہو یہ ضروری نہیں۔ مراٹھی ادب پڑھنے سے بازار کاکیا تعلق ہے ۔سوتعلیم کے اس بنیادی مقصد نے کہ وہ Market Orientedہو لٹریچر کو نقصان پہنچایا ہے۔ لٹریچر،Orientedہوگا تولٹریچر نہیں ہوگا ۔ سادہ سی بات ہے اب یہ بات بچوں کو اپنی کلاس میں سمجھانا ذرا مشکل ہوتا ہے ۔ اب ہماری جوBasicکوشش ہوتی ہے اچھے لڑکے بھی کم مل رہے ہیں ۔ اچھے لڑکے تو میڈیکل، انجینئرنگ وغیرہ میںجاتے ہیں لیکن جو اس کا بچا ہوا حصہ آتا بھی ہے ہمارے پاس تو کوئی کوئی اس میں سے نکلتا ہے۔ جس میں ہمیں کوئی رمق کوئی روشنی نظر آتی ہے۔ یہ کوشش کرتے ہیں کہ بھیّا ان کو کسی طرح پڑھا لیں ۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہم ادب سکھائیں ،ادب سکھانے کا مطلب یہ ہے کہ اس کو ایک بہتر آدمی ہونے میں مدد کریں۔جواپنے طور پر سوچ سکتا ہو ،اپنی ثقافت سے واقف ہو ، دوسرے آدمی کو دوسرے آدمی کی حیثیت سے قبول کرسکتا ہو، جو ہماری طرح نمازی ہیں تو سب نمازی ۔ ارے بھائی جو نمازی نہیں ہیں وہ بھی اللہ میاں کی مخلوق ہیں۔ اس کو اس کی شرطوں پہ قبول کرنے کی صلاحیت ادب سکھاتا ہے ۔ اگر ہم یہ نہیں کرسکتے تو اب ظاہر ہے ہم ادب کی تعلیم نہیں دے رہے ہیں ۔ ہماری کوشش یہی ہے کہ اردو زبان کو مارکیٹ سے ضرور جوڑیں۔ مثلاََ یہ جو ٹی وی کے چینلز ہیں 200چینلز آرہے ہیںلیکن ہندی اور اردومیںبا مشکل اچھی اور صاف ستھری زبان بولنے والے لوگ دکھائی دیتے ہیں۔ اگر ہم اس میں اردو کے studentsکو مثلاََProfessional trainingدے کے اتاردیں تب یہ سب ان کو Replaceکر دیںگے ۔ کون ہے جو بازار میں اچھی چیز کی جگہ خراب چیز خریدے گا وہ ایک بالکل دوسرا پہلو ہے ادب کی تعلیم دیں بالکل دوسرا پہلو ہے۔
٭٭٭

 

ADAB AUR INSAN BY IQBAL MAJEED

Articles

ادب اور انسان

اقبال مجید

اقبال مجید

کہتے ہیں کہ ہر عہد کے اپنے مخصوص ادبی رجحانات ہوا کرتے ہیں اور بقول احتشام حسین انہی رجحانات کے تحت اس عہد کی ادبی اور استعاراتی کائنات بھی مرتب ہوا کرتی ہے۔ سب جانتے ہیں کہ ترقی پسند تحریک اس وقت وجود میں آئی جب نظریہ سازی کا دنیا میں چلن اور بول بالا تھا۔ مارکس کے نظریے نے لینن اور اسٹالن کو پید اکیا۔ سرمایہ داری کے نظریے نے فورڈ جیسے صنعت کار کو۔ مغائرت کے نظریے نے ہپّی نوجوانوں کی نسل کو اور گاندھی کے نظریے نے عدم تشدد پر اکتفا کرنے والے محکوم بیداروں کو پیدا کیا۔ یہی نہیں دنیا کے کالونائزر اپنی اپنی نوآبادیوں کے تحفظ ، بقا اور استحکام کے لیے قدم قدم پر نظریہ سازی میں لگے تھے۔ جب نظریہ پیدا ہوتا ہے تو اپنے تحفظ اور بقا کے لیے اس کی نفی کرنے والی ہر شے کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرتا ہے چاہے وہ آرٹ ہو یا ادب ، سائنس ہو یا فلسفہ۔ ایک اندازے کے مطابق سجاد ظہیر ساٹھ فیصد پارٹی کی سرگرمیوں میں مصروف رہتے اور چالیس فیصدترقی پسند ادبی تحریک کے کاموں میں۔ میرے خیال میں کسی کو یہ خوش فہمی نہ ہوگی کہ پنڈت نہرو نے سجاد ظہیر کو کانگریس کی آئیڈیالوجی کو پچھاڑنے اور اس کے برسوں کے کیے دھرے پر پانی پھیرنے اور ملک میں کمیونسٹ حکومت کے قیام کے لیے پاکستان سے ہندوستان بلایا تھا بلکہ جد و جہد آزادی میں کھدّر پہن کر آنند بھون میں اپنے ساتھ کام کرنے کے لیے اور فراق وغیرہ کی طرح جیل جانے کے لیے بلایا تھا۔ سجاد ظہیر کے لیے پہلے نظام حکومت کو بدلنا اور اس انقلاب کے ذریعے سماجی مسائل کو ٹھیک کرنا کتنا دشوار تھا اس کا جواب ہمیں ملک میں کمیونسٹ پارٹی کی تاریخ اور سجاد ظہیر کی سوانح حیات سے مل جائے گا۔ لیکن آج ہم سجاد ظہیر کے عہد میں نہیں ہیں۔ ہمارے دیکھے ہوئے بیشتر خواب بکھر چکے ہیں۔ ماضی قریب کی تاریخ کے کُوبَڑ جو کبھی ہمیں پہاڑ جیسے لگتے تھے ، عہدِ حاضر کے کوبڑوں کے مقابلے میں بچکانے ہوچکے ہیں۔ نوعِ انسان کی بربریت کے تازہ منظر نامے نے چارلس لائل (Charles Lyell) کی کتاب Principles of Geologyکے ان خیالات کی تصدیق شروع کردی ہے۔
The most significant and dimunitive of species have each slaughtered their thousands why not we lords of creation do the same.
اس منظر نامے کو دیکھ کر دنیا کے مہذب انسانوں کے ختم ہوجانے کی چارلس ڈارون کی پیشن گوئی یاد آجاتی ہے۔ جس نے کہا تھا:
At some future period not very distant as measured in centuries, the civilized races of man will almost certainly eterminate and replace through out the world the savage races.
اس منطر نامے میں بھولے بھالے مولانا حسرت موہانی کی ترقی پسندی داستانِ پارینہ بن چکی ہے۔ روس کے انہدام اور سرد جنگ کے خاتمے کے بعد طاقتوروں نے اپنے اقتدار کی توسیع کے لیے جس طرح Proxy Wrasلڑی ہیں اور حفظِ ماتقدم کے نام پر سائنس اور ٹیکنالوجی کی برتری کے صدقے میں طاقت کا جس پیمانے پر ننگا ناچ ناچا ہے اور جس انداز میں انسانیت اور انسانوں کا قتلِ عام کیا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہ ملے گی۔
اب Genetic Scienceنے یہ بات پایہ¿ ثبوت کو پہنچا دی ہے کہ سی آئی اے کے خون میں قدرتی طور پر سب سے زیادہ سرگرم رہنے والے خود پسند اور خود غرض جینس نے اپنی بقا کے لیے کہاں کہاں اور کون کون سے ظالمانہ کارنامے انجام دیئے ہیں۔ پریم چند کی معصوم ترقی پسندی کو یہ بات معلوم نہیں تھی کہ سی آئی اے نے مختلف ممالک میں اپنی نگرانی میں غیر قانونی افیون کی کاشت کروا کر پھر اسے ہیروئن بنانے والی فیکٹریوں میں آخری شکل دے کر اربوں ڈالر کی جو ناجائز دولت پیدا کروائی تھی وہ دولت اس نے مختلف ممالک میں اپنے ہی پیدا کیے ہوئے اور پالے پوسے ہوئے دہشت گردوں کو چوری چھپے اسلحہ فراہم کرنے پر خرچ کی۔ کیونکہ امریکن کانگریس سے درپردہ لڑی جانے والی Proxy Wars کے لیے قانونی فنڈ حاصل کرنا حکومت کے لےے مشکل ہوتا جارہا تھا۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ سی آئی اے نے امنِ عالم کو سب سے بڑا نقصان پہنچایا وہ یہ تھا کہ اس نے تشدد کو پیدا کرنے، اس کے ذریعے دہشت پھیلانے، پرائیویٹ ملیشیاﺅں کو منظم اور مسلح کرنے اور پھر ممولے کو شہباز سے لڑانے کے خصوصی فن اور مہارت پر اپنی سب سے بڑی عالمی اجارہ داری قائم کی اور لاکھوں مظلوموں اور بے گناہوں کو موت کے گھاٹ اتارا اور آج بھی اتار رہی ہے۔
اب ذرا عہدِ حاضرکے ایک اور المناک پہلو پر نظر ڈالیے۔ علم و آگہی کی نئی صورتِ حال نوعِ بشر کو جس طرح خوف زدہ کیے ہے وہ ہمارے لیے کافی تشویشناک ہے۔ جیسے جیسے علم بڑھ رہا ہے انسان فطرت، تاریخ اور روح کی قوت کی جانب سے مشکوک اور بیزار ہوتا جارہا ہے۔ کرسچن سالمن نے ناول کے فن پر اپنے خیالات درج کرتے ہوئے وجود کی اس ناگوار اور ناقابلِ برداشت صداقت کی طرف یوں اشارہ کیا ہے:
”سائنس اور ٹیکنالوجی میں معجزاتی انکشافات اور ایجادات کرنے کے بعد فطرت کے مالک اور مختار انسان کو اچانک یہ احساس ہوا کہ وہ کسی چیز کا مالک نہیں ہے، نہ فطرت پر (جو کرہ¿ ارض سے بتدریج معدوم ہورہی ہے) اس کا اختیار ہے ، نہ تاریخ پر (جو اس کے قابو سے نکل چکی ہے) اور نہ ہی خود پر (کہ وہ روح کے غیر منطقی تازیانے پر عمل کررہا ہے) لیکن اگر خدا کائنات سے رخصت ہوچکا ہے اور آدمی خود اپنا مالک اور مختار نہیں رہا تو پھر مالک و مختار کون ہے؟ کرہ¿ ارض بغیر کسی مالک اور مختار کے خلا میں گردش کررہا ہے؟ یہ ہے وجود کی ناقابلِ برداشت صداقت“
دوسری جانب ہمارے ٹی وی چینلوں کے چھوٹے پردے کو کرسچن سالمن کی اس بکواس سے کچھ لینا نہیں ہے۔ وہاں مقابلوں اور انعامات کے ذریعے عام لوگوں کو کروڑ پتی بنانے کی ایک ہوڑ سی لگی ہوئی ہے۔ اگر ٹوائین بی جیسے عالموں کے یہ خیالات درست ہیں کہ تمدن کی ترقی کی سیڑھی پر انسان ایک قدم اوپر چڑھتا ہے تو اکثر دو قدم نیچے پھسل بھی جایا کرتا ہے اور یہ کمبخت انسان شہد کی مکھی کی طرح Conditioned Social Insectنہیں ہے کہ پھولوں سے شہد کشید کرکے اسے چھتے میں جمع کرنے کے عمل میں ہی ساری زندگی کاٹ دے کیونکہ انسان ہر دن اپنی منتخب کی ہوئی زندگی کو اپنے ہی ہاتھوں ملیامیٹ کرکے نئی زندگی منتخب کرتا ہے۔ تو کیا وہ ہردم بدلتے ہوئے Choicesیعنی انتخابات کا اسیر ہے اور ان کے بغیر ایک پل نہیں رہ سکتا اور یہی نہیں اس کے انتخاب میں گلوکار غلام علی اور بارود دونوں شامل ہیں۔ وہ ان میں کس کو کب قبول کرکے ، دوسرے کو مسترد کردے یہ قیاس لگانا مشکل ہے۔ کیونکہ کبھی کبھی وہ غلام علی سے بارود کا اور بارود سے غلام علی کا کام لینے کی بھی تمنا کرتا ہے۔
اب ذرا ایک اور حقیقت پر نظر ڈالیے جس کو ادراک کی افزائش نے خاصا پیچیدہ کردیا ہے، وہ یہ کہ فرد اور جماعت سے ہر نظام اقدار کے کچھ مطالبات ہوتے ہیں۔ فرد یا جماعت بے چاری ان مطالبات کی تکمیل کے لیے اپنی تمام تر قوتوں اور صلاحیتوں کو مسلسل خرچ کرتی رہتی ہے یہاں تک کہ فرد دوسرے کاموں کے لیے کھوکھلا ہوکر رہ جاتا ہے۔ پھر اسے یہ خیال آتا ہے کہ آخر ہم نے ایک فرد کی حیثیت سے کسی مخصوص نظامِ اقدار سے اپنا رشتہ کیوں قائم کیا تھا اور اس نے ہمیں کیا دیا اور کیا ہمارے اس رشتے کی کوئی معنویت اور مقصد تھا؟ بس یہیں پر یہ احساس بھی جاگتا ہے کہ کیا معنویت اور مقصدیت وہ چیز ہے جس کا ہماری ذات سے کچھ لینا دینا نہیں اور ہمیں صرف اسی حقیقت کو حقیقت مانتے رہنا چاہیے جو سماج اور ریاست کے ذریعے ہم پر لاد دی جائے تو کیا اس سے الگ ہٹ کر بھی کسی ترقی پسند فکر کا امکان ہے اور کیا وہ ترقی پسند فکر صرف کھلے اور آزاد معاشرے میں ہی ممکن ہے؟ اگر ہاں تو کیا ایسا کوئی آٹومیٹک تھرما میٹر ایجاد ہوسکتا ہے کہ جب معاشرے میں آزادی کا پارہ چڑھنے لگے یا کھلا پن زیادہ ہونے لگے تو وہ اسے سطح اعتدال پر لے آئے۔
جس دنیا میں ہم رہ رہے ہیں اس سے ہمارا بامعنی اور با مقصد رشتہ کیا ہے؟ اپنے پڑوسیوں سے، اپنے رشتوں کو با معنی اور بشر نواز بنانے کے لیے ہم آخر کن نئے اور موثر تخلیقی اوزاروں سے کام لیں۔ دنیا جیسا چاہتی ہے اگر ہم اسی طرح چلتے رہیں تو وہ کسی حد تک خوش رہتی ہے اور ہماری طرف بے فکر ہوجاتی ہے اور اگر ہم اپنے مفادات کی حفاظت میں کسی طور بھی مقابلہ آرائی پر اتر آئیں تو وہ ہمیں مٹا دینے کے درپے ہوجاتی ہے کیونکہ جیسا جو کچھ چل رہا ہوتا ہے اس میں ہم رخنہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مثلاً سوشلسٹ انقلاب نے جو کچھ جیسا چل رہا تھا اس میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی۔ اس طرح بعض دانشوروں کے خیال میں ہماری تہذیب کی کہانی Status quoمیں رخنہ اندازیوں کی کہانی ہے تو پھر ہمارے موجودہ علم کے پاس اس سوال کا کیا جواب ہے کہ ہم نے کتنا کھو کر کتنا پایا؟ کیونکہ علم جس پر آج کی دنیا کو بہت ناز ہے اور جسے سب سے بڑی طاقت مانا جاتا ہے، اس کے معاملات بھی خاصے غور طلب ہیں۔ اگر علم میں بالا دستی کا مقصد طاقت میں بالا دستی حاصل کرنا ہے کہ علم ہی اصل طاقت ہے اور اس کے حاصل ہوجانے کے بعد اس طاقت کا مقصد اسے مظلوموں ، بے گناہوں ، ناداروں ، کمزوروں اور کم علموں کے خلاف استعمال کرکے خود کو مزید طاقتور بنانا ہے تو پھر لوگ سوال کرتے ہیں کہ ایسی طاقتور نسل اپنی حاصل کی ہوئی طاقت سے کسی کم طاقتور کے لیے دست بردار ہونا کیوں چاہے گی تو پھروہ صورت آخر کیا ہوگئی؟ کب ہوگی اور کیسے ہوگی کہ علم طاقت کا مترادف نہ بن کر بشر نوازی کا مترادف بن جائے۔ ہماری نمود کی کہانی میر تقی میر یہ کہہ کر پہلے ہی سنا چکے ہیں:
مری نمود نے مجھ کو کیا برابر خاک
میں نقش پا کی طرح پائمال اپنا ہوں
تو گویا نقشِ پا بنیں گے بھی اور پامال بھی ہوں گے۔ یہ انسان جو کچھ بھی ہے اور جیسا بھی ہے اور یہ ہزار شیوہ زندگی جو کچھ بھی ہے اور جیسی بھی ہے، انسان کو انھیں تِلوں سے تیل نکالنا ہے۔ اگر انسانی ذہن کی تکمیل میں نقص ہے تو ہمیں بہرحال اسے اس کی خوبیوں اور خامیوں کے ساتھ قبول کرنا ہوگا۔ اس ذہن سے ہم خواب دیکھتے ہیںاور یہ طے ہے کہ جانوروں اور انسانوں کے دیکھے ہوئے خوابوں میں فرق صرف اتنا ہے کہ انسان اپنے خوابوں کو کسی حد اور کچھ دیر کے لیے آدھی ادھوری حقیقت میں ہی سہی Translate کرلینے کی قوت رکھتا ہے جبکہ یہ قیمتی وصف جانوروں میں نہیں ہے اور بغیر خوابوں کے نہ پچھلی ترقی پسندی ایک قدم آگے بڑھ سکی تھی اور نہ جدید ترقی پسندی بڑھ سکتی ہے۔ یہ سوچ کر کہ ’مری تعمیر میں مضمر ہے اک صورت خرابی کی‘ ہاتھ پر ہاتھ رکھے تو نہیں بیٹھا رہا جاسکتا۔
٭٭٭

INTEKHAB E KALAM IRFAN JAFRI

Articles

انتخابِ کلام عرفان جعفری

عرفان جعفری

انتخابِ کلام عرفان جعفری

غزلیں
ہوئی جو ہم پہ عنایت سنبھال رکھی ہے
بڑے جتن سے یہ تہمت سنبھال رکھی ہے
ہمیں غریب نہ سمجھو بہت امیر ہیں ہم
تمہارے درد کی دولت سنبھال رکھی ہے
کوئی ملال نہ شکوہ دعائیں سب کے لیے
یہ خاندانی روایت سنبھال رکھی ہے
مرا یہ جسم تو ہے سرکشی پہ آمادہ
فصیلِ جاں نے بغاوت سنبھال رکھی ہے
تری کشش ترے گیسو ترے لب و رخسار
ہمیں نے ایسی قیامت سنبھال رکھی ہے
کبھی جو سرد سا موسم بہت ستائے تو
ترے بدن کی حرارت سنبھال رکھی ہے
٭٭٭
ہری فصل کیسے جھلس گئی کہاں کاشتکار چلے گئے
یہ ندی بھی خود میں سمٹ گئی سبھی آبشار چلے گئے
یہ تو جگنوﺅں کا نصیب تھا کوئی فیض ان کو نہ مل سکا
جو سجانے آئے تھے رہگزر وہ پسِ غبار چلے گئے
وہ تھی شاہزدے کی منتظر یہی خواب اس کی سزا ہوا
اسے پھینک کر کسی دشت میں سبھی شہہ سوار چلے گئے
مجھے خاص کوئی شغف نہیں کہیں میکدہ جو قریب ہو
بھلا یہ بھی کوئی خطا ہوئی جو کبھی کبھار چلے گئے
مرا عیب تھا کہ نصیب تھا کہ یہ دوستوں کا فریب تھا
مری التجا بھی نہیں سنی مرے غم گسار چلے گئے
نہ میں قید ہوں نہ رہا ہوا مری سلطنت مری جیل ہے
میں ظفر کے ایسا ہوں تاج ور سبھی اختیار چلے گئے
وہ جو مختصر سی کتاب تھی جنھیں یاد تھی وہ ورق ورق
اسے پانیوں میں ہی پھینک کر وہ ندی کے پار چلے گئے
٭٭٭
ہونے تھے جتنے کھیل مقدر کے ہوگئے
ہم ٹوٹی ناﺅ لے کے سمندر کے ہوگئے
آوارگی سمٹ کے در و بام بن گئی
لو ہم بھی شہر چھوڑ کے اب گھر کے ہوگئے
اب کون آکے مجھ سے کھلونوں کی ضد کرے
بچے جواں ہوئے تو برابر کے ہوگئے
خوشبو ہمارے ہاتھ کو چھو کر گزر گئی
ہم سب کو پھول بانٹ کے پتھر کے ہوگئے
٭٭٭
جب سے ترے مزاج میں چاہت نہیں رہی
ہم کو بھی تیرے در کی ضرورت نہیں رہی
پتھراﺅ جسم و جان پہ حد سے گزر گیا
پھر یوں ہوا کہ درد میں شدت نہیں رہی
تم نے بھی اپنے آپ کو محدود کرلیا
ہم کو بھی انتظار کی عادت نہیں رہی
دل کی شکستگی کو زمانہ گزر گیا
اس حادثے پہ اب کوئی حیرت نہیں رہی
اچھا ہوا جو تم سے تعلق نہیں رہا
دن رات سوچنے کی اذیت نہیں رہی
دن کی تھکان رات کو بستر پہ لے گئی
تم کو بھی یاد کرنے کی فرصت نہیں رہی
٭٭٭
یہ رہگزارِ شوق بھی کتنی طویل ہے
گھر سے چلے تھے سوچ کے دوچار میل ہے
اب اور غم ملے نہ ملے کوئی غم نہیں
اس میکدے میں تشنہ لبی خود کفیل ہے
ظلم و ستم نے مصر پہ قبضہ جمالیا
موسیٰ کے انتظار میں دریائے نیل ہے
اتنا نہ خرچ کیجئے رکھئے سنبھال کر
آنکھوں میں آنسوﺅں کا ذخیرہ قلیل ہے
مرغابیوں کی ڈار نے یہ تو بتا دیا
جنگل میں آس پاس ہی گہری سی جھیل ہے
مجھ کو لگا کہ درد کی بارش کرے گا وہ
اک زخم دے کے رہ گیا کیسا بخیل ہے
٭٭٭
ترا خیال ہے یا روشنی کی بوچھاریں
تمام رات چمکتی ہیں گھر کی دیواریں
بس ایک پل کے لیے تجھ کو میں نے سوچا تھا
مرے وجود سے آنے لگی ہیں مہکاریں
ہرایک سانس کا جزیہ چکا دیا ہم نے
کوئی بتائے کہ اب زندگی پہ کیا واریں
کچھ اس طرح سرِ مقتل کیا ہے رقصِ جنوں
ہمارے بعد بھی گونجا کریں گی جھنکاریں
یہ رات ٹوٹ کے جب تک بکھر نہیں جاتی
نئی سحر پر لٹکتی رہیں گی تلواریں
یہ زندگی ہے کہ عرفان جنگلوں کا سفر
دعا کرو کہ مسافر نہ حوصلہ ہاریں
٭٭٭
نظمیں

اورنگ زیب کے مزار پر ایک لمحہ

تم جو اک سطوتِ شاہانہ کے مالک تھے کبھی
ابھی دلی تو ابھی ارضِ دکن
رات دن گھوڑے پہ سرگرمِ سفر رہتے تھے
تپتے صحراﺅں میں خیموں میں بسر کرتے تھے
ایک فرمان سے قسمت پہ لگاتے تھے مہر
پھر بھی شاہی میں فقیرانہ ادا رکھتے تھے
تم کو اپنے لیے ہوسِ جاہ نہ تھی
مسندِ شاہی کو
دولت کی کوئی چاہ نہ تھی
تم تو وہ تھے جو گزارے کے لیے
نانِ جویں کی خاطر
ٹوپیاں سی کے ، صحیفے کی کتابت کرکے
پس انداز کیا کرتے تھے
شکر ادا کرتے تھے
تم تو وہ تھے کہ جہاں اپنے قدم رکھتے تھے
بس وہیں فتح کے نقارے بجا کرتے تھے
آج یہ حال ہے
تمہاری قبر ہے
جس پر نہیں ہے چھت یا سائبان کوئی
قریب اس کے وہیں
مرشد کی خانقاہ بھی ہے
اور تمہاری قبر کے ماتھے پہ
رکھا ہے
لکڑی کا مقفل ڈبہ
جس میں ڈالے گئے سکوں کی کھنک
دور تلک جاتی ہے
جس کو سنتے ہیں جب
ہم جیسی سماعت والے
دکھ کی اک لہر سی رگ رگ میں ابھر آتی ہے
روح کا کرب چھلک اٹھتا ہے
اور اسی کرب کی گہرائی سے
ایک پرچھائیں ابھر آتی ہے
اور کہتی ہے کہ :”یہ لکڑی کا مقفل ڈبہ
وقفہ¿ شب کی طرح حائل ہے
یہ میری قوم کا ماضی ہے،
نہ مستقبل ہے
یہ جو ہٹ جائے اگر
نورِ سحر
نورِ سحر
نورِ سحر ہے آگے“
٭٭٭

خمیازہ

دن کے لمحے چکھو
اور تھوک دو
رات میں ذائقوں کے سپنے بنو
پھیکے پھیکے پلوں
میں جیتے رہو
شکایت مت کرو
لذتیں ڈھونڈتے رہو
کہاں سے آئیں گی؟
جو تھوڑی سی چینی تھی
کہیں گر گئی
جو تھوڑا سا نمک تھا بچ گیا تھا
بارش میں بہہ گیا
٭٭٭

یومِ پیدائش

میں
جسم لیے پھرتا تھا
لیکن اس میں جان نہ تھی
میری پیاری پیاری بیٹی
جس دن تم نے جنم لیا تھا
مجھ میں روح سمائی تھی
اس کے بعد کسی سے اپنی
اتنی عمر بتاتا ہوں
جتنے برس کی تم ہوتی ہو
سننے والے ہنستے ہیں
چہرہ میرا دیکھ دیکھ کے
حیرت سے سب تکتے ہیں
سب کو میں ان دیکھا کرکے
چپکے سے مسکاتا ہوں
٭٭٭

INTEKHAB E KALAM KHWAJA MEER DAR’D

Articles

انتخابِ کلام خواجہ میر درد

خواجہ میر درد

انتخابِ کلام خواجہ میر درد

مقدور ہمیں کب ترے وصفوں کے رقم کا
حقّا کہ خدا وند ہے تو لوح و قلم کا
اُس مسندِ عزت پہ کہ تو جلوہ نما ہے
کیا تاب گزر ہووے تعقل کے قدم کا
بستے ہیں ترے سائے میں سب شیخ و برہمن
آباد ہے تجھ سے ہی تو گھر دیرو حرم کا
ہے خوف اگر جی میں تو ہے تیرے غضب سے
اور دل میں بھروسا ہے تو ہے تیرے کرم کا
مانند حباب آنکھ تو اے درد کھلی تھی
کھینچا نہ پر اس بحر میں عرصہ کوئی دم کا
٭٭٭
اگر یوں ہی دل یہ ستاتا رہے گا
تو اک دن مرا جی ہی جاتا رہے گا
میں جاتا ہوں دل کو ترے پاس چھوڑے
مری یاد تجھ کو دلاتا رہے گا
گلی سے تری دل کو لے تو چلا ہوں
میں پہنچوں گا جب تک یہ آتا رہے گا
جفا سے غرض امتحانِ وفا ہے
تو کہہ کب تلک آزماتا رہے گا
قفس میں کوئی تم سے اے ہم صفیرو
خبر گل کی ہم کو سناتا رہے گا
اگر تجھ کو چلنا ہے چل ساتھ میرے
یہ کب تک تو باتیں بناتا رہے گا
خفا ہوکے اے درد مر تو چلا ہے
کہاں تک غم اپنا چھپاتا رہے گا
٭٭٭
تجھی کو جو یاں جلوہ فرما نہ دیکھا
برابر ہے دنیا کو دیکھا نہ دیکھا
مرا غنچہ دل ہے وہ دل گرفتہ
کہ جس کو کسو نے کبھو وا نہ دیکھا
یگانہ ہے تو آہ بے گانگی میں
کوئی دوسرا آہ ایسا نہ دیکھا
اذیّت، مصیبت، ملامت، بلائیں
ترے عشق میں ہم نے کیا کیا نہ دیکھا
کیا مجھ کو داغوں نے سروِ چراغاں
کبھی تونے آکر تماشا نہ دیکھا
تغافل نے تیرے یہ کچھ دن دکھائے
ایدھر تونے لیکن نہ دیکھا نہ دیکھا
حجابِ رخِ یار تھے آپ ہم ہی
کھلی آنکھ جب کوئی پردا نہ دیکھا
شب و روز اے درد در پر ہوں اس کے
کسو نے جسے یاں نہ سمجھا نہ دیکھا
٭٭٭
کچھ لائے نہ تھے کہ کھو گئے ہم
تھے آپ ہی ایک سو گئے ہم
جوں آئینہ جس پہ یاں نظر کی
ساتھ اپنے دوچار ہوگئے ہم
ماتم کدہ دہر میں جوں ابر
اپنے تئیں آپ رو گئے ہم
ہستی نے تو ٹک جگا دیا تھا
پھر کھلتے ہی آنکھ سو گئے ہم
یاروں ہی سے درد ہے یہ چرچا
پھر کوئی نہیں ہے جو گئے ہم
٭٭٭
ہم تجھ سے کس ہوس کی فلک جستجو کریں
دل ہی نہیں رہا ہے جو کچھ آرزو کریں
تر دامنی پہ شیخ ہماری نہ جائیو
دامن نچوڑ دیں تو فرشتے وضو کریں
مٹ جائیں ایک دم میں یہ کثرت نمائیاں
گر آئینے کے سامنے ہم آکے ہو کریں
سر تا قدم زبان ہیں جوں شمع گو کہ ہم
پر یہ کہاں مجال کہ جو کچھ گفتگو کریں
ہر چند آئنہ ہوں پر اتنا ہوں نا قبول
منہ پھیر لیں وہ جس کے مجھے رو برو کریں
نے گل کو ہے ثبات نہ ہم کو ہے اعتبار
کس بات پر چمنِ ہوسِ رنگِ و بو کریں
ہے اپنی یہ صلاح کہ سب زاہدانِ شہر
اے درد آکے بیعتِ دستِ سبو کریں
٭٭٭
اہلِ فنا کو نام سے ہستی کے ننگ ہے
لوحِ مزار بھی مری چھاتی پہ سنگ ہے
فارغ ہو بیٹھ فکر سے دونوں جہان کی
خطرہ جو ہے سو آئینہ¿ دل پہ زنگ ہے
حیرت زندہ نہیں ہے فقط تو ہی آئینہ
یاںٹُک بھی جس کی آنکھ کھلی ہے سو دنگ ہے
اِس ہستیِ خراب سے کیا کام تھا ہمیں
اے نشّہِ ظہور یہ تیری ترنگ ہے
گل گیر منہ پسار نہ تو شمع کی طرح
اُس کی زبان ہی اسے کامِ نہنگ ہے
کب ہے دماغِ عشق بتانِ فرنگ کا
مجھ کو تو اپنی ہستی ہی قیدِ فرنگ ہے
عالم سے اختیار کی ہرچند صلحِ کل
پر اپنے ساتھ مجھ کو شب و روز جنگ ہے
میں کیا کہوں تجھے نظر آیا نہیں ہے کیا
اِس گردشِ جہان کا جو کچھ کہ ڈھنگ ہے
غنچہ شگفتہ ہووے ہی ہووے کہ اس میں درد
دیکھا چمن میں جاکے تو کچھ اور ہی رنگ ہے
٭٭٭
ارض و سما کہاں تری وسعت کو پا سکے
میرا ہی دل ہے وہ کہ جہاں تو سما سکے
وحدت میں تیری حرف دوئی کا نہ آسکے
آئینہ کیا مجال تجھے منہ دکھا سکے
میں رہ فتادہ ہوں کہ بغیر از فنا مجھے
نقشِ قدم کی طرح نہ کوئی اٹھا سکے
قاصد نہیں یہ کام ترا اپنی راہ لے
اُس کے پیام دل کے سوا کون لا سکے
غافل خدا کی یاد پہ مت بھول زنہار
اپنے تئیں بھلا دے اگر تو بھلا سکے
یارب یہ کیسا ظلم ہے ادراک و فہم یاں
دوڑے ہزار آپ سے باہر نہ جاسکے
گو بحث کرکے بات بٹھائی تو کیا حصول
دل سے اٹھا خلاف اگر تو اٹھا سکے
اطفائے نارِ عشق نہ ہو آب اشک سے
یہ آگ وہ نہیں جسے پانی بجھا سکے
مستِ شراب عشق وہ بے خود ہے جس کو حشر
اے درد چاہے لائے بخود پھر نہ لا سکے
٭٭٭

ANWAR KHAN KI FANKARI BY DR. JAMAL RIZVI

Articles

انور خاں کی فنکاری

ڈاکٹرجمال رضوی

انور خاں کی فنکاری
ڈاکٹرجمال رضوی
ادب کی تخلیق کے اسباب و محرکات میں جس ایک نکتے کو متفقہ طور پر قبول کیا گیا ہے وہ یہ کہ موجودات و مظاہرات عالم کو جاننے اور سمجھنے کا عمل جب تک کیوںاور کیسے سے نہ شروع ہو تب تک ادب کی تخلیق کے امکان روشن نہیں ہو سکتے۔یوں اگر عمومی طور پر دیکھا جائے تو تہذیب و تمدن کے ارتقا میں بھی اس کیوںاور کیسے نے کلیدی کردار اد ا کیا ہے۔ہزاروں برس کو محیط انسانی تاریخ جن مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے عصر حاضر تک پہنچی ہے،اور آگے بھی جہاں تک اس کاسفر جاری رہے گا ،اسے کامیابی کی منزلوں سے ہمکنار کرنے میں انسان کے اس استفسار اور جستجو کی اہمیت کو بہر طور قبول کیا جائے گا۔اس مقام پر یہ واضح کر دینا بھی ضروری ہے کہ دنیا کا ہر انسان خواہ اس کا تعلق کسی بھی پس منظر سے ہو ،وہ اس استفسار اور جستجوسے بالکل اس قدر بے نیاز بھی نہیں ہوتا کہ اس کا ذہن حیات و کائنات کی نیرنگیوں میں پوشیدہ حقیقت کو دریافت کرنے کی کبھی کوئی کوشش ہی نہ کرتا ہو۔لیکن اس کوشش میں کسی ایک منزل یا نتیجہ خیز مقام تک پہنچنے میںکئی کڑے کوس طے کرنے پڑتے ہیں لہٰذا اکثریت فرار کی وہ راہ اختیار کر لیتی ہے جو اس کوشش سے وابستہ کرب کے بجائے آسودگی و اطمینان کی اس پناہ گاہ تک جاتی ہے جہاں مختلف قسم کی پابندیاں اور مجبوریاں اس کیوںاور کیسے پر حاوی ہو جاتی ہیں اور پھر اس کوشش کے جاری رہنے کا مظاہرہ تو کیا جاتا ہے لیکن اس مظاہرے سے صداقت کا عنصر مفقود ہو جاتا ہے۔عام انسان اور تخلیقی ذہن رکھنے والوںمیںبنیادی فرق اسی صداقت کی بنیاد پر قایم ہوتا ہے۔تخلیقی ذہن اپنے حال سے آسودہ و مطمئن ہونے کے بجائے زندگی کے ہر معاملے میں اپنے افکار و خیالات کو ان سوالوں کے ذریعہ توانا ومتحرک بنائے رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔ادب کی تخلیق سے وابستہ افراد کی فکر کو وسعت اور تخیل کو بلندی تحقیق و جستجو کے لیے آمادہ کرنے والی اس قوت سے حاصل ہوتی ہے جہاں سے دانشوری کے چشمے پھوٹتے ہیں۔چونکہ ہر عہد کاانسانی معاشرہ اپنی تہذیبی روایات ، معاشی معاملات اور سیاسی صورتحال کی بنا پر ایک دوسرے سے مختلف ہوتا ہے لہٰذا اس اختلاف سے ادب کا تخلیقی رویہ بھی ایک حد تک متاثر ہو تا ہے۔ اگر اس حوالے سے اردو ادب کا جائزہ لیا جائے تو اس کے ابتدائی دور سے اب تک رواں اس کے تخلیقی دھارے میں فکر و خیال اور اسلوب و ہیئت کی جو رنگا رنگی نظر آتی ہے وہ ہر عہد کے اپنے مخصوص مزاج کی ترجمانی کرتی ہے۔اگر بات خصوصی طور سے اردو افسانہ نگاری کی، کی جائے تو ایک صدی سے کچھ برس زیادہ پرانی اس صنف میں زبان و بیان اور موضوع کے جو تجربات ہوئے ان کے پیچھے بھی بیشتر یہی اسباب کارفرما رہے۔اس مضمون میںجس افسانہ نگار کے فن پر گفتگو مقصود ہے اس کا دور اردو کے افسانوی ادب میںموضوع اور طرز اظہار میںتجربات کا دور رہا ہے۔ان تجربات نے اردو کے افسانوی کینوس کو وسعت تو عطا کی لیکن اس وسعت کی بعض جہتیں اعتبار و وقار سے محروم رہیں۔اس محرومی کا خاص سبب بعض فیشن زدہ افسانہ نگاروں کا دوسروں سے منفرد اور نمایاںنظر آنے کا وہ رویہ تھا جس میںفنی ریاضت اور اس کے تئیں اخلاص کی مقدار بہت کم تھی۔ ایسی صورت میں افسانوں کے نام پر تخلیقات کا ذخیرہ تو جمع ہو گیا لیکن اس ذخیرے میںسب کچھ ایسا نہیں ہے جو ادب کی اس صنف کی قدر وقیمت میںاضافہ کرتا ہو۔چونکہ انور خاں بھی اسی زمانے میں بطور افسانہ نگار اردو کے ادبی حلقہ میں متعارف ہوئے اس لیے ان کے یہاں بھی بعض ایسی تخلیقات نظر آتی ہیں جو افسانہ نگار کی تخلیقیت پر چھائی یکسانیت اور اکتاہٹ کو نمایاں کرتی ہیں۔لیکن اس انداز اور مزاج کے حامل افسانے ان کے کل تخلیقی سرمایہ میںبرائے نام ہیں۔ان کے بیشتر افسانوں کو ادبی اعتبار حاصل ہوا یہی سبب ہے کہ ۱۹۸۰ء کے بعد کے افسانہ نگاروں کا تذکرہ انور خاں کے بغیر ادھورا سا محسوس ہوتا ہے ۔انور خاں کے افسانے کئی اعتبار سے قاری کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ ان میں زبان و بیان کا اچھوتا انداز، موضوعات کو برتنے کا منفرد تخلیقی رویہ اور اختصار میںجامعیت کی وہ کیفیت ہے کہ ہر سطر معنی خیزی سے معمورنظر آتی ہے ۔فن کی سطح پر یہ وہ عناصرہیںجو انور خاں کو اپنے معاصرین سے منفرد اور اردو کے افسانوی ادب میں نمایاں مقام عطا کرتے ہیں۔
انور خاں کے فنکارانہ امتیازات پر مزیدکچھ کہنے سے پیشتر ادب کی تخلیق کے اسباب و محرکات کے سلسلے میں جو گفتگو سطور بالا میںپیش کی گئی اس کے حوالے سے ان کے ایک خط کا اقتباس یہاں درج کر نا مناسب معلوم ہوتا ہے۔انور خاںنے یہ خط ۱۹۶۴ء میں انور قمر کے نام لکھاتھا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب کہ انور خاں کا افسانے کی تخلیقی دنیا سے رابطہ بھی قایم نہیںہوا تھا۔ ان کا پہلا افسانوی مجموعہ راستے اور کھڑکیاں ۱۹۷۶ء میںپہلی بار شائع ہوا تھا۔اس افسانوی مجموعے کی اشاعت سے ۸؍برس قبل لکھا گیا یہ خط ان کے اس ذہنی رویہ کو ظاہر کرتا ہے جو ادب کی تخلیق کے اسباب مہیاکرتا ہے۔وہ اپنے اور اپنے گرد و اطراف کے حالات کے سیاق میںکچھ ایسے سوالات قایم کرتے ہیں جن کے جواب حاصل کرنے کی کوشش ہی فکر و خیال کو حیات و کائنات کی گہرائی و گیرائی کا جائزہ لینے پر آمادہ کرتی ہے۔ان کے الفاظ ہیںـ’’ میںجاننا چاہتا تھا، دنیا میںیہ اونچ نیچ کیوںہے؟ نیکی کیا ہے؟ بدی کیا ہے؟ نیکی کیوںکی جائے؟ بدی کیوں نہ کی جائے؟ اس دنیا میںمیری حقیقت کیا ہے؟ خود اس دنیا کی حقیقت کیا ہے؟ میںکیا کرسکتا ہوں؟ مجھے کیا کرنا چاہیے؟ میںکیا کروں؟ ‘‘۔اس دنیا اور دنیا کی حرکت و رفتار کی بقا کے ضامن حضرت انسان اور اس کی حیات سے وابستہ اقدار کے متعلق یہ استفسارات نہ صرف انور خاں کی ذہنی سطح کا پتہ دیتے ہیں بلکہ یہ ایک اشاریہ ہیں ان افسانو ں کے تخلیقی نہج کا جن کی بنا پر انھیں اردو افسانہ نگاری میںنمایاں مقام حاصل ہوا۔ان سوالوں کے جواب حاصل کرنے کے عمل میںوہ افسانے وجود میںآئے جو انسانی سماج کے دلچسپ، حیرت انگیز، امید افزا اور کبھی مایوس کن و درد ناک حقائق سے روبرو کراتے ہیں۔یہا ںاک ذرا اس پہلو پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے کہ خط کے منقولہ اقتباس میںصرف استفسار ہی نہیں ہے بلکہ اس استفسار میںروایت پرستی کے بجائے ایک نئی راہ بنانے کی خواہش صاف نظر آتی ہے۔بدی کیوںنہ کی جائے، یہ بظاہر ایک چھوٹا سا اور معمولی سوال ہے لیکن اس سے دو باتیںواضح ہوتی ہیں۔ پہلی یہ کہ معاصر سماج میںنیکی اور بدی کے تصور سے انور خاں کا عدم اتفاق اور دوسرے یہ کہ اگر نیکی اپنے تمام تران مصدقہ حوالوںکے ساتھ جن کا تعلق سماجی اخلاقیات ، مذہبی عقائد اور تہذیبی روایات سے ہوتا ہے ،رائج ہو تو بھی کیا یہ ضروری ہے کہ اسی راہ پر چلا جائے اور کسی دوسرے راستے کی تلاش نہ کی جائے؟اسے معاشرتی اقدار سے بغاوت کے بجائے انسانی سماج سے ان کے اس بے پایاں خلوص کے طور پر دیکھنا چاہیے جو مسائل و مصایب میںگھرے انسانوں کی کس مپرسی اور محرومی پر جھنجھلا کر ایک نئی سمت دریافت کرنے کاعندیہ ظاہر کرتا ہے۔
انور خاں کے بیشتر افسانوں میںانسانی رویہ کا یہی انوکھاپن نظر آتا ہے ۔اس رویہ کو انسان کی خود پسندی، خود نمائی،تصنع اور ظاہر پرستی سے تعبیر کیا گیا ، اور اس لیے کیاگیاکہ یہ رویہ تہذیب و معاشرت کے مصدقہ ضابطوں اور طور طریقوں سے بالکل مختلف ہے۔یہ اختلاف اس حد تک بڑھتا ہے کہ جذبات کی نوعیت میںحیرت انگیز اور عبرت ناک قسم کی تبدیلی پیداہوجاتی ہے۔انور خاں کاافسانہ’ شاندار موت کے لیے‘ اس کی واضح مثال ہے۔افسانے کامرکزی کردار اس انسانی نفسیات سے بالکل میل نہیںکھاتا جو خوشی اور غم کے روایتی تصور کے ساتھ زندگی گزارتا ہے بلکہ اس افسانے میںموت جیسی کرب آمیز حقیقت کو بھی ایک جشن کے اہتمام میںتبدیل کر دیا گیاہے۔ڈائنا اس افسانے کا مرکزی کردار ہے ۔بستر مرگ پر لیٹی ڈائنا جس طرح اپنی موت کے جشن کا خاکہ تیار کرتی ہے وہ بظاہر اس کے شہرت پسند اور تصنع آمیز مزاج کو نمایاں کرتا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی دنیوی شان و شوکت سے اس کی بے انتہا لگاوٹ کو بھی ظاہر کرتا ہے۔یہ افسانہ پہلی قرات میںمکمل طور پر خیالی اور مثالی نظر آتا ہے کہ جس صورتحال کی عکاسی اس میں کی گئی ہے اس کا وقوع ہونا بہت حد تک بعید از قیاس معلوم ہوتا ہے۔لیکن افسانے کی تخلیق کا زمانہ، اس زمانے کا طرز معاشرت، انسانی سماج کی ترجیحات اور زندگی کرنے کے طور طریقوں کو پیش نظر رکھ کر اگر اس افسانے کو پڑھا جائے تو اس کا اعتراف کرنا پڑے گا کہ انور خاں نے عیاری اور مکاری کی دبیز تہہ میں پوشیدہ اس انسانی حقیقت کو دریافت کر لیا ہے جو سنگدلی اور سفاکیت کا آمیزہ ہے۔یہ سنگدلی اور سفاکیت جب تہذیب و تمدن کے خلعت سے آراستہ ہو کر پرشکوہ انداز میں معاشرہ میں ظہور کرتی ہے تو ڈائنا جیسے کردار وجود میں آتے ہیں۔انور خاں کے بیشتر افسانوں کے کردار وں کی فطرت اور نفسیات میں یہ حیرت انگیز قسم کے مظاہر نظر آتے ہیں۔
انور خاں کی فنکاری کا قابل ذکر وصف یہ ہے کہ وہ کرداروں کی تخلیق میں ان کے معاشرتی اور تہذیبی پس منظر سے وابستہ ان عناصر کو منتخب کرتے ہیں جو بہ ظاہر غیر معمولی اورایک بے رنگ سی حقیقت نظر آتے ہیں لیکن یہ معاشرتی اور تہذیبی عناصر انسانی شعور و عمل کو اس انداز سے متاثر کرتے ہیں کہ اس کی شخصیت بہ یک وقت کئی متضاد رنگوں کا ایسا مرقع بن جاتی ہے جس میں کسی ایک رنگ کی واضح دریافت اور اس دریافت کی بنا پر شخصیت کی کوئی شناخت قایم آسان نہیں ہوتا۔ڈائنا کے کردار کا انوکھا پن انہی عناصر کا پروردہ ہے جو انسان کے افکار و رویہ کو ایسا انداز عطا کرتے ہیں جس سے یقین و اعتبارکا مرحلہ حیرت و تاسف کا نہج اختیار کر لیتا ہے۔ افسانوی کرداروں کے باطن کو کھنگالنا اور ان جذبوں کو دریافت کرنا جو ان کے عمل و رد عمل کا محرک بنتے ہیں، اور پھر اس حوالے سے ایک عہد اور نظام معاشرت سے وابستہ ان حقائق کی جانب اشارہ کرنا جو اقدار کی نوعیت طے کرنے میںموثر کردار ادا کرتے ہیں،ایک فطری تخلیقی روش کے طور پر انور خاں کے افسانوں میں عموماً نظر آتی ہے جوان کی فنکاری کو صداقت اور دیانت کا درجہ عطا کرتی ہے۔ان کے یہاں زبان کے استعمال پرفنکارانہ عبور، افسانے میں دلچسپی اور حیرت زدگی کے عنصر کو شروع سے آخر تک برقرار رکھنا اور اس کے ساتھ ہی اختصار میں جامعیت کا وہ اندازجو افسانوی کرافٹ کو فنکاری کا معیاری نمونہ بنا دیتا ہے،ان کی تخلیقات کو انفرادی و امتیازی شناخت عطا کرتا ہے ۔ ان کا کوئی بھی افسانہ اتنا طویل نہیں ہے کہ جس کو پڑھنے کے لیے باقاعدہ قصد کیا جائے بلکہ اس معاملے میں ان کے افسانے مختصر ہونے کے ساتھ ہی ایک ایسی کشش اپنے اندر رکھتے ہیں کہ شروع سے آخر تک قاری کو باندھے رکھتے ہیں۔ افسانے کومختصر رکھتے ہوئے اس طرح مکمل کرنا کہ موضوع کی ترسیل کا پہلو تشنہ نہ رہے ،کمال فنکاری کا واضح ثبوت ہوتا ہے۔اگر فنکار شعوری طور پر مختصر افسانہ لکھنے کا ارادہ کرے اور موضوع کے ساتھ اس کا ٹریٹمنٹ ایسا ہمہ گیر اور معروضی نہ ہو جو کہ ترسیل کے عمل کو بہ خوبی انجام تک پہنچا سکے تو اس کی تخلیق فنی اعتبار سے کمزور مانی جاتی ہے۔اگر چہ انور خاں کے افسانوں کے موضوعات میں تنوع اور وسعت ہے تاہم انھوں نے ان کی پیشکش کا وہ انداز اختیار کیا ہے کہ صرف چند صفحات میں ہی وہ اپنی بات مکمل کر لیتے ہیں۔اس مرحلے سے سرخرو گزرنے میں ان کی لسانی تونگری ان کی معاونت کرتی ہے ۔وہ زبان کے استعمال کا ایسا سلیقہ اختیار کرتے ہیں جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ وہ الفاظ کے لسانی مزاج اور تہذیبی سیاق سے پوری واقفیت رکھتے ہیں۔ان کی زبان میں دو باتیں خاص طور سے اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں۔پہلی یہ کہ یہ زبان اثر و تاثر سے تہی دامن نہیں ہے اور دوسری یہ کہ اس کے مزاج میں حسب موقع متاثر کن تبدیلی کو بہ آسانی محسوس کیا جا سکتا ہے۔انھوں نے نہ صرف موضوع کی ترسیل کو فکشن کے تقاضوں اور معیار سے ہم آہنگ کرنے کی سعی کی بلکہ زبان کے معاملے میں بھی ان کی جز رسی کے مظاہر جابجا نظر آتے ہیں۔اس ضمن میں ان کے کچھ افسانوںسے مثالیں پیش کی جاتی ہیں جو اس دعوے کی توثیق کرتی ہیں کہ وہ ایسی زبان لکھنے پر قادر تھے جو افسانے کی فضا بندی اور کہانی کے ارتقائی عمل کی فطری تکمیل کے ساتھ ہی موضوع کے پس منظر اور پیش منظر کو بھر پور تاثر کے ساتھ منعکس کرتی ہے۔الفاظ کے انتخاب کا یہ سلیقہ چند منتخب افسانہ نگاروں کے یہاں ہی ملتا ہے اور انور خاں ان میں سے ایک تھے۔ان کے افسانوں میں بعض مقامات پر ایسے مختصر جملے بھی نظر آتے ہیں جو محض ایک یا دو سطروں پر مشتمل ہوتے ہیں لیکن ان سے پورے افسانے کا موڈ اور موضوع کی نوعیت کو بہ آسانی سمجھا جا سکتا ہے۔
۱۔ ’’ہائے ہائے، ہائے ہائے۔‘‘ منحنی پسلیوں کے پنجروں سے دل خراش آہیں پھڑ پھڑاتی ہوئی نکلیں اور فضا میں تیر گئیں۔ (فن کاری)
۲۔ہر چیز تھم گئی ہے۔چوراہے پر سے گزرتی بسیں،گاڑیاں،راہ گیر،سب وقت کے فرسودہ فریم میں تصویر کی مانند ساکت ہو گیے ہیں۔صرف شام اتررہی ہے دھیرے دھیرے گلی کوچوں میں،عمارتوں پر،ٹیلی گراف کے تاروں پر، اپنے گھروں کو رواںہوتے انسانوں کے جم غفیر پر۔ (شام رنگ)
۳۔گلی کوچے،عمارتیں، سڑکیں، لگتا ہے شور سے پھٹ پڑیں گے اور میں اپنے دوستوں کے نرغے سے باہر نکل آؤں گا۔ مگر کچھ بھی تو نہیں ہوتا۔بس جہاں تک نظر جاتی ہے شام اترتی دکھائی دیتی ہے۔ ملگجی،ملول،مایوس،تاسف اور محجوب۔ (ایضاً)
۴۔ہر چیز کے متعلق وہ رائے رکھتا ہے، صحیح رویہ اختیار کرتا ہے ، اور صحیح لوگوں سے ملتا ہے۔حال ہی میں اس نے شہر کے مناسب ترین علاقے میں مناسب ترین فلیٹ خریدا ہے ۔صحیح سے اس کی مراد ہوتی ، سماج کے اعلا ترین طبقے کے بہترین لوگوں کا طرز عمل۔ اس لیے وہ کبھی غلط نہیں ہوتا۔ویسے بھی وہ شماریات کا ماہر ہے۔ (اپنائیت)
انور خاں کے افسانوںسے درج کی گئی ان مثالوں میں زبان کا استعمال عبارت کے اختصار میں معنی کی وسعت کو آشکار کرتا ہے۔ان کے افسانوی بیانیہ کا یہ انداز موضوع کی افسانوی تشکیل میں مضمر ان پہلوؤں کی جانب اشارہ کرتا ہے جو افسانوی کرداروں کے عمل و رد عمل نیز کسی واقعہ کے رونما ہونے والے اسباب و محرکات کی جانب ذہن کو مبذول کرتے ہی۔اس عمل سے گزرتے ہوئے وہ بعض اوقات صرف ایک جملے سے اس کیفیت یا صورتحال کو منعکس کر دیتے ہیں جو افسانے کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔اس ضمن میں پہلی مثال ان کے افسانے ’فن کاری ‘ سے لی گئی ہے۔ یہ افسانہ موضوع اور اس کے اظہار ہر دو اعتبار سے قابل ذکر ہے۔یہ افسانہ ٹریٹمنٹ کے اعتبا ر سے ’شاندار موت کے لیے ‘ سے کافی مماثلت رکھتا ہے۔جس طرح موت کی حیرت انگیز خواہش ڈائنا کے خیال و احساس کو عام انسانی رویہ کے بالکل برعکس رنگ میں ڈھال دیتی ہے اسی طرح ’فنکاری ‘ میں بے روزگار نوجوانوں کا اضطراب اور احتجاج انھیں فنکاری کی اس راہ پر ڈال دیتا ہے جو مسئلے کا کوئی موثر حل تلاش کرنے کے بجائے اس سے عارضی مفاد حاصل کرنے کا انھیںعادی بنا دیتی ہے۔ موت کا جشن منانے کی ڈائنا کی عجیب و غریب خواہش گرچہ صرف اس کی ذات تک محدود ہے لیکن اس قسم کی خواہش کے پیدا ہونے میں اس سماجی رویہ کو یکسر مسترد نہیں کیا جا سکتا جس کے سبب اس کی نفسیات میں ایسی پیچیدگی در آئی کہ وہ اپنی موت کو جشن طرب میں تبدیل کرنے کا خاکہ تیار کرنے پر آمادہ ہوئی ۔ڈائنا کی حیرت انگیز خواہش مرگ اس کے دل میں دبے ہوئے ان جذبات کو نمایاں کرتی ہے جو خود نمائی اور شہرت کو عزت و تکریم کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔فنکاری میں بھی اسی رویہ کا اظہار ہے لیکن یہاں خود نمائی کے اسباب مہیا کرنے والا سماج کا مقتدر طبقہ مسائل زدہ انسانوں کی ناداری اور محرومی کو اپنے ذوق تماشہ کی تسکین کا ذریعہ بنا دیتا ہے۔بے روزگار نوجوان اس تماشے میں اپنا عارضی پارٹ ادا کرنے کے بعد پھر اسی مقام پر آجاتے ہیں جہاں محرومی اور مایوسی ان کا دائمی مقدر ہوتی ہے۔ سماج اور انسان کا باہمی ربط جب پیچیدگی کی اس منزل پر پہنچ جائے تو انسان کا وجود داخلی سطح پر اس قدر منتشر ہو جاتا ہے کہ پھر وہ اذیت میں لذت کے امکان تلاش کرنے لگتا ہے۔فنکاری میں بے روزگار نوجوانوں کا فنکارانہ احتجاج اسی امکان کی ایک صورت ہے ۔سماج کو بدلنے کا عزم لے کر اٹھنے والا نوجوانوں کا یہ گروہ مسئلے کا موثر تدارک تلاش کرنے کے بجائے وہ راستہ اختیار کرتا ہے جو بالآخر پورے سماج کے لیے ایک پیچیدہ مسئلہ بن جاتا ہے۔ اس افسانے کے ابتدائی حصہ سے پیش کی گئی درج بالا مثال افسانے کی فضا بندی کرنے کے ساتھ ہی ان ممکنہ صورتوں کی طرف بھی اشارہ کرتی ہے جن سے افسانے کا تانا بانا بنا گیا ہے۔
انور خاں کی فنکاری کاانفرادی پہلو یوں بھی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ افسانوی کینوس پر جن رنگوں کا استعمال کرتے ہیں وہ موضوع کی افسانوی تقلیب میںمتاثرکن کردار ادا کرتے ہیں۔افسانہ ’شام رنگ‘ سے جو دو مثالیں پیش کی گئیں ان سے افسانوی کینوس پر رنگوں کے استعمال کا یہی ہنر نمایاں ہوتا ہے۔بعض اوقات یہ رنگ نقش گری میںمتضاد کیفیت کے حامل ہونے کے باوجود تصویر کو اس طور سے ترتیب دیتے ہیں کہ تصویر کا ہر زاویہ ان رنگوں کے فنکارانہ استعمال کا معیاری نمونہ نظر آتا ہے۔اس افسانے کا عنوان جمود اور محجوبیت کااستعارہ ہے ۔ افسانے میں جمود اور محجوبیت کا خارجی ماحول کردار کے داخلی انتشار و اضطراب سے ہم آہنگ ہو کر وہ منظرنامہ ترتیب دیتا ہے جس پر کردار کی جذباتی کشمکش کے مختلف رنگ نمایاں نظر آتے ہیں۔یہ رنگ اس کی ذات کے کرب، وجود کی حقیقت کو دریافت کرنے کے عمل،احساس محرومی ،انسانی رویہ کی بوالعجبی اور آسودگی و سکون کی خواہش سے عبارت ہیںجو انسان کو ایک نئی دنیا کے آباد ہونے کی تمنا میں محو رکھتے ہیں۔ یہ افسانہ شہری معاشرہ میں ایک مستقل رجحان کی حیثیت حاصل کر چکے اس انسانی رویہ کو ظاہر کرتا ہے جس کے سبب انسانوں کے درمیان باہمی روابط پر مصنوعیت اس قدر غالب آجاتی ہے کہ برسوں کے شناسا چہرے بھی بعض اوقات اجنبی لگنے لگتے ہیں۔افسانے کا مرکزی کردار خود افسانہ نگار ہے جوبڑے شہروں میں انسانوں کے درمیان مصنوعی دوستی سے پیدا ہونے والے کرب کا اظہارواحد متکلم اور کہیں کہیںخود کلامی کے انداز میں کرتا ہے۔اس مرکزی کردار کے علاوہ افسانے میں ایک اور کردار نظر آتا ہے جسے انور خاں نے زید کا نام دیا ہے۔ اس کردار کا ظہور افسانے میں بہت کم مدت کے لیے ہوتا ہے اور چونکہ افسانے میں بیانیہ کا ایسا انداز اختیار کیا گیا ہے جس سے وثوق کے ساتھ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ واقعی ایک دوسرا کردار ہے جس سے افسانہ نگار محو گفتگو ہے۔ اس لیے زید کے اس کردار کو مرکزی کردار کا ہم زاد یا ضمیر کہہ سکتے ہیں جو افسانوی ماجرے میں مرکزی کردار کے ایک دوست کی امیج کے طور پر سامنے آتا ہے۔ افسانہ نگار نے اس کردارکے رویہ کو دوستانہ روابط کے درمیان پیدا ہونے والی اس سنگدالانہ بیگانگی کی صورت میں پیش کیا ہے جو عصر حاضر کے انسانی معاشرہ کا معمول بن گئی ہے ۔انور خاں نے شام کے ملگجی رنگ کے حوالے سے انسانی رویہ میں جذبہ و احساس کے مبہم اور غیر واضح پن کی طرف اشارہ کیا ہے ۔ شام کی آمد افسانے کے مرکزی کردار کو بہ یک وقت دو متضاد صورتوں سے متاثر کرتی ہے۔ایک جانب سکوت اور جمود اور دوسری طرف شور و اضطراب۔انور خاں نے ان دو صورتوں کی تعبیر بڑے فنکارانہ انداز سے کی ہے جس میں سکوت اور جمود خارجی مظاہر سے وابستہ ہیں اور شور و اضطراب کی کیفیت کردار کے باطن میں کچوکے لگا رہی ہے۔اس افسانے کے محولہ بالا دونوں اقتباس اس متصادم کیفیت کا برملا اظہار ہیںجو کردار کو یقین اور غیر یقینی کے بھنور میں الجھائے ہوئے ہے۔دوسرے اقتبا س میں افسانے کا مرکزی کردارشام کے وقت اپنے اطراف میںبرپا شور اور ہنگامے سے جھنجھلا کر دوستوں کے نرغے سے نکل بھاگنے کی خواہش کا اظہار کر کے انسانی رشتوںمیں محبت اور اخلاص کے اس فقدان کی طرف اشارہ کرتا ہے جو دیرینہ تعلقات کو بھی غیر مستحکم اور رسمی بنا دیتا ہے۔یہ افسانہ انسانوں کے درمیان اجنبیت کے احساس سے پیدا ہونے والے اس کرب کو نمایاں کرتا ہے جو داخلی طور پر انسانی وجود کو رفتہ رفتہ مسمار کر دیتا ہے ۔افسانے کا اختتام انور خاں کی رجائیت کو واضح کرتا ہے جو ایسے کرب ناک حالات میں بھی خوشگوار تبدیلی کی امید کو پوری طرح زائل نہیں ہونے دیتی اور رشتوں کے اس کھیل میں بہت کچھ کھو دینے کے باوجود کچھ نیا حاصل کرنے کی امید افسانہ نگار کے انسانی اخلاص اور درد مندی کو نمایاں کرتی ہے۔
انور خاں کے افسانوں میں انسانی روپ بہروپ کے ایسے مظاہر نظر آتے ہیں جو دوسروں کو فریب دینے کے ساتھ ہی خود اس کی ذات کے لیے ایک پیچیدہ مسئلہ بن جاتے ہیں۔اس مسئلے سے الجھتے رہنا اور اس الجھن کے سبب پیدا ہونے والی اذیت کو برداشت کرنا اس کا مقدر ہو جاتا ہے۔ انھوں نے اپنے افسانوی کرداروں کے ذریعہ انسانی رویہ کے اس عارضی پن اور غیر یقینی کیفیت کو نمایاں کرنے کی کوشش کی ہے جو اقدار حیات کا کوئی واضح تصور پیش کرنے کے بجائے تہذیبی اور اخلاقی انحطاط کی روداد بیان کرتی ہے۔انور خاں نے ان افسانوں میں اپنے عصر کی ان حقیقتوں کو آئینہ کیا ہے جن کا تعلق سماجی، معاشی، تہذیبی اور اخلاقی قدروں میں تبدیلی کے اس انداز سے ہے جس نے انسان کے وجود کو جذبات سے عاری کر دیا ہے۔انسان کا یہ تبدیل شدہ روپ مصنوعات کی منڈی میں ایک شے محض کی حیثیت رکھتا ہے ۔یہی سبب ہے کہ انسان سماجی وقار اور اعتبار حاصل کرنے کے لیے اپنی ذات کو دنیوی چمک دمک والے اس خول میں مقید کر دیتا ہے جو معاشرے میں تعظیم اور احترام حاصل کرنے کی اس کوتر غیب دیتا ہے۔ حالانکہ اس خول میں پوشیدہ اس کا حقیقی وجود اضطراب و افسردگی کی ایک مسلسل کیفیت میں مبتلا رہتا ہے۔ اپنی ذات کے تئیں ا نسان کا یہ عمل جدید معاشرے کا وہ المیہ ہے جس نے انسانی رشتوں کے تقدس کو بڑی حد تک مجروح کر دیا ہے۔ایسے داخلی جبر سے مسلسل گزرتے ہوئے اس کا وجود ان خدشات و تحفظا ت کے تصوراتی آسیب کا شکار ہوجاتا ہے جو زندگی کو فطری انداز میں جینے سے اسے محروم رکھتے ہیں۔یہ آسیب انسان کے مزاج میں وہ سفلہ پن پیدا کر دیتا ہے کہ اگر وہ کسی دوسرے کو اس جبر سے آزاد دیکھتا ہے تو اس کے وجود کا ہی منکر ہو جاتا ہے ۔افسانہ ’شام رنگ‘ کے علاوہ ’اپنائیت‘ میں بھی انسان کی ذات سے وابستہ اسی کرب کو پیش کیا گیا ہے۔اس افسانے میں بھی شہری معاشرہ اور اس میں پرورش پانے والے چند دوستوں کی کہانی بیان کی گئی ہے اور ساتھ ہی اس کہانی میں صارفی کلچر کے سبب انسانی مزاج میں پیدا ہونے والی اس تبدیلی کو نمایاں کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو صحیح اور غلط کے درمیان فرق کی بنیاد انسانی اقدار کے بجائے اقتصادی معیار کو قرار دیتی ہے۔یہ افسانہ ،افسانہ نگار کی اپنے عہد اور معاشرے سے اس وابستگی کو ظاہر کرتا ہے جو سماج کی رفتار کا بغور مشاہدہ کرنے سے قایم ہوتی ہے ۔ اس مشاہدے میں تبدیلی اور تغیر کا ہر مرحلہ افسانہ نگار کو ان انسانی و تہذیبی رویوں کا پتہ دیتا ہے جو اس عہد اور سماج کی شناخت میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔تبدیلی اور تغیر کا یہ عمل خارجی سطح سے گزر کر جب انسان کے داخل میں سرایت کر جاتا ہے تو پھر اس کا ہر عمل نمائشی اور خلوص و صداقت سے خالی ہو جاتا ہے ۔افسانہ اپنائیت کا وہ کردار جو اپنے دوستوں کے درمیان اپنی معاشی فضیلت کا اظہار کرتا ہے دراصل اسی نمائشی انسانی رویہ کا مظہر ہے ۔تشہیریت کے اس دور میں جبکہ ہر شے نمائش کی زد پر ہے خواہ اس کا تعلق سماج و تہذیب سے ہو، مذہب سے ہو ،سیاست سے ہو یا کہ انسانی اخلاقیات سے ہوایسے ماحول میں انسانوں کے مابین رشتوں میں صداقت اور سادگی کی تلاش کار لاحاصل ہے۔چونکہ یہ نمائش عالمی سطح پر ایک عام رجحان میں تبدیل ہو چکی ہے لہٰذا اگر کوئی چیز اس کے دائرے سے باہر نظر آتی ہے تو وہ تضحیک و تفریح کا ہدف بنتی ہے۔اگر چہ اس کا الگ ہونا صداقت اور سچائی پر ہی کیوں نہ مبنی ہو لیکن چونکہ وہ عام انسانی مزاج کے برعکس ہے اس لیے دنیا آسانی سے اسے قبول کرنے پر آمادہ نہیں ہوتی ۔ انور خاں کا ایک مختصر ترین افسانہ ’شاٹ‘ انسان کے اس نمائشی پن کا ایسا اظہار ہے جو تصنع اور صداقت کی کشاکش میں الجھے ہوئے وجود کو حیرت اور مایوسی کے اس مقام تک لے جاتی ہے جہاں اسے سب کچھ بے حقیقت نظر آنے لگتا ہے۔
انور خاں کے افسانوں میں شہری زندگی کے پر تصنع ماحول کے ساتھ ہی گاؤں کی سادہ زندگی کا عکس بھی ملتا ہے ۔افسانہ’ شاٹ‘میں مامی کا غائبانہ تعارف اوراس تعارف کے حوالے سے گاؤں کی انسانی زندگی میں اخلاص و سادگی کا اظہار یہ ظاہرکرتا ہے کہ انور خاں انسانی قدروںکی پامالی سے بچنے کا واحد راستہ انسان کی اس سادہ اور فطری زندگی میں دیکھتے ہیں جو رشتوں کے تقدس اور احترام کو بہر صورت برقرار رکھنے سے عبارت ہے۔انور خاں کے افسانوں کو اگر موضوعی تناسب کے لحاظ سے دیکھیں تو بیشتر وہ شہری معاشرہ کو ہی افسانے کا موضوع بناتے ہیں کہ اس معاشرہ کا انسان اپنی ذات میں ایسا عجائب گھر لیے پھرتا ہے جس کے مظاہر بعض اوقات حواس باختگی کا سبب بن جایا کرتے ہیں۔شہر ی زندگی کی چکاچوندمیں گم انسانی وجود اپنے باطن کی تاریکی سے الجھتے رہنے کے سبب خلفشار کی ایسی دائمی کیفیت میں مبتلا ہو جاتا ہے کہ اپنے اطراف کی ہر شے اسے ایک فریب نظر آنے لگتی ہے۔چونکہ وہ خود ایک مجسم فریب ہوتا ہے لہٰذا دوسروں کو یقین کی نظر سے دیکھنا اسے گوارہ نہیں ہوتا۔ انور خاں نے انسانی وجود پر طاری اس فریب زدگی کو مختلف صورتوں میں پیش کیا ہے جو کبھی مذہب، کبھی سیاست اور کبھی معاشی جبر کے حوالوں کے ساتھ منعکس ہوتی ہیں۔ اس ضمن میں ان کے دو افسانے ’ہوا‘ اور ’برف باری‘ کا ذکر کیا جا سکتا ہے۔یہ افسانے نہ صرف موضوع کے لحاظ سے منفرد ہیں بلکہ افسانوی دنیا میں برتے جانے والے معاصر لسانی تجربات کی طرف بھی اشارہ کرتے ہیں۔ افسانہ ’ ہوا ‘ تمثیلی پیرائے میں لکھا گیا ہے جس میں انور خاں نے بیل اورمینڈک کی تمثیل سے اس انسانی رویہ کو پیش کیا ہے جو اپنے وجود پر فریب کا خول چڑھانے پر اس لیے آمادہ ہو جاتا ہے کہ یہ بناوٹی پن اس کے نزدیک ترقی اور کامیابی کے حصول کا وسیلہ ہے۔ یہ کوشش عارضی طمانیت کے اسباب مہیا کرتی ہے لیکن جب بناوٹی پن کے اس فشار سے جب اس کے وجود کی حقیقت پوری طرح معدوم ہونے لگتی ہے تو وہ پھر اپنے اسی اصلی رنگ میں آنے کی تمنا کرتا ہے جو اس کی حقیقی شناخت ہے۔افسانے میں ’ہوا ‘ کو معاصر سماج میںرائج اس تہذیبی رویہ کا استعارہ کہہ سکتے ہیں جو انسان کو اپنی حقیقت سے فراموش کر نقالی پر آمادہ کرتی ہے ۔ہر چندکہ اس کا یہ عمل بجائے خود اس کی ذات کے لیے ایسا مسئلہ بن جاتا ہے کہ وہ دوبارہ پھر وہی روپ حاصل کرنے کی خواہش کرتا ہے جس سے اس کے وجود کا فطری پن برقرار رہے۔اس افسانے میں انور خاں نے سیاست اور مذہب کے علاوہ اس دانشوری پر بھی گہرے طنز کیے ہیں جو اپنی فہم و فراست کو سماجی رتبہ حاصل کرنے کا وسیلہ سمجھتی ہے ۔یہ دانشوری حیات و کائنات کے حقیقی ادراک سے عاری صرف اپنے ذہن کے پروردہ خام تصورات کو دنیا کی حقیقت سمجھنے پر اکتفا کرتی ہے ۔یہ تصورات اس ’ہوا ‘ کے اثر کا نتیجہ ہوتے ہیں جو وجود کی حقیقت پر نقلی پن کا ملمع چڑھا دیتی ہے۔اس’ ہوا‘کے اثر سے مینڈکوں کا بیل میں تبدیل ہو جانا اور پھر کچھ مدت کے بعد اپنی تبدیل شدہ حالات پر افسوس کا اظہار اور پھر سے اپنے اصلی روپ کو حاصل کرنے کی خواہش کو تمثیل کے پیرائے میں بیان کرکے انورخاں نے انسانی رویہ میں شامل اس مکر وفریب کو نمایاں کیا ہے جو عارضی مفاد اور دنیوی شان و شوکت کے حصول کے لیے کسی بھی حد تک جانے کا راستہ اختیار کر لیتی ہے۔ اس افسانے کے مختلف مقامات سے درج کی گئیں مندرجہ ذیل چند سطور اس صورتحال کی موثر ترجمانی کرتی ہیں۔
’’میرے پاس کئی ڈگریاں ہیں‘‘۔
’’ میں اونچی ذات کا مینڈک ہوں۔‘‘
’’معاشیات ، اقتصادیات، نفسیات، فلسفہ، تاریخ اور ادب پر میں نے بہت ساری کتابیں پڑھ رکھی ہیں۔‘‘
’’میں سماج کے اونچے طبقے کے لوگوں سے خلط ملط رکھتا ہوں۔‘‘
’’میں انٹلکچول ہوں۔‘‘
’’خوب خوب۔۔۔۔اسلام مکمل نظام حیات ہے ۔ خوب سانس لو ، جس قدر قوت سے سانس کھینچ سکتے ہو ، کھینچو۔‘‘
’’ اگر پیٹ پھٹ جائے تو۔‘‘
’’شہید کہلاؤ گے شہید۔ اور آزادی میں بحر بیکراں ہے زندگی۔ حکیم فروغ اسلام گنگناتے اور قہقہے لگاتے زمین برابر کرتے گزر گیے۔‘‘
سائرن کی آواز کے عقب میں دو موٹر سائیکلیں زن سے گزریں اور ان کے پیچھے کار میں ایک عظیم الجثہ مینڈک سفید کرتا اور ٹوپی پہنے ہوئے گزرا۔
ان سطور میں مذہب، سیاست اور جھوٹی دانشوری کو ہدف بناتے ہوئے انور خاں نے مینڈک کی روایتی تمثیل سے استفادہ کیا ہے تاہم اس تمثیل کو انفرادیت عطا کرنے کے لیے ’ہوا‘ کے ذریعہ اپنے وجود کو تبدیل کرنے کا پہلو برآمد کر کے اس میں مزید دلچسپی اور طنز پیدا کر دیا ہے۔افسانہ ’برف باری‘ میں انور خاں نے قدرت تجریدی انداز اختیار کر کے مرکزی کردار کے حوالے سے فریب اور حقیقت کے تصادم میں اسیر انسان کی ذہنی اور جذباتی کیفیت کو بیان کیا ہے۔ کردار کی یہ نفسیاتی کشمکش اسے تنہائی پسند بنا دیتی ہے اور اس تنہائی میں وہ حتی المقدرو اپنی ذات کا عرفان حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔اس کی یہ کوشش اسے خیال و افکار کی اس بھول بھلیاں میں لے جاتی ہے جہاں وہ اپنی ذات کے حوالے سے تہذیب و تمدن، معاشرتی اقدار اور انسانی رویہ اور رشتوں میں الجھ کر اس حقیقت کو دریافت کرنے کی سعی کرتا ہے جو آفاقیت کی حامل ہو۔ دراصل عرفان ذات کا موضوع انور خاں کے بیشتر افسانوں میں اپنے عصری سماج و تہذیب کے سیاق میں نظر آتا ہے ۔ان کا یہ تخلیقی رویہ ان کے اس تجسس کو نمایاں کرتا ہے جو کسی مظہر اور آثار کے خارجی روپ میں پوشیدہ اس حقیقت کو دریافت کرنے کا خوگر ہے جو انسانی معاشرہ کی صورت اور ہیئت کو مختلف انداز میں متاثر کرتی ہے۔
انور خاں نے انسانی معاشرہ کو متاثر کرنے والے تقریباً ہر اس رویہ کا فنکارانہ تجزیہ کرنے کی کوشش کی جو سماجی و تہذیبی دھارے کو متاثر کرتے ہیں۔اس کے لیے انھوں نے جو طرز بیان اختیار کیا وہ بظاہر سادہ لیکن در حقیقت معنی خیزی کی کئی جہتوں سے معمور ہے ۔انھوں نے اپنے افسانوں میں خصوصی طور سے حقیقت اور مصنوعیت کے اس تضاد کو پیش کیا ہے جو معاشرتی اور تہذیبی قدروں میں پیچیدگی اور انتشار کی کیفیت پیدا کرتا ہے ۔وہ زندگی کی ان صداقتوں کو دریافت کرنے کی کوشش کرتے ہیں جن پر انسانیت کا تصور قایم ہوتا ہے اور اس کے لیے وہ روایت پرستی کی راہ اختیار کرنے کے بجائے ان نئی راہوں پر سفر کرنے کا عزم کرتے ہیں جو ہر لحظہ تبدیل ہوتی دنیا میں نئی منزل کی بشارت دیتی ہیں۔یہ منزل وہ ہے جو دنیا کی تہذیب و تمدن کے ارتقائی سفر میں انسانی قدروں کی بقا کو یقینی بناتی ہے ۔ انور خاں کی فنکاری کا نمایاں وصف دراصل اسی منزل کی جانب ان کا وہ فکری سفر ہے جو مختلف افسانوں کی شکل میں ظاہر ہوا ہے ۔


NAIYYAR MASOOD KE AFSANY BY QAMAR SIDDIQUI

Articles

’نیّر مسعود کے افسانے طاﺅس چمن کی مینا‘ کی تکنیک

قمر صدیقی

قمر صدیقی

’نیّر مسعود کے افسانے طاﺅس چمن کی مینا‘ کی تکنیک

 

نیّر مسعود اردو افسانے میں کئی حیثیت سے ممتاز مرتبے کے حامل ہیں۔ انھوں نے اردو افسانے میں علامتی بیانے کا ایک نیا در کھولا۔بیان کے ہنر پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے انھوں نے زبان کے تفاعل اور جملوں یافقروں کی نثری ساخت کوبھی اہمیت دی۔ بیانیہ میں شعری برتاﺅ سے شعوری انحراف کرتے ہوئے نیر مسعود نے افسانوی بیانیہ کو نثری خصوصیات سے متصف کیا۔ ان کے افسانوں میں خواب ، سرّیت، خواہش اور احساس کو واضح ترجیح حاصل ہے۔ جبکہ کئی افسانوں میں میجک رئیلزم کی کارفرمائی بھی نظر آتی ہے۔ نیّر مسعود کے فن کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کی میجک رئیلزم کی بنیاد سرّیت پر استوار ہے جس کی وجہ سے افسانوں میں قاری کو پیچیدگی نظر آتی ہے۔ ”شیشہ گھاٹ“، ” عطرِ کافور“ ، ”نصرت“ اور ”مراسلہ“ جیسے افسانے اس کی مثال ہیں۔ اِن افسانوں میں بلا کی Readability ہے اور ان کی فنی کی وقعت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا ہے تاہم یہ افسانے تفہیم کی سطح پر ذرا مشکل ہی سے کھلتے ہیں۔ اس کے برعکس ”طاﺅس چمن کی مینا“ کی ترسیل عام قاری تک ہوجاتی ہے۔
افسانے کے فن کی توضیح کرتے ہوئے پروفیسر قاضی افضال حسین نے لکھا ہے کہ:
” اگر بالکل سادہ غیر تنقیدی زبان میں کہیں تو افسانہ جھوٹ کو سچ کردکھانے کا فن ہے۔ اس لیے نہیں اس میں بیان کردہ واقعات ”سچے“ نہیں ہوتے /ہوسکتے بلکہ اس اعتبار سے کہ افسانہ نگار ، ہر وہ فنی تدبیر استعمال کرتا ہے جس سے وہ اپنے قاری کو یقین دلا سکے کہ وہ افسانہ نہیں لکھ رہا ہے بلکہ سچا واقعہ سنا رہا ہے اور اگر اس نے افسانے کی تشکیل کے لیے کوئی خاص یا مکانی عرصہ منتخب کیا ہے ، جس کا تعلق ماض؟ی بعید سے ہوتو اس کی کوشش یہ ہوتی ہے کہ وہ افسانے کے خیالی بیانیہ کو تاریخی واقعہ کی شکل دے کر قاری کو یقین دلا دے کہ وہ ”فرضی“ کہانی نہیں سنا رہا ، ایک خاص انداز سے تاریخ بیان کررہا ہے۔
(تحریر اساس تنقید۔ از: پروفیسر قاضی افضال حسین۔ ص: ۳۵۲۔ ایجوکیشنل بک ہاﺅس، علی گڑھ۔ ۹۰۰۲ئ)
اس طرح کے تاریخی افسانے کے لیے ایک ترکیب یہ ہے کہ ماضی کے کسی زمانے کا تعین کرکے جگہ ، اس عہد کے مخصوص افراد ، تعمیرات، اسمائے خاص اور لوگوں کو پیش آنے والے واقعات کو بطور حوالہ شامل کردیا جائے۔مذکورہ اسما یا واقعات کا شدید حوالہ جاتی کردار بیان کی افسانویت کی پردہ پوشی کرتا ہے اور قاری افسانے کو ایک مکمل سچا واقعہ سمجھ کر پڑھتا ہے۔ اس نوع کی سب سے روشن مثال ڈراما انار کلی ہے۔ جس کی افسانویت کواکثر کم پڑھے لکھے لوگ آج بھی سچ سمجھتے ہیں۔ عہد حاضر میں نیر مسعود اور شمس الرحمن فاروقی نے اس طرز کے افسانے لکھے ہیں۔ نیّر مسعود کا افسانہ ”طاﺅس چمن کی مینا “ اس نوع کا ایک منفرد اورمتنوع افسانہ ہے۔ یہ افسانہ اپنی فنی خوبیوں کے سبب پچھلی ایک دہائی سے اردو میں بہت زیادہ موضوع بحث رہنے والے افسانوں میں سے ایک ہے۔
افسانہ ”طاﺅس چمن کی مینا“ تاریخ اور تہذیب کے پس منظر میں اپنے قصے کو پیش کرتا ہے۔ افسانے کا راوی کالے خان جو کہانی کا مرکزی کردار بھی ہے ، صیغہ¿ واحد حاضر میں پوری کہانی بیان کرتا ہے۔ کہانی کچھ اس طرح ہے کہ کالے خان کی بیوی انتقال کے وقت ایک چھوٹی سی بچی چھوڑ جاتی ہے جس کا نام فلک آرا ہے۔ بیوی کی ناگہانی موت سے کالے خان ذہنی طور پر پریشان ہوجاتا ہے ۔ اسی پریشانی کے عالم میں اسے گھومتا دیکھ کرشاہی جانوروں کے داروغہ نبی بخش نے اس پر رحم کھا کر اسے قیصر باغ کے طاﺅس چمن میں ملازمت دلا دی۔ ملازمت ملنے کے بعد وہ اپنی بچی کی طرف ملتفت ہوتا ہے۔ بچی کالے خان سے ایک پہاڑی مینا لانے کی ضد کرتی ہے۔ لیکن کالے خان کے معاشی حالات ایسے نہیں ہیں کہ وہ بچی کی اس خواہش کو پوری کرسکے۔ کیونکہ بیوی کی وفات کے بعد سے وہ بے روزگار تھا لہٰذا تنخواہ کا پیش تر حصہ قرض کی ادائیگی کی نذر ہوجاتا تھا۔ اس درمیان اسے اطلاع ملتی ہے کہ سلطان عالم طاﺅس چمن کے لیے ایک ایجادی قفس بنوا رہے ہیں جس میں پرندے رکھے جائیں گے۔ ایجادی قفس تیار ہوجاتا ہے۔ اس میں چالیس پہاڑی مینائیں رکھی جاتی ہیں۔ اُدھر کالے خان کی بچی کی ضد روز بروز بڑھتی جاتی ہے۔وہ سوچتا ہے کہ قفس میں کل چالیس مینائیں ہیں لیکن ان کا شمار کرنا مشکل ہے کہ پوری چالیس ہیں یا ان میں سے ایک کم ہے۔ لہٰذا بچی کی معصومانہ خواہش کی خاطر کالے خان ایجادی قفس کی ایک مینا جس کا نام سلطان عالم نے فلک آرا رکھا ہے چُرا لاتا ہے۔چونکہ یہ مینا کالے خان کی بچی کی ہم نام تھی اس لیے اِس مینا سے اسے پہلے ہی سے کچھ کچھ انسیت تھی۔ایک روز سلطان عالم ایجادی قفس کی طرف چلے آتے ہیں اور میناﺅں کو دیکھ کر محسوس کرلیتے ہیں ان میں فلک آرا نہیں دکھائی دے رہی ہے۔ وہ داروغہ نبی بخش سے سوال کرتے ہیں ۔ داروغہ انھیں بتاتے ہیں کہ وہ انھیں میناﺅں میں کہیں چھپی ہوگی اور سلطان عالم مطمئن ہوکر چلے جاتے ہیں۔ لیکن کالے خان کا اطمینان رخصت ہوجاتا ہے ۔ وہ مینا فلک آرا کو اپنے گھر سے واپس لاکر ایجادی قفس میں ڈال دیتا ہے۔ ایک روز سلطان عالم پورے اہتمام سے کچھ انگریزوں کو اپنا ایجادی قفس اور اس کی میناﺅں کے کرشمے دکھانے لاتے ہیں۔ ان کے ساتھ پرندوں کو پڑھانے والے میر داﺅد بھی ہیں جنھوں نے ان میناﺅں کو گانا سکھایا ہے۔مینائیں میر داﺅد کے پڑھائے اشعار گاتی ہیں لیکن دیگر میناﺅں کے برخلاف فلک آرا مینا کالے خان کی بیٹی کے پڑھائے جملے بولتی ہے۔ سلطان عالم ناراض ہوجاتے ہیں اور یہ راز کھل جاتا ہے کہ یہ مینا ایجادی قفس سے باہر لے جائی گئی تھی۔ کالے خان کے خلاف کاروائی ہوتی ہے۔ اُس کی نوکری چھن جاتی ہے اور مقدمہ چلانے کی تیاری ہوتی ہے۔ داروغہ نبی بخش کی رہنمائی کے سبب کالے خان سلطان عالم تک اپنا مکمل احوال پہنچاتا ہے۔ سلطان عالم اس کا قصہ سن کر اسے معافی دے دیتے ہیں اور وہ پہاڑی مینا بھی اس کی بیٹی فلک آرا کو نواز دیتے ہیں۔ کہانی یہیں ختم نہیں ہوتی ۔ یہاں سے ایک پیچیدگی اور شروع ہوتی ہے کہ مذکورہ مینا کے بول ایک انگریز عہدیدار کو بھا جاتے ہیں اور وزیر اعظم اُس انگریز سے اس مینا کے لیے وعدہ کرلیتے ہیں۔ ہرچند کہ وزیر اعظم سلطان عالم سے آگے جانے کی سکت نہیں رکھتے تاہم کسی حیلے بہانے سے وہ مینا کالے خان سے حاصل کرکے انگریز کو نذر کرنے کا ذہن بنا لیتے ہیں۔ داروغہ نبی بخش اور کالے خان نہیں چاہتے کہ اس طرح کا کوئی معاملہ ہو اور سلطان عالم کو اس سے رنج پہنچے۔ لہٰذا نبی بخش کی حکمت عملی کے مطابق مینا اور فلک آرا کو نبی بخش کہیں اور لے کر چلے جاتے ہیں۔ جبکہ اپنا منصوبہ ناکام ہوتا دیکھ کر وزیر اعظم کالے خان کو جیل بھیج دیتے ہیں۔ کچھ عرصے بعد لکھنو¿ پر انگریزوں کا تسلط ہوجاتا ہے اور بہت سے قیدی رہا کردیئے جاتے ہیں۔ ان رہا کیے گئے قیدیوں میں کالے خان بھی ہے۔ وہ جیل سے باہر آتا ہے تو لکھنو¿ کا نقشہ بدلا ہوا ہے۔ سلطان عالم قید کرکے جلا وطن کردیئے گئے ہیں۔ وہ اپنی بیٹی فلک آرا کے پاس جاتا ہے ۔ جو اُس کی گود میں بیٹھ کر اُس پہاڑی مینا کے قصے بیان کرنے لگتی ہے۔یہاں پر افسانہ اختتام پذیر ہوتا ہے ۔
نیّر مسعود نے اس افسانے کا آخری پیراگراف اس چابکدستی سے لکھا ہے کہ گویا یہ افسانہ ختم ہوکر بھی قاری کے ذہن میں جاری رہتا ہے۔ ملا حظہ ہو:
” لکھنو¿ میں میرا دل نہ لگنا اور ایک مہینے کے اندر بنارس میں آرہنا، شاون کی لڑائی، سلطان عالم کا کلکتے میں قید ہونا، چھوٹے میاں کا انگریز سے ٹکرانا، لکھنو¿ کا تباہ ہونا، قیصر باغ پر گوروں کا دھاوا کرنا، کٹہروں میں بند شاہی جانوروں کا شکار کھیلنا، ایک شیرنی کا اپنے گورے شکاری کو گھائل کرکے بھاگ نکلنا، گوروں کا طیش میں آکر داروغہ نبی بخش کو گولی مارنا، یہ سب دوسرے قصے ہیں اور ان قصوں کے اندر بھی قصے ہیں۔ لیکن طاﺅس چمن کی مینا کا قصہ وہیں پر ختم ہوجاتا ہے جہاں ننھی فلک آرا میری گود میں بیٹھ کر اس کے نئے نئے قصے سنانا شروع کرتی ہے۔“
(طاﺅس چمن کی مینا۔ از: نیّر مسعود۔ ص: ۵۰۲۔ عرشیہ پبلی کیشن۔ نئی دہلی۔ ۳۱۰۲ئ)
اس افسانے میں قصے کے ساتھ تاریخی و تہذیبی عناصر بالکل چپک کر چلتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ افسانے کا راوی یعنی کالے خان تاریخ کی کتابوں میں کہیں موجود نہیں ہے لیکن سلطان عالم یعنی واجد علی شاہ ایک تاریخی فرد ہیں۔ اس کے علاوہ بھی افسانے میں تہذیبی طور پر بہت سے عناصر سلطان عالم کی تاریخیت کو مستحکم کرتے نظر آتے ہیں۔ مثلاً حسین آباد کا امام باڑہ، لکھنو¿ کی معاشرت میں اس کی اہمیت، نواب نصیر الدین حیدر کا انگریزی دوا خانہ ، لکھّی دروازہ ، قیصر باغ ، درشن سنگھ باﺅلی وغیرہ تو بالکل سامنے کے وسائل ہیں۔
یہ افسانہ نیّر مسعود نے اپنے عام ڈکشن سے ہٹ کر لکھا ہے۔ البتہ زبان و بیان کی وہی خوبی اس افسانے میں بھی ہے جو نیّر مسعود کا طرہ امتیاز سمجھی جاتی ہے۔ جزیات نگاری کا کمال اس افسانے میں بھی صاف جھلکتا ہے۔ روز مرہ کی چھوٹی چھوٹی باتیں ، اہم اور غیر اہم واقعات ، آدھے ادھورے خواب ، یاداشتیں الغرض کہ اس افسانے میں اتنی ہما ہمی اور اتنا رنگ ہے کہ پورا افسانہ مختلف رنگوں کا ایک کولاژ معلوم ہوتا ہے۔ لیکن اِس کولاژ میں اصل کہانی کا رنگ دیگر رنگوں کی بہ نسبت زیادہ روشن ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ کہانی قاری کے ذہن میں اترتی چلی جاتی ہے۔ عصری افسانے میں اس افسانے کا اختصاص یہ ہے کہ اس کی تقلیدیا تتبع تو نہیں لیکن اس طرز میں چار افسانے شمس الرحمن فاروقی نے لکھے ہیں۔ اور یہی اس افسانے کے رجحان ساز ہونے کی دلیل بھی ہے۔
٭٭٭

DAGH KI SHERI HIKMAT E AMLI BY AHMED MAHFOOZ

Articles

داغ کی شعری حکمت عملی کے چند پہلو

پروفیسر احمد محفوظ

پروفیسر احمد محفوظ

داغ کی شعری حکمت عملی کے چند پہلو

نواب مرزا داغ اردو کی کلاسیکی شعری رواےت کے آخری اہم ترین شعرا میں ہیں۔ خیال رہے کہ یہاں ”اہم ترین“ کا لفظ میں نے دانستہ طور پر استعمال کیا ہے، اور جان بوجھ کر داغ کو بڑا یا عظیم شاعر کہنے سے گریز کیا ہے۔لیکن اس کا مطلب یہ بھی نہیں ہے کہ وہ معمولی اور کمتر درجے کے شاعر ہیں۔بات دراصل یہ ہے کہ جدید زمانے میں داغ کو عام طور پر جس حیثےت سے دیکھا گےا،اور ان کے بارے میںجو خیالات مشہور کےے گئے، اس کی روشنی میں داغ ایک ایسے شاعر کے طور پر سامنے آتے ہیں، جس کی تقریباً تمام شاعری محض تفریحی قسم کی اور سطحی جذبات و احساسات کی حامل ٹھہرائی گئی ہے۔اس سے ہٹ کر اگر داغ کو کسی حد تک قابل ذکر سمجھا بھی گےا، تو اس کا سہرا ان کی زبان دانی اور محاوروں کے برجستہ استعمال وغیرہ کے سر رکھا گےا۔اس کا ایک بین ثبوت یہ بھی ہے کہ داغ کے جو اشعار عام طور سے زبان زد رہے ہیں، وہ وہی ہیں جن میں داغ نے اردو زبان کی غیرمعمولی حیثےت کے اعلان کے ساتھ ساتھ اپنی زبان دانی کا برملا اظہار کیا ہے۔مثلاً اس شعر سے بھلا کون واقف نہ ہوگا
نہیں کھیل اے داغ یاروں سے کہہ دو
کہ آتی ہے اردو زباں آتے آتے
اوریہ شعر بھی

اردو ہے جس کا نام ہمیں جانتے ہیں داغ
ہندوستاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے
ہم کہہ سکتے ہیں کہ جدید عہد میں داغ کی شہرت کی عمارت زےادہ تر ایسے اشعار پر قائم کی گئی، جن سے ان کی مہارت زبان وغیرہ کا اظہار ہوتا تھا۔اسی کے ساتھ ایک بات یہ بھی ہے کہ داغ کی استادی کا چرچا بڑی شدومد کے ساتھ کیا جاتا رہاہے، اور یہ کچھ بے جا بھی نہیں۔لیکن مشکل یہ آپڑی کہ کلاسیکی دور میں استادی کا جو تصور تھا، وہ جدید زمانے میں بوجوہ تبدیل ہو گےا۔کلاسیکی عہد میں استاد ہونے کے صرف یہ معنی نہیں تھے کہ جس شاعر سے لوگ شعر کا فن سیکھیں اور شعرگوئی کی تربےت حاصل کریں، وہی استاد کہلانے کا مستحق ہے، بلکہ استاد ہونے کے لازمی طور پر یہ معنی سمجھے جاتے تھے کہ استاد وہ شاعر ہے جو فن شعر کے تمام اصول و قواعد سے نہ صرف پوری طرح آگاہ ہے ، بلکہ ان اصولوں کو پوری مہارت کے ساتھ برتنے پر بھی قادر ہے۔اس طرح ہماری کلاسیکی تہذیب اچھے اور بڑے شاعر میں اور استاد شاعر میں فرق نہیں کرتی تھی۔کسی شاعر کے استاد ہونے کے معنی ہی یہ تھے کہ وہ چاہے بڑاشاعر نہ ہو،لیکن اچھا اور قابل ذکر شاعر ضرور ہے۔ اسی کے ساتھ اس تہذیب میں یہ بھی تھا کہ اچھے یا استاد شاعر ہونے کی بنےاد شاعری کے فنی معےاروں پر قائم تھی۔”مقدمہ¿ شعروشاعری“ میں جہاں حالی نے اعلیٰ درجے کے شعرا کے کلام کی عمومی کیفےت کا ذکرکیاہے، وہاں انھوں نے ان شعرا کے لےے بڑے یا عظیم کا لفظ نہیں استعمال کیا،بلکہ انھیں استاد ہی کہا ہے۔حالی کہتے ہیں:
یہ بات یاد رکھنی چاہےے کہ دنیا میں جتنے شاعر استاد مانے گئے ہیں،یا جن کو استاد ماننا چاہےے، ان میں ایک بھی ایسا نہ نکلے گا جس کا تمام کلام اول سے آخر تک حسن ولطافت کے اعلیٰ درجے پر واقع ہوا ہو۔کیونکہ یہ خاصےت صرف خدا ہی کے کلام میں ہو سکتی ہے۔
اس اقتباس سے بات بالکل صاف ہو جاتی ہے۔لیکن جب ہم کلاسیکی عہد کے بعد یعنی جدید زمانے میں استاد کے معروف تصور پر نظر ڈالتے ہیں تو اس کی صورت بہت بدلی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔اب استاد ہونے کے یہ معنی سمجھے اور سمجھائے گئے کہ جو شاعر فن شعر کے اصولوں سے واقف ہو اور زبان وغیرہ پوری صحت و درستی کے ساتھ استعمال کرے، وہ استاد کہلائے گا،اور یہ بھی کہ اس کے شاگردوں کا ایک حلقہ بھی ہو۔ یہاں تک تو بات پھر بھی ٹھیک تھی۔ لیکن اسی کے ساتھ یہ تصور بھی وابستہ ہو گےا کہ چونکہ استاد شعرا زےادہ تر صحت زبان وبےان ہی پر قناعت کرتے ہیں،اس لےے ان کے یہاں اچھی شاعری یا اعلیٰ درجے کی شاعری کی تلاش بے سود ہے۔اس تصور کا ایک پہلو یہ بھی تھا کہ اچھااورقابل ذکریا بڑا شاعر ہونے کے لےے استاد ہوناضروری نہیں۔ذرا آپ غور کریں کہ اگر کوئی شاعر اپنے کلام میں زبان وبےان کی صحت کا خیال نہیں رکھتا، اور فنی اصولوں کو درستی کے ساتھ برتنے پر قادر نہیں ہے تو اس کا اچھا اور بڑا شاعر ہونا تو دور رہا، اس کا شاعر ہونا ہی معرض سوال میں آ جائے گا۔ ظاہر ہے،استادی کے اس جدید تصور کے زیر اثر ہمارے بہت سے قابل ذکر اور بلند پایہ شعرا وہ حیثےت حاصل نہ کر سکے، جس کے وہ حقیقی طور پر مستحق تھے۔افسوس کہ ان میں داغ جیسا بے مثال اور بلند مرتبہ شاعر بھی شامل ہے۔چنانچہ داغ کی شاعرانہ حیثےت کے بارے میں جن باتوں کو بے انتہا شہرت حاصل ہے،ان کا ماحصل صرف یہی نکلتا ہے کہ داغ کی استادی میں تو کوئی شبہ نہیں، لیکن وہ شاعر معمولی درجے کے تھے۔
یہاں میرا مقصد داغ کے شاعرانہ مرتبے کو زیر بحث لانا نہیں،بلکہ ان کی شعری حکمت عملی کے کچھ پہلوو¿ں کی نشان دہی کرنا ہے،جس کا ذکر آگے آتا ہے۔لیکن چونکہ داغ کے شاعرانہ مرتبے کی تخفیف کا کام کچھ زےادہ ہی زور شور کے ساتھ کیا گےا ہے،اس لےے اس ضمن میں اتنا کہے بغیرمیںنہیں رہ سکتاکہ شاعرانہ مرتبے کے لحاظ سے داغ کی حیثےت اگر کمتر ہے تو یہ کمتری بڑے کلاسیکی شعرا کے مقابلے میں ہے۔بالکل اسی طرح جیسے ناسخ، مصحفی،ذوق اور مومن وغیرہ کی حیثےت میر اور غالب کے سامنے ہے۔لہٰذا جب داغ کو کمتر کہا جائے گا تو اس کے یہ معنی ہرگز نہیں ہوں گے کہ وہ ہما شما کے مقابلے میں کمتر ہیں۔
چونکہ شعری حکمت عملی کے بنےادی عناصر کا تعلق فن شعر کے اصولوں سے ہے، اس لےے داغ کی شعری حکمت عملی کو بھی اسی روشنی میں دیکھنا مناسب اور بامعنی ہوگا۔داغ نے اپنے شاگردوں کی ہداےت کے لےے جو ”پندنامہ“ لکھا ہے، اس میں فن شعر کے تقریباً تمام اصول بےان کر دےے ہیں۔ان میں زےادہ تر باتیں تو مطلق اصول کی حیثےت رکھتی ہیں،یعنی ان کی پابندی ہر شاعر کے لےے اور ہمیشہ ناگزیر ہے، لیکن کچھ باتیں ایسی بھی بےان ہوئی ہیںجنھیں مختلف فیہ کہا جاسکتا ہے۔یعنی داغ ان کی پابندی کو ضروری سمجھتے ہیں، لیکن دیگر شعرا کا عمل اس سے مختلف ہے یا ہو سکتا ہے۔یہاں ان کی تفصیل میں جانے کا موقع نہیں، البتہ چند کا ذکر ضروری معلوم ہوتا ہے۔
اس پند نامے میں داغ نے سب سے پہلے جس چیز کا ذکر کیا ہے، وہ بندش کی چستی ہے۔ہماری شعری تہذیب میں بندش کی چستی سے یہ مراد لیا گےا ہے کہ شعر میں جتنے الفاظ لائے جائیں، ان کی نشست ایسی ہو کہ کوئی لفظ اپنی جگہ سے ہٹاےا نہ جا سکے۔اس کے علاوہ یہ بھی لازم ہے کہ شعر میں مستعمل ہر لفظ معنی و مضمون کے لحاظ سے کارگر ہو۔اگر ایسا نہیں ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ لفظ بھرتی کا ہے۔ ظاہر ہے، اس سے بھی شعر کی بندش متاثر ہوتی ہے۔اس پہلو کو خواجہ حیدر علی آتش نے بڑی خوبی سے ایک شعر میں بےان کیا ہے
بندش الفاظ جڑنے سے نگوں کے کم نہیں
شاعری بھی کام ہے آتش مرصع ساز کا
شعر میں ایک لفظ بھی اگر پوری طرح کام نہیں کرتا تو اس کے معنی یہ ہوتے ہیں کہ اس لفظ کی جگہ شعر میں خالی رہ گئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ شعر جو مثل نگینے کے ہے،اس میں ایک نگ نہیں ہے۔آپ خود غور کریں کہ ایسی صورت میں شعر کو فنی اعتبار سے مکمل کیونکر کہا جا سکتا ہے۔لہٰذا ثابت ہوا کہ شعر میں بندش الفاظ کی اہمےت بنےادی اور غیرمعمولی ہے۔مضمون خواہ کیسا بھی ہو، بندش کا چست ہونا کامےاب شعر کی اولین شرائط میںہے۔اب بطور مثال داغ کے چند اشعار بھی دیکھتے چلیں،تاکہ اس صفت کا اندازہ ہو سکے:
آج گھبرا کر وہ بولے جب سنے نالے مرے
جان کے پیچھے پڑے ہیں چاہنے والے مرے
۔۔۔
بیٹھیں گے نہ خاموش ہم اے چرخ ستمگار
تھک جائیں گے نالوں سے تو فرےاد کریں گے
۔۔۔
کچھ نہ ہو تیری محبت میں پر اتنا ہو جائے
کہ تری بدمزگی مجھ کو گوارا ہو جائے
۔۔۔
ان اشعار پر الگ الگ گفتگو طوالت کا سبب ہوگی،اس لےے صرف آخری شعر میں ایک لفظ کی طرف توجہ دلانے پر اکتفا کرتا ہوں۔لفظ ”گوارا“ کو عام طور پر قابل برداشت کے مفہوم میں استعمال کیا جاتا ہے، لیکن اس کے معنی میٹھے اور لذیذ کے ہیں۔اسی لےے ”آب گوارا“ کی ترکیب میٹھے اور لذیذ پانی کے لےے استعمال ہوتی ہے۔اب دوسرے مصرعے میں بدمزگی کے ساتھ ”گوارا“ کے استعمال کو دیکھےے اور داد دیجےے۔علاوہ ازیں لفظ ”گوارا“ میں داغ نے ایہام کا پہلو بھی رکھ دیا ہے۔
کلاسیکی شعری تہذیب میں ایہام کو ہمیشہ تحسین کی نظر سے دیکھا گےاہے۔ حقیقت یہ ہے کہ معنی آفرینی کے وسائل میں اسے ایک نہاےت کارگر وسیلے کی حیثےت بھی حاصل رہی۔لیکن یہ عجیب بات ہے کہ جدید زمانے میں اسے نہاےت مکروہ اور مضرت رساں کہہ کر مطعون کیا گےا۔ایہام کے بارے میں داغ کیا رائے رکھتے ہیں،اسے انھیں کی زبان سے سن لیتے ہیں۔”پندنامہ“ کا یہ شعر ملاحظہ ہو
شعر میں آئے جو ایہام کسی موقع پر
کیفےت اس میں بھی ہے وہ بھی نہاےت اچھا
اس شعر کی روشنی میں ایہام کے تئیں داغ کا موقف اس کے سوا اور کیا ظاہر کرتا ہے کہ ایہام ان کی نظر میں مستحسن ہے ۔بہرحال یہ تو ان کی رائے تھی۔اب ان کا عمل بھی دیکھ لیا جائے۔ان کا مشہور مطلع ہے
غضب کیا ترے وعدے پر اعتبار کیا
تمام رات قےامت کا انتطار کیا
یہاں لفظ ”قےامت“ کا ایہام داد سے مستغنی ہے۔پھر مزید لطف یہ کہ ”قےامت کا انتظار“ کا پورا فقرہ ایہام کی کیفےت رکھتا ہے۔اس کے ایک معنی تو یہ ہیں کہ یہ انتظار نہاےت تکلیف دہ ہے، دوسرے یہ معنی کہ معشوق خود قےامت ہے۔ لہٰذا اس کا انتظار گویا قےامت کے انتظار کی طرح تھا۔ایہام کی کارفرمائی کی ایک مثال اور دیکھےے
لگی ہے پنجہ¿ مژگاں میں خون دل سے حنا
ہماری آنکھ ملی سب سے سرخ رو ہو کر
یہ شعر مضمون آفرینی کی نہاےت عمدہ مثال تو ہے ہی، ساتھ ہی اس میں ایہام رکھ کر داغ نے معنی آفرینی کے بھی مزید ابعاد روشن کر دےے ہیں۔یہاں بیک وقت دو لفظوں کو ایہام کا حامل بناےا گےا ہے۔یہ الفاظ ”سرخ رو“ اور ”ملی“ ہیں۔”سرخ رو“ کے معنی کامےاب و کامران کے ہیں، لیکن لغوی معنی کے لحاظ سے سرخ رو وہ ہے، جس کے چہرے کا رنگ سرخ ہو۔اسی طرح ”آنکھ ملی“ کے ایک معنی ہیں ،”آنکھیں چار ہوئیں“ اور دوسرے معنی ہیں”آنکھ نے ملاقات کی“ جیسے ہم کہتے ہیں، ہم ان سے مودب ہو کر ملے۔آپ یہ بھی غور کریں کہ مژگاں کو آنکھ کا چہرہ کہنا کس قدر مناسب ، با معنی اور بدیع ہے۔پورا شعر نہاےت اعلیٰ درجے کی فنکاری کا نمونہ ہے۔
کلاسیکی شعرا کو پڑھنے کے کچھ مخصوص تقاضے ہیں۔اگر انھیں پیش نظر نہ رکھا جائے تو ان شعرا کو پڑھنا ہمیں درست نتائج تک نہیں پہنچا سکتا۔داغ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اس پہلو کی طرف شمس الرحمن فاروقی نے خاص طور سے توجہ دلائی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے:
ہمارے یہاں سب سے بڑی کمی یہ ہے کہ ہم کلاسیکی شاعروں کو پڑھتے وقت یہ بات نظر انداز کر دےتے ہیں کہ کلاسیکی شاعر کے پہلے کسی نے کیا کہا،اور اس کلاسیکی شاعر کے بعد کسی نے کیا کہا؟اس کو دھےان میں رکھے بغیر آپ اس شاعر کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتے،کیونکہ یہ سب لوگ Intertextual ہیں۔ایک کا سرا ایک سے جڑا ہوا ہے۔ہو سکتا ہے مثلاً منیر نےازی کے بارے میں میں کہوں کہ ان کو پڑھنے کے لےے ضروری ہے کہ آپ داغ کو پڑھیںیا امیر کو پڑھیں۔ہو سکتا ہے آپ کہیں کہ نہیں،ضروری نہیں ہے۔لیکن داغ کو ،جلال کویا امیر کو پڑھنے کے لےے یہ قطعی ضروری ہے کہ آپ فارسی اردو کے شعرا ،جو ان کے پہلے ہو چکے ہیںاور جن سے یہ متاثر ہوئے، جن کے ساتھ ساتھ اور جن کی روشنی میں انھوں نے اپنے کو شاعر سمجھا، ان کو دیکھیں کہ انھوں نے کیسے شعر کہے۔اور یہ دیکھیں کہ ان پیش روو¿ں اور معاصروں کی بنائی ہوئی دنیا میں داغ یا امیر یا جلال کہاں کھڑے ہیں۔
اس اقتباس میں جس بات کی طرف توجہ دلائی گئی ہے،اس میں بیک وقت کئی باتیں شامل ہیں۔لیکن اس میں سب سے بنےادی بات فارسی اور اردو غزل کی پوری شاعری میں مضامین کی وحدت کا معاملہ ہے۔یہ جو کہا جاتا ہے کہ کلاسیکی غزل کا کوئی شعر مضمون کے لحاظ سے اپنا بالکل جداگانہ وجود نہیں رکھتا، تو اس کے یہی معنی ہیں کہ وہ سارے مضامین کہیں نہ کہیں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔اس پہلو سے جب ہم داغ کے اشعار پر غور کرتے ہیں تو نہاےت دلچسپ صورتیں نظرآتی ہیں، اور اس سے داغ کی غیر معمولی تخلیقی کارکردگی کااندازہ ہوتا ہے۔چند مثالیں ملاحظہ کیجےے۔
والہ داغستانی کا شعر ہے
آہستہ خرام بلکہ مخرام
زیر قدمت ہزار جانست
اب دیکھےے اس مضمون کو میر کہاں لے جاتے ہیں
جانیں ہیں فرش رہ تری مت حال حال چل
اے رشک حور آدمیوں کی سی چال چل
آپ دیکھیں کہ اس مضمون پر مبنی ایسے زبردست دو شعروں کے سامنے داغ اپنا چراغ جلاتے ہیں، اور حق یہ ہے کہ داغ کا شعر بھی اپنی جگہ پوری آب وتاب کے ساتھ قائم ہے
بہت آنکھیں ہیں فرش راہ چلنا دیکھ کر ظالم
کف نازک میں کانٹا چبھ نہ جائے کوئی مژگاں کا
داغ کی قابل ذکر شاعرانہ حیثےت کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ غالب جیسا عظیم شاعر ان کے کلام کو تحسین کی نظر سے دیکھتا ہے، اور یہی نہیں بلکہ فرمائش کرکے اپنی غزلوں پر غزلیں کہلاتا ہے۔چنانچہ داغ کی بہت سی غزلیں غالب کی زمین میں ہیں۔غالب کی مشہور غزل کا مطلع ہے

شوق ہر رنگ رقیب سروساماں نکلا
قیس تصویر کے پردے میں بھی عرےاں نکلا
داغ نے اس زمین میں غزل کہی اور مطلعے میں مضمون بھی تقریباً یہی باندھا۔ملاحظہ ہو
نہ کبھی جیب خجالت سے یہاں سر نکلا
قیس دیوانہ تھا جامے سے جو باہر نکلا
غالب کے زبردست مصرع ثانی کے سامنے ”قیس دیوانہ تھا جامے سے جو باہر نکلا“ جیسا مصرع کہہ کر مطلع بنانا معمولی بات نہیں۔پھر یہ بھی دیکھےے کہ غالب نے تصویر کے پردے میں قیس کے عرےاں نکلنے کی بات کہی،جس میں قول محال کی صورت ہے۔داغ نے شاےد محسوس کر لیا تھا کہ اس سے آگے خیال کو لے جانا نہاےت مشکل ہے، اس لےے انھوں نے جامے سے باہر نکلنے کا محاورہ اس طرح استعمال کیا کہ اس میں ایہام کی کیفےت بھی پیدا ہوگئی۔مزید یہ کہ انھوں نے ”قیس دیوانہ تھا“ کا ایسا بامعنی اور برجستہ فقرہ رکھ دیا جس کی جتنی داد دی جائے کم ہے۔
ذوق کا مشہور زمانہ مطلع کس کو یاد نہ ہوگاجس کے بارے میں کہا گےا ہے کہ غالب بھی اس پر سر دھنتے تھے
اب تو گھبرا کے یہ کہتے ہیں کہ مر جائیں گے
مر کے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے
حق تو یہ ہے کہ ایسے مضمون کو ہاتھ لگانا ہی بڑے دل گردے کی بات ہے۔لیکن داغ کی قدرت بےان دیکھےے کہ اسی مضمون کو کہا اور خوب کہا۔یہ الگ بات ہے کہ ذوق کے شعر کی سی کیفےت اور برجستگی تو داغ کے یہاں پیدا نہیں ہوئی، لیکن ان کا شعر پھر بھی اپنی جگہ بنانے میں کامیاب کہا جا سکتا ہے۔ملاحظہ ہو

آرام کے لےے ہے تمھیں آرزوے مرگ
اے داغ اور جو چین نہ آیا فنا کے بعد
داغ کی شعری حکمت عملی کا ایک نہاےت اہم پہلو زور بےان ہے۔ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ بےان کا زور وہیں زےادہ کارفرما ہوتا ہے، جہاں کلام میں برجستگی کی صفت زےادہ ہوتی ہے۔اور برجستگی کے لےے عام طور سے کلام کی صفائی ضروری خیال کی جاتی ہے۔اس صفت کو کلاسیکی ادبی تہذیب میں صفائی بےان،صفائی کلام اور صفاے گفتگو وغیرہ الفاظ سے ظاہر کیا گےا ہے۔واضح رہے کہ اس سے زبان کی صفائی مراد نہیں ہے،بلکہ اس سے مضمون کو ایسے پیرائے میں ادا کرنا مراد ہے، جس میں کوئی الجھاو¿ کی کیفےت نہ پائی جائے۔اس طرح دیکھا جائے تو صفائی بےان، برجستگی اور زور بےان سب ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔اس صفت کی عملی صورت کے لےے داغ کے یہاں سے متعدد مثالیں لائی جا سکتی ہیں، لیکن یہاں ذوق اور داغ کے صرف ایک ایک شعر کی مثال پر اکتفا کرتا ہوں۔پہلے ذوق کو سنےے
حالت پہ مری کون تاسف نہیں کرتا
پر میرا جگر دیکھو کہ میں اف نہیں کرتا
اور داغ کا یہ مطلع دیکھےے
کبھی فلک کو پڑا دل جلوں سے کام نہیں
اگر نہ آگ لگا دوں تو داغ نام نہیں
صاف محسوس کیا جا سکتا ہے کہ دونوں شعر زور بےان کے لحاظ سے غیرمعمولی حیثےت کے حامل ہیں، اور جیسا کہ میں نے اوپر عرض کیا، بےان کی صفائی اور برجستگی کی کیفےت بھی دونوں شعر میں برابر کی ہے۔البتہ ان صفات کے علاوہ داغ کے یہاں شعر کی خوبی کے جو مزید پہلو ہیں،اس سے ذوق کا شعر خالی ہے۔مثلاً داغ کے یہاں دل جلوں اور آگ لگانے میں تو مناسبت تھی ہی، لفظ ”داغ“ نے اس مناسبت کو آسمان پر پہنچا دےا۔یہاں داغ کا لفظ محض اس لےے کارآمد نہیں ہے کہ یہ شاعر کا تخلص ہے، کیونکہ اگر تخلص سے وہ بات پیدا ہوتی تو داغ کی جگہ ذوق رکھ دینے سے بھی وہی کیفےت شعر میں قائم رہنی چاہےے۔یعنی اس مصرع یوں کرکے دیکھیں
اگر نہ آگ لگا دوں تو ذوق نام نہیں
معلوم ہوا کہ وہ کیفےت اب بڑی حد تک معدوم ہوگئی۔اس سے ظاہر ہوا کہ اس میں محض تخلص کا عمل دخل نہیں ہے، بلکہ کچھ اور معاملہ بھی ہے۔دراصل ”داغ“ کے کئی معنی ہیں، اور ان میں ایک مجازی معنی چراغ کے ہیں۔داغ ہی کا ایک مشہور مطلع ہے
آج راہی جہاں سے داغ ہوا
خانہ¿ عشق بے چراغ ہوا
اس طرح ثابت ہوا کہ ذوق کے مقابلے میں داغ کے شعر میں زور بےان کے علاوہ جو مزید کیفےت پیدا ہوئی ہے، اس کا بنےادی سبب یہ ہے کہ لفظ داغ تخلص ہونے کے ساتھ معنی کے لحاظ سے ”دل جلوں“ اور” آگ لگا دوں“ کے فقروں سے گہری مناسبت رکھتا ہے۔
یہاں مناسب معلوم ہوتا ہے کہ مضمون کے آخر میں داغ کے چند ایسے اشعار نقل کیے جائیںجو معروف نہیں ہیں،لیکن جن کو سن کر داغ کی شعری حکمت عملی کے مزید پہلوو¿ں کا احساس و ایقان ضرور ہوگا۔
کی ترک مے تو مائل پندار ہو گےا
میں توبہ کرکے اور گنہگار ہو گےا
۔۔۔
انکار وصل منھ سے نہ نکلا کسی طرح
اپنے دہن سے تنگ وہ غنچہ دہن ہوا

کیا کیا ملائے خاک میں انسان چاند سے
سچ پوچھےے اگر تو زمیں آسماں ہے اب
۔۔۔
وہی تو ہے شعلہ¿ تجلی کہ دشت ایمن سے تنگ ہوکر
جب اس نے اپنی نمود چاہی کھلا حسینوں پہ رنگ ہوکر
۔۔۔
ملے تھے لب ہی اس لب سے کہ مارا تیغ ابرو نے
یہ ناکامی کہ مجھ کو موت آئی آب حیواں پر
۔۔۔
مرتبہ دیکھنے والے کا ترے ایسا ہے
کہ بٹھاتے ہیں جسے اہل نظر آنکھوں پر
۔۔۔
بےکس رہیں گے حشر میں کب مجرمان عشق
رحمت کہے گی ہم ہیں گنہگار کی طرف
چاہی تھی داد ہم نے دل صاف کی مگر
آئینہ ہو گےا ترے رخسار کی طرف
۔۔۔
دیکھیں تو پہلے کون مٹے اس کی راہ میں
بیٹھے ہیں شرط باندھ کے ہر نقش پا سے ہم
ایسے شعروں کے ہوتے ہوئے داغ کے بارے میں کوئی رائے قائم کرنے سے پہلے سنجیدگی سے غور کرنا نہاےت ضروری ہے۔
۔۔۔۔

مشمولہ سہ ماہی ”اردو چینل“ جلد :19۔شمارہ :2 مدیر :ڈاکٹر قمر صدیق

DAGH KA SHAHR E HAWAS BY QAZI JAMAL HUSAIN

Articles

داغ کا شہرِ ہوس

پروفیسر قاضی جمال حسین

داغ نے اپنے اشعار میں جو دنیا خلق کی ہے اور اسے جس کردار سے آباد کیا ہے وہ قاری کے لیے ایک خوشگوار تجربہ ہے۔ معشوق ، عاشق ، ناصح اور قاصد اگرچہ شاعری کے روایتی کردار تھے اور بزمِ یار و کوچہ¿ دل دار کی سرگرمیاں بھی ، کلاسیکی غزل کی روایت سے آگاہ اردو کے ایک عام قاری کے لیے کچھ نئی نہیں تھیں، لیکن داغ نے جلوت و خلوت میں، محبوب کی شخصیت کے جن پہلوﺅں کو نمایاں کیا ہے اور وصال و ہجر کی کیفیات کو جس زاویے سے دیکھا ہے ، وہ داغ کا اختصاص ہے۔ روایتی کرداروں کا غیر روایتی انداز اور جانی پہچانی جگہوں کا سا لطف پیدا کردینا ، داغ کی معجز بیانی اور طلسم بندی کا کرشمہ ہے۔
داغ کی غزلوں کے کردار اپنی پیش قدمی، طرح داری اور جرا¿تِ اقدام سے حیرت زدہ کردیتے ہیں۔ اس شعری کائنات میں کرداروں کی گفتگو اور ان کے باہمی ربط و تعلق کی نوعیت ، زندگی کی حرارتوں سے ایسی معمور ہے کہ قاری دیر تک اس شہر کی دریافت پر سرشار رہتا ہے۔ قاری کی یہ سرشاری دراصل نشاطِ آگہی کی ایک صورت ہے کہ اس ”شہرِ ہوس“ میں اس کے خوابوں کی تعبیر اور آرزوﺅں کی تسکین کا سامان فراہم ہے۔ داغ کی اس شعری کائنات میں یوں تو کچھ بھی ایسا نہیں جسے انوکھا کہیے۔ وہی افسانہ¿ الفت ہے جسے ہر شاعر اپنے اپنے انداز سے ہمیشہ کہتا آیا ہے، لیکن داغ نے اپنے محدود سرمایہ¿ الفاظ کے باوجود جس طرح اس قصّے کی جزئیات بیان کی ہےں اور جس طرح کرداروں کی شخصیت کو روشن کیا ہے، اس سے اس کہانی کا پورا Patternمتاثر ہوا ہے۔
وہی جھگڑا ہے فرقت کا وہی قصّہ ہے الفت کا
تجھے اے داغ کوئی اور بھی افسانہ آتا ہے
بلاشبہ داغ کے تجربات میں اس اعتبار سے تنوع نہیں کہ ”حرفِ مدعا“ بس ایک مرکز ثقل کے گرد گھومتا ہوا محسوس ہوتا ہے لیکن حرفِ مدعا کی پیش کش ہر گردش میں ایک نیا Patternبناتی ہے۔ داغ کے سلسلے میں ناصر کاظمی نے نہایت پتے کی بات کہی ہے:
”داغ کی غزل بساطِ شطرنج کی مثال ہے جس میں گنے چنے مہروں کی طرح چند الفاظ ہیں لیکن شطرنج کی چالوں کی طرح ہر مرتبہ ایک نیا لہجہ اور اندازِ بیان دیکھ پڑھنے والے کا دل پھڑک اٹھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ داغ جب کسی دوسرے شاعر کی زمین میں بھی غزل کہتا ہے ، اسے اپنی غزل بنالیتا ہے۔“
(خشک چشمے کے کنارے۔ص:۳۴۱)
داغ کا مخصوص رنگ اور اس کی منفرد طرز اسی حرفِ مدعا کے مخصوص پیرایہ¿ اظہار سے عبارت ہے۔ یہاں نہ تشبیہات کی کثرت ہے نہ استعاروں کی ندرت اور نہ ہی پیکروں کا ہجوم لیکن بہ ظاہر سادہ سا شعری تجربہ ، روزمرے اور لہجے کی مدد سے ایک نئے قالب میں ڈھل جاتا ہے۔ شعری تجربے کی اس سادگی کا احساس جتنا عام ہے، اس کی پیش کش میں پُرکاری کا تجزیہ اتنا ہی دشوار ہے:
میرا طریقِ عشق جدا ہے جہان سے
چلتا ہوں چھوڑ چھوڑ کے ہر رہ گزر کو میں
جہاں سے جدا ، داغ کے اس طریقِ عشق میں ہماری توجہ کا مرکز سب سے پہلے ”محبوب“ بنتا ہے۔ ذہنی اور جسمانی اعتبار سے ایسا نارمل اور روشن خیال محبوب غزل کی پوری روایت میں خال خال ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہ محبوب اسی زمین کی مخلوق ہے۔ چنانچہ اس کا پورا رویہ زندگی کے تئیں بھی اور عاشق کے لیے بھی ارضی اور انسانی ہے۔ ذہنی بیماری کی حد تک نہ تو ستم پیشہ و جفاکار ہے نہ ہی کسی نفسیاتی مریض کی طرح خود بین اور خود پسند۔ بلکہ جذبات کے فطری اظہار پر تہذیب اور روایت کی حد سے بڑھی ہوئی پابندیاں بھی اسے گوارا نہیں۔ سہل آمیز ہے، محبت کا جواب محبت سے دینے کا حوصلہ رکھتا ہے، جسمانی مطالبات کا بھی احترام کرتا ہے اور شبِ وصل تمکین و ضبط میں گزار دینے کے بجائے ہنس ہنس کے عاشق سے چھیڑ چھاڑ کا حوصلہ رکھتا ہے۔ اسے عاشق کی دل آزاری بھی منظور نہیں چنانچہ صنفی رسومیات کے تحت لاتعلقی کے اظہار میں بھی ربط و تعلق کا رنگ ، اس کی شخصیت کو مزید دل آویز بنادیتا ہے۔ اس کردار کے صحیح خط و خال داغ کی زبانی ملاحظہ ہو:
ہنس ہنس کے یہ کہتے ہیں شبِ وصل وہ مجھ سے
چھیڑوگے تو پھر ہم سے ملاقات نہ ہوگی

گئے وہ اٹھ کے پہلو سے تو یہ کہتے گئے مجھ سے
ذرا سا صبر کرلو، تم سے اتنا ہو نہیں سکتا
انکارِ وصل منہ سے نہ نکلا کسی طرح
اپنے دہن سے تنگ وہ غنچہ دہن ہوا

وصل کی ان سے ہوگئی امید
سلسلہ جب کلام کا نکلا

شریر آنکھ ، نگہہ بے قرار ، چتون شوخ
تم اپنی شکل تو پیدا کرو حیا کے لیے

ارمانِ ہم آغوشی سن سن کے ڈھٹائی سے
اس کہنے کے صدقے ”پھر کہیے تو کیا ہوتا“

کھل کھیلیے کھل جائیے دل کھول کے ملیے
کب تک گرہِ بندِ قبا کو کوئی دیکھے

جو دل میں تمہارے ہے وہی ہے میرے دل میں
میں کہہ دوں اگر تم سے بیاں ہو نہیں سکتا
شہر ہوس کا یہ کردارکسی بھی عام قاری کے لیے دل چسپی کے ہزار سامان رکھتا ہے ۔اس کی کشادہ دلی ،خوش خلقی اور دل آسانی،مفلسی کی فکر ِپریشاں کو ایک مرکز فراہم کرادیتی ہے ۔ ا س کردارکی قوت یہ ہے ۔کہ احساس گناہ یا احساس ندامت ،معاملہ بندی کی اس فضا کو کہیںبھی آلودہ نہیںکرتا ۔دونوں طرف ربط وتعلق کی حرارت بخوبی محسوس کی جا سکتی ہے ۔جذبے کی طرح داغ کا رویہ PERVERSION یا فحاشی کے بہ جائے فطری اور صحت مند ہے ۔بہ قول حسن عسکری :
” جو شاعری یا جو محبت جسمانی خواہش کی پاکیزگی محسوس نہ کر سکے وہ قوت اور عظمت سے بھی پاک ہوگی ۔۔۔اور یہ کہ جنسی خواہش کے باوجود بلکہ شاید جنسی خواہش کی مدد سے آدمی محبوب کے حسن میں ساری کائنات کا حسن دیکھ سکتا ہے۔©” (ستارہ یا باد بان “ص:۹۰۲)
معاملہ بندی کے اسی قسم کے اشعار کے پیش نظر داغ کے بارے میں عام نور پر یہ بات تسلیم کر لی گئی کہ :
” داغ کی شاعری کے لیے سب سے زیادہ موزو ںلقب ” عیاشانہ شاعری ” ہے ۔ داغ کا کلام انھیں لوگوں میں ضرورت سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے جو اعلی درجے کی شاعری سے زیادہ واقف نہیںہیں ۔مثلًا ارباب نشاط کا فرقہ داغ کو پیغامبر سمجھتا ہے۔ داغ کی شہرت محض اس لیے ہے کہ ان کا کلام عمومًا ان جذبات اور خواہشات نفسانی کی تصویر ہے جو عوام کے دل میں امنگ پیدا کرنے کے لیے جادو کا اثر رکھتی ہیں” (مضامین چکبست)
اس قسم کے خیالات کے سلسلے میں اصولی بات تو یہ ہے کہ شاعری کا مطالعہ اجتماعی زندگی کی مذہبی اور اخلاقی قدروں کی روشنی میں کہاں تک درست ہے؟یعنی جو باتیں ہماری حقیقی اور خارجی زندگی میں خلاف ِتہذیب ہیں ۔لفظوں سے بنائی گئی طلسمی دنیا میں بھی نا شائستہہی قراردی جائیں گی : پھر تو شاعری کا پورا سرمایہ ہی اس سوال کی زد پر ہے ۔جب” بت کافر ادا کی پر ستش ” محبوب کا قاتل ہونا ، اس کی نخوت اور خود بینی ،یہ تمام کار گزاری غیر اخلاقی ہے ۔جب کہ ظاہر ہے کہ شاعری کی قلم رومیں اس کے اپنے اصول اور خوب وناخوب کے معیار ہیں ۔ جس طرح شاعری میں قتل خون ریزی یادشنہ و خنجر کا حقیقی قتل و خون ریزی سے کوئی علاقہ نہیں ہے بلکہ یہ محض ایک پیرایہ ءاظہار ہے اسی طرح معاملہ ہندی کے اشعار میں بھی “ہے عبارت ہی عبارت مدعا کچھ بھی نہیں۔”یہ شاعرانہ مضامین ہوائے دل کے لیے کھڑکیاں ہیں جہاں قاری اپنے جذبات کی لسانی تجسیم میں ایک نوع کی طمانیت اور آسودگی کا احساس کرتا ہے۔
پھر دیکھنے کی بات یہ ہے کہ اس نوع کے اشعار کی تعداد کیا ہے ؟ وصل کی شوخیوں کے سوا اور کھل کھیلنے کے علاوہ اس کردار کے دیگر مشاغل کیا ہیں؟ اور کیاصفات ہیں جن سے اس کردار کی شناخت قائم ہوتی ہے۔ آدھی ادھوری تصویر پر حکم لگانے سے پہلے اس کردار کے دوسرے اہم پہلو بھی پیش ِ نظر رکھنا چاہئے۔ فقظ چند شعر ملاحظہ ہوں:
تیرے عالم کو جب سے ہم نے دیکھا
تماشائی ہے اک عالم ہمارا

تو قیامت کی چال کرتا ہے
بے چلے پائمال کرتا ہے

غنیمت ہے چشمِ تغافل بھی اُن کی
بہت دیکھتے ہیں جو کم دیکھتے ہیں

تیری آنکھیں تو بہت اچھی ہیں
لوگ کہتے ہیں انھیں بیمار یہ کیا

ہم اب سے لیں گے بوسہءگل تیرے سامنے
کیا ایسا لعل ہے تیرے لب میں لگا ہوا

مجنوں کے طرف دار بنے ہیں کئی دن سے
فرماتے ہیں وہ آپ سے کس بات میں کم تھا
جب دیکھتے ہیں داغ کو ہوتا ہے یہ ارشاد
معلوم نہیں زندہ ہے یہ کس کی دعا سے

کہا ظالم نے میرا حال سن کر
وہ اس جینے سے مرجائے تو اچھا ہے

دمِ رخصت یہ چھیڑو تو دیکھو
مجھ سے کہتے ہیں کب ملیں گے آپ

حشر کے دن تو ملو گے یہ کیا میں نے سوال
سوچ کر دیر میں ظالم نے کہا مشکل ہے
ان اشعار سے محبوب کی جو تصویر ابھرتی ہے اس میں داغ نے اپنی فن کاری اور لہجے پر غیر معمولی قدرت سے روایتی مضامین میں نیا پہلو پیدا کردیاہے۔ داغ کے مضامین تو عموماً سادہ ہوتے ہیں لیکن پیرایہءاظہار میں قدرے پُر کاری سے کا لے کر فصیح الملک کوئی گرہ بھی ڈال دیتے ہیں لیکن اس احتیاط کے ساتھ کہ اس کا کھولنا اور لطف اندوز ہونا عام قاری کی دسترس میں ہو۔ پیرایہءاظہار کی اسی پُرکاری کے سبب مضمون ، بیان ِ واقعہ کی سطح سے بلند ہو کر شعری تجربے میں تبدیل ہوجاتا ہے اور عام ±اری کی دسترس میں ہونے کے سبب ایک بڑے حلقے کو متاثر کرتا ہے۔ داغ کی غیر معمولی مقبولیت میں سادگی اور پُرکاری کے اس حسنِ تناسب کو غیر معمولی دخل ہے
مثال کے پہلے ہی شعر میں محبوب کی دل کشی کے لیے”عالم “کا لفظ معنی کے جن وسیع امکانات پر مشتمل ہے اس کا احاطہ آسان نہیں اور غالباًکوئی دوسرا لفظ اتنی تہہ داری کا متمحل نہیں ہو سکتا ۔محبوب کی شخصیت کے جملہ ظاہری محاسن اس عالم کے عناصرِ ترکیبی ہیں۔پھر دوسرے مصرعے میں عالم کا لفظ شعر کی کیفیت میں مزید اضافہ کا سبب ہے۔ داغ فقط محبوب کی دل آویزی اور دل ربائی کا عالم بیان نہیں کرتے بلکہ شعرکے متکلم کی سرشاری محویت اور بے خودی کو بھی پیش منظر میں نمایاں کرتے ہیں ۔حیرانی اور بے خودی کا دراز تر ہونایہ سلسلہ بالآخر ایک خلقت کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے کہ عاشق کا حال اور اس کی کیفیت ایک عالم کے لئے دیدنی منظر یا انوکھا تجربہ ہے جس میں خلقت تماشائی بن گئی ہے۔گویامعشوق پر عالم ِ حسن و جمال ، عاشق پر عالمِ نے خودی و سر شاری اور خلقت پر عالمِ حیرانی۔
اسی رفتار ِ یار کے پامال مضمون میں داغ نے ایک نیا پہلو پیدا کردیا ہے۔ رفتارِ یا ر کی فتنہ گری اور اس کے سبب لوگوں کا قتل ہونا ایک روایتی مضمون ہے۔لیکن بے چلے ہی عاشق کو اپنی چال سے پامال کردینا ، داغ کے محبوب کا امتیاز ہے۔ رفتارِ یار کے مضمون کا یہ انوکھا پہلو شاید کہیں اور دیکھنے کو نہ مل سکے۔ اس انوکھے پہلو کا تمام تر لطف “چال کرنا ©”اور “چال چلنا”کے محاورے پر قائم ہے۔طریقہءکار کی انفرادیت کے سبب داغ نے اپنی اردو پر فخر کرنے کے ساتھ ہی شاعری میں اپنی طرز ِ خاص پر بھی بہ جا طور پر فخر کیا ہے۔
نہیں ملتا کسی مضموں سے ہمارا مضموں
طرز اپنی ہے جدا سب سے جدا کہتے ہیں
یا
داغ معجز بیاں ہے کیا کہنا
طرز سب سے جدا نکالی ہے

اسی طرح چشمِ یار کا مضمون نیا نہیں لیکن داغ نے روز مرے اور مخصوص لہجے میں کی مدد سے اس پامال مضمون میں دل کشی کا پہلو پیدا کردیا ہے۔ شعر کا حسن ظاہری سطح پر تو فقط یہ ہے کہ اچھی اور بیمار کا تقابل شاعرانہ لطف کا سبب ہے کہ محبوب کی آنکھیں نہایت اچھی ہیں پھر اسے بیمار کی صفت کے ساتھ ترکیب کو غلط قرار دینے کے بہ جائے اظہار تعجب کرتا ہے۔لیکن شعر کی اصل کیفیت شعر کی مخصوص قرات اور لہجے میں پوشیدہ ہے۔”تیری آنکھیں تو بہت اچھی ہیں“کا پیرایہ ءاظہار محبوب کی آنکھوں کو دیکھ کر متکلم کی محویت اور پھر خود کلامی کا منظر پیش کرتا ہے جو اس بات کی طرف واضح اشارہ ہے کہ آنکھوں کی جملہ تشبیہات اور تمام استعارے اس کے حسن کا بیان کرنے سے عاجز ہیں ۔بس یہی کہا جا سکتا ہے کہ ”تیری آنکھیں بہت اچھی ہیں“
محبوب کی حاضر جوابی ، بے تکلفی اور بذلہ سنجی اس کی آنکھوں میں ذہانت اور شوخی کی چمک پیدا کردیتی ہے۔چناں چہ مثال کے آخری پانچ اشعار محبوب کے کسی عمل کے بہ جائے اس کے طرزِ کلام کو نمایاں کرتے ہیں، جس میں اس کی شوخی اور طرح داری کے ساتھ ہی شخصیت کے بعض دوسرے پہلوﺅں پر بھی روشنی پڑتی ہے۔داغ کے کلام میں جس شوخی کا ذکر تقریباً سبھی نقادوں نے کیا ہے وہ بڑی حد تک محبوب کے طرز کلام یا کرداروں کے باہمی مکالمے کا رہین ِ منت ہے۔ غزل صنفی رسومیات میں محبوب کے رویے اور ایک عاشق کی گفتگو کے جو آداب مقرر ہیں ،داغ کا محبوب اور اُن کا عاشق جا بہ جا اسے توڑتے اور ان صنفی رسومیات سے انحراف کرتے ہیں ۔صنفی رسومیات کی خارج سے عائد کردہ پابندیوں کے بہ جائے یہ محبوب انسانی فطرت کی آزاد روی کو زیادہ اہمیت دیتا ہے ۔وہ عاشق سے بلا تکلف ملتا اور باتیں کرتا اور مساویانہ سطح پر معاملہ کرتا ہے۔تمکین و ضبط کا غیر فطری مظاہرہ کر کے وہ وصل کی لذّتوں کو ہجر کی کلفتوں میں تبدیل کردینے کا قائل نہیں ۔ آزادی کا یہی رویہ اس کی اداﺅں میں شوخی کی ضمانت ہے۔ وقت رخصت عاشق سے چھڑ چھاڑ کو وہ اپنے منصبی آداب کے منافی نہیں سمجھتا اور کب ملیں گے آپ کہہ کر شوخی اور بے تکلفی کی فضا پیدا کردیتا ہے۔واقعے اور ظاہری صورت ِ حال میں تضاد کا تناﺅ رخصت کے اس منظر کو شعری تجربے میں تبدیل کردیتا ہے۔اسی طرح روز ِ حشر جب جملہ خلائق یک جا ہوں گی، ملاقات کے سوال پر محبوب کا تامل اور غور و فکر کے بعد یہ کہنا کہ “مشکل ہے”شعر میں ڈرامے کا لطف پیدا کردیتا ہے:
حشر کے دن تو ملو گے یہ کیا میں نے سوال
سوچ کر دیر میں ظالم نے کہا مشکل
حشر کے ساتھ جو تصورات وابستہ ہیں ان کے پس منظر میں معشوق کی یہ شوخی اور غور و فکر کے بعد یہ فرمایا کہ ملاقات مشکل ہے ، لطف سے خالی نہیں ، پھر یہ ،مشکل ہے، کا مختصر فقرہ کس بات کا جواب ہے، ملاقات مشکل ہے یا یہ سوال مشکل ہے جس کا جواب محبوب کے پاس نہیں۔ابہام کا یہ پہلو شعر میں ایسی تہہ داری اور پیچ پیدا کردیتا ہے جس سے لطف اندوز ہونے کے لئے اوسط ذہانت ، معمولی علم اور تھوڑا سا مذاق ِ سخن کافی ہے۔ داغ کی انفرادیت اورمخصوص رنگ کو چمکانے میں اس طریقہءکار کو بہت دخل ہے۔
داغ کے شہرِ ہوس کا دوسرا کردار عاشق ہے جو اس شہر کی گرمی ِ بازار کا سبب ہے۔ یہ ایک مجلسی تجربہ کار اور عشق و محبت کے معاملات میں اقدام کرنے والا جرات مند شخص ہے، آزاد منش ہے، لذّت و نشاط کا جویا ، محبوب کی نازبرداری اس کار آزمودہ شخص کے نزدیک وقت کا زیاں ہے۔ خوش باش اور خوش اوقات یہ شخص زندگی بھر محبت کرتا ہے اور کارِ دنیا کو بے فائدہ اور عبث نہیں جانتا۔
لیکن عاشق کے کردار کا پہلو اپنی بے حجابی اور بے باکی کے سبب تناسب سے زیادہ لوگوں کی توجہ کا مرکز ہو ا ،اور بیش تر ناقدین نے انھیں اشعار کے پیشِ نظر داغ کو عیش و نشاط کا امام اور عیاشانہ شاعری کا پیغامبر قرار دیا ۔ نتیجہ یہ ہوا کہ داغ کی غزلوں میں عاشق کے کردار کے دوسرے پہلو اور اس کردار کی تعمیرمیں داغ کے فنی محاسن نظر انداز ہوگئے ۔ اس موقف کو داغ کے سوا نحی کوائف سے بھی تقویت حاصل ہوئی ۔بہ یک وقت مختلف طوائفوں سے ربط وضبط نے داغ کی شاعری سے متعلق رائے عامہ کو بڑی حد تک متاثر کیا ہے۔بہ ہر حال اس ہوس پرست اور عاشق مزاج کردار کی دلچسپیاں اور مشاغل ملاحظہ ہوں،

وہ ہرجائی اگر ہے داغ ہو تم بھی تو آوارہ
تمھیں کب صبر ہے بیٹھے ہوئے تم ایک پر کیا ہو

کیا ملے گا کوئی حسیں نہ کہیں
دل بہل جائے گا کہیں نہ کہیں
ہم لطف کے بندے ہیں خدا کی قسم واعظ
ہم سے نہ کبھی یار ستم گر کے اٹھیں گے

لے لیے ہم نے لپٹ کر بوسے
وہ تو کہتے رہے ہر بار یہ کیا

محشر میں بعد پُرسشِ اعمال دیکھنا
ہم دیکھتے پھریں گے تماشہ ادھر اُدھر

ہمیں توشوق ہے بے پرتم کو دیکھیں گے
تمھیں ہے شرم تو آنکھوں پہ ہاتھ رکھ لینا

کچھ تذکرہ ءعشق رہے حضرتِ ناصح
کانوں کو مزہ دیتی ہے گفتار ِ محبت

ہزار کام مزے کے ہیں داغ الفت میں
جو لوگ کچھ نہیں کرتے کمال کرتے ہیں
ان اشعار میں بھی روز مرے کی مدد سے کسی حد تک شاعرانہ کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ لیکن جذبے کی عدم تہذیب اور عشق کے آداب کا پاس ولحاظ نہ کرنے کے سبب داغ کی شاعری پر علی الاطلاق عیاشانہ شاعری کا حکم لگادیا۔۵۰۹۱ میں چکبست نے داغ کے متعلق جن خیالات کا اظہار کیا تھا اس کی باز گشت آج بھی سنائی دیتی ہے۔ کہتے ہیں:
“داغ کا معشوق ہمیشہ بازاری معشوق ہے اور داغ کے نزدیک عشق ، نفس پرستی کا دوسرا نام ہے ۔اس صورت میں داغ کی شاعری کو عاشقانہ شاعری کہنا زیبا نہیں ۔ کیوں کہ داغ حُسن و عشق کی اعلیٰ مفہوم سے بے خبر تھے۔داغ کی شاعری عیاشانہ شاعری ہے۔ (انتخاب مضامینِ چکبست: ص : ۹۴۱)
چکبست کے اس بیان پر اظہار ِ خیال یا محاکمے کے بہ جائے داغ کے یہ اشعار سنیے
ہم اب سے لیں گے بوسہءگل تیرے سامنے
کیا ایسا لعل ہے تیرے لب میں لگا ہوا

بتائیں لفظ تمنا کے تم کو معنی کیا
تمھارے کان میں اک حرف ہم نے ڈال دیا
خاموش سنتی رہتی ہے پہروں شبِ فراق
تصویر ِ یار کو ہے مری گفتگو پسند

داغِ وارفتہ کو ہم آج ترے کوچے سے
اس طرح کھینچ کے لائے ہیں کہ جی جانتا ہے

دن ڈھلے آنے کا وعدہ ہے کسی سے لیکن
آج یہ دن وہ قیامت ہے کہ ڈھلتا ہی نہیں

فلک سے طور قیامت کے بن نہ پڑتے تھے
اخیر اب تجھے آشوبِ روزگار کیا

عاشق کا ذرا سا دل تسکین ہی کیا اس کی
جھوٹا ہو کہ سچا ہو وعدہ تو کیا ہوتا

فسانہ ءشب ِ غم ان کو اک کہانی تھی
کچھ اعتبار کیا کچھ نہ اعتبار کیا

آپ پچھتائے نہیں جور سے توبہ نہ کریں
آپ گھبرائیں نہیں داغ کا حال اچھا ہے

وہ عیادت کو مری آتے ہیں لو اور سنو
آج ہی خوبیءتقدیر سے حال اچھا ہے

اس قسم کے اشعار کی تعداد داغ کے یہاں کم نہیں جن میں ہوس پرستی اور معاملہ بندی کے بہ جائے عشق ایک روحانی اور باطنی تجربے میں ڈھل گیا ہے۔وصل کے لمحاتی تجربے کے بہ جائے عاشق کا روحانی اضطراب قاری پر ایک کیفیت طاری کردیتا ہے۔یہاں عاشق کی تمام سرگرمیاں اور اس کی زندگی کے تمام مشاغل عشق کے مرکزی جذبے سے وابستہ ہوگئے ہیں۔جذبے کی تہذیب اور اس کی فن کارانہ پیش کش اس کے سوا اور کیا ہے؟ ان اشعار کی موجودگی میں یہ خیال کہ داغ کی شاعری کا حاصل ایک عیاش شخص کی فتوحات کا بیان ہے، محلِ نظر ہے، مذکورہ تمام اشعار اپنی پُر فریب سادگی ، روز مرے کی پابندی اور سبک روی کے ساتھ ہی معنی کے وسیع تر امکانات کا احاطہ کرتے ہیں۔
شعر کا ظاہری مفہوم خود اپنی دلالتوں سے دست و گریباں ہے اور معنی کو کسی سطح پر ٹھرنے نہیں دیتا۔ محبوب کے لبوں کی نزاکت اور خوش رنگی کے بیان کا اس سے بہتر پیرایہءاظہار کیا ہوگا۔ عاشق بوسہءگل محبوب کے سامنے لیا کرے گا۔محبوب کے لبوں میں ایسی کیا خاص بات ہے جو گل میں نہیں ؟ یہاں” لعل لگنے” کا محاورہ فقط برجستہ عام بول چال کا لطف ہی پیدا نہیں کرتا بلکہ معنی کی توسیع کا فریضہ بھی انجام دیتا ہے۔لعل کی سرخی ، رنگِ گل اور لبِ یار کو یک جا کردیتی ہے لیکن محاورے کے حاوی مفہوم کو بے دخل کر کے اگر لغوی سظح پر مصرعے کو پڑھیں تو” کیا”حرفِ استفہام ،لعل پتھر کی سرخی کو پیش منظر میں نمایاں کردیتا ہے اور یہ “استفہام انکاری”گل کی سرخی کو محبوب کے لب کی سرخی سے زیادہ پر کشش بنا کر پیش کرتا ہے۔لیکن معنی کی دونوں صورتوں میں عاشق کی نارسائی اور اس کا احساس ِ شکست نمایاں ہے۔محبوب کے لبوں کی ناکام حسرت ، بوسہءگل میں پناہ ڈھونڈتی اور گل کو بھی رسوا کرتی ہے۔
داغ کے کلام کی ایک اور خوبی جس پر کم توجہ دی گئی محاکات اور ڈرامائی کیفیت ہے۔ تصویریں بنانے اور معجز بیانی سے انھیں زندہ اور متحرک کردینے کا داغ کو خصوصی ملکہ حاصل ہے۔اس قسم کے اشعار میں کسی صورت ِ حال یا تجربے کو بیان کرنے کے بہ جائے داغ اسے آنکھوں کے سامنے ہوتا ہوا دکھاتے ہیں ۔ قاری اس منظر میں ذاتی تجربے کی حثیت سے شریک ہوتا ہے۔ یہ اشعار ملاحظہ ہوں جو سننے سے زیادہ دیکھنے کی کیفیت رکھتے ہیں۔
آنکھیںترے تلووں سے ملیں کس نے پئے وصل
وہ پھول سے نرگس کے بنے ہیں کفِ پا میں

دیکھنا پیرِ مغاں حضرت ناصح تو نہیں
کوئی بیٹھا نظر آتا ہے پسِ خم مجھ کو

نام ناصح کا لیا تھا میں
اے لو حضرت وہ چلے آتے ہیں

حضرت ِ داغ یہ ہے کوچہ ءقاتل اٹھیے
جس جگہ بیٹھتے ہیں آپ تو جم جاتے ہیں

کم بخت وہی داغ نہ ہو دیکھو تو جا کر
بے چین کیے دیتی ہے فریاد کسی کی
مذکورہ اشعار میں اولاً تو لہجے اور عام بول چال کی زبان نے شعر کی فضا کو بڑی حد تک غیر رسمی اور بے تکلف بنادیا ہے۔بے تکلفی کی اسی فضا کے سبب کرداروں کے باہمی تعلق میں ایک نوع کی یگانگت اور اپنائیت کا احساس ہوتا ہے۔ ان تصویروں میں شعر کا روای کمال ِ خاموشی اور سہولت سے اپنی شخصیت کو منظر سے الگ کرلیتا ہے کہ قاری کو محسوس ہی نہیں ہوتا کہ وہ شعر سننے کے بہ جائے منظر کو دیکھنے کے عمل میں مصروف ہے۔ راوی جب پیرِ مغاں سے کہتا ہے کہ” کوئی بیٹھا نظر آنے لگتا ہے۔ تھوڑی دیر کے لیے قاری یہ بھول جاتا کہ اس واقعے کا کوئی راوی بھی ہے اسی طرح محبوب کے کفِ پا میں نرگس کے پھول صاف دکھنے لگتے ہیں۔
علامہ اقبال نے داغ کے مرثیے میں غالباً ان کی اسی خوبی کو نشان زد کیا ہے۔

لکھی جائیں گی کتابِ دل کی تفسیریں بہت
ہوں گی اے خواب ِ جوانی تیری تعبیریں بہت

ہو بہ ہو کھینچے گا لیکن عشق کی تصویریںکون
اٹھ گیا ناوک فگن مارے گا دل پر تیر کون

داغ نے اپنی غزلوں میں جو دنیا آباد کی ہے اس میں دل و جان کی تسکین کے ہزاروں سامان ہیں ۔ اس شہرِ ہوس کے کردار ، ان کی گفتگو میں زندگی کی حرارت اور موانست کی گرمی ِ ہوس سے لے کر صوفیانہ تجربے تک عشق کے صد ہارنگ ، قلعہءمعلی کے محاورے ، شوخی ، حاضر جوابی اور ناصح سے چھیڑ چھاڑ ، غرض ایسی رونق اور گرم بازاری ہے کہ بس۔
٭٭٭
مشمولہ سہ ماہی ”اردو چینل“ جلد :13۔شمارہ :2 (اگست2011)مدیر :ڈاکٹر قمر صدیقی

KAI CHAAD THEY SAREY AASMAN

Articles

انیسویںصدی کی ایک بے باک خاتون کی کہانی

کاویری بام زئی

کاویری بام زئی
انگریزی سے ترجمہ: شمس الرب

انیسویںصدی کی ایک بے باک خاتون کی کہانی

یہ عظیم شاہکار ناول معلومات و تفریح کا ایک حسین و کامل امتزاج ہے۔ یہ کہانی ہے وزیر خانم نامی اس بے باک خاتون کی جو انیسویں صدی کے ہندوستان میں نوابوں اور صاحبوں کی ہم نشیں و ہم راز رہی۔ وزیر خانم ان نڈر خواتین کی نمائندہ ہےں جو ہر ملک و تہذیب میں مردوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑی رہتی ہیں۔
وزیر خانم ایک تاریخی کردار ہے۔ یہ ایک ایسی عورت کا نام ہے جو تنگ دستی میں پرورش کے باوجود آزادانہ خیالات اور اپنے وقت سے آگے کی سوچ رکھتی تھی۔ اس میں جرا¿ت و بے باکی کے جذبات کمسنی سے ہی جاگزیں تھے۔ ناول میں ایک جگہ وہ کہتی ہے کہ ”وہی تعلقات سب سے اچھے ہوتے ہیں جنھیں توڑا جاسکے۔“وہ ایسا صرف کہتی ہی نہیں بلکہ بے دھڑک کرتی بھی ہے۔ عمر کی سولہویں بہار دیکھنے سے پہلے ہی کمپنی بہادر کے ایک ملازم مارسٹن بلیک کے ساتھ جے پور بھاگ جاتی ہے۔ اس سے اس کے دو بچے بھی ہوتے ہیں۔پھر فیروز پور جھرکا اور لوہارو کے حاکم نواب شمس الدین احمد خان اس کے عشق میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔ دلّی کا انگریز ریزیڈنٹ ولیم فریزر حسد کی آگ میں جلنے لگتا ہے اور حوادث کا ایسا جال بُنتا ہے جو نواب شمس الدین کی سر عام پھانسی پر منتج ہوتا ہے۔ پھر وہ رام کے آغا مرزا تراب علی کی داشتہ (٭)بن جاتی ہے اور آخر کار شوکت محل کے نام سے مغل شہزادہ اور وارث تخت و تاج مرزا فتح الملک بہادر کی بیوی بن جاتی ہے۔
شاعر غالب ، نڈر انگریز سیاح عورت فینی پارکس، اینگلو انڈین جیمس اسکنراور طاقتور زینت محل جیسے تاریخی کردار ناول میں آتے جاتے رہتے ہیں۔ وزیر خانم انتہائی غربت اور گم نامی کے دنوں میں بھی ہمت نہیں ہارتی ۔ وہ اپنا ہنر یا جسم روٹی کے کچھ ٹکڑوں کے عوض بیچنے سے انکار کردیتی ہے۔ فاروقی اس کی تعریف کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ”وہ مردوں کا سامنا کرنے کو تیار تھی لیکن اپنی شرائط پر۔“
78سالہ اردو اسکالر شمس الرحمن فاروقی نے اپنی اردو ناول کو خود ہی انگریزی کا جامہ پہنایا ہے۔ وہ وزیر خانم کی زندگی بیان کرتے کرتے اکثر و بیشتر دور نکل جاتے ہیں، لیکن ان کا یہ عمل (قاری کے لیے) باعثِ مسرت ہوتا ہے۔ ناول میں اس دور کا ہندوستان پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہے۔ مختلف تہذیبوں کے تصادم کو خاص طور سے بیان کیا گیا ہے۔” انگریز ہر چار پانچ ہفتے میں صرف ایک بار ہی نہا کر خوش رہتے تھے اور سخت بدبو کے باوجود اپنے سونے کے کمرے ہی میں پیشاب کا برتن رکھ لیا کرتے تھے۔“ اردو میں محبت کے لیے مستعمل مختلف الفاظ کی تشریح بھی کی گئی ہے۔ مثال کے طور پر جب تندیِ شہوت ماند پڑجائے اور دماغ سکون و آرام کی آماجگاہ بن جائے تو اس کیفیت کو ’اُنس‘ کہتے ہیں۔گورے صاحب کچھ خاص شوق بھی رکھتے تھے جیسے امرد پرستی اور شراب کے جام کو ہوا کے ہم آغوش کرنا۔ ان سب سے بڑھ کر عشق و معاشقہ کی باتیں ہیں۔ وزیر خانم اپنے ایک عاشق کو خط کے ساتھ لیچی کا شہد بھیجتی ہے۔جواب میں عاشق سنگتری رنگ کے پیلے کاغذ پرکالے رنگ کی روشنائی سے ایک غزل لکھ کر بھیجتا ہے۔ اور فیشن کا تو پوچھنا ہی کیا ! وزیر خانم کے شیرازی جوتے ، ڈھاکہ کے ململ سے تیار کردہ اس کے شلوار اور نیلے رنگ کے مخمل سے بنایا گیا اس کا تنگ واسکٹ! پڑھنے والا خود کو کاموکتا کے سمندر میں ڈوبتا ہوا محسوس کرتا ہے۔ فاروقی کی غیر معمولی نثر اس کے ہر احساس کو جھنجھوڑتی ہے۔
ناول حقیقت اور تصور کے درمیان مسلسل آگے بڑھتی رہتی ہے۔ فریزر مارا جاتا ہے ، شمس الدین تختہ¿ دار پر چڑھا دیا جاتا ہے۔معاشرہ وزیر خانم کو ایک سزا یافتہ مجرم کی داشتہ کے طور پر دیکھتا ہے۔ بلیک سے مولود بچوں کو اس سے چھین لیا جاتا ہے۔
فاروقی کا لطیف پیرایہ¿ بیان وزیر خانم کے شہوانی تجربات کو شہوت انگیز نہیں رہنے دیتا۔ جب مرزا فتح الملک بہادر اس کے سیاہ ارغوانی زلفوں کو کھولتا ہے ، فاروقی ہمیں وزیر خانم کے شاندار جسم کی سیر پر لے کر نکل پڑتے ہیں: ”رانیں ایسی جیسے کسی ماہر کمہار نے سانچے میں ڈھال دیا ہو، کمر چیتے کے کمر جیسی پتلی اور پیٹ اتنا ہموارا ور چکنا جیسے کہ انتہائی مہارت کے ساتھ بنایا گیا لکڑی کا تختہ۔“
ناول میں خوف و دہشت سے مملو مناظر بھی موجود ہیں۔ کچھ لوگوں کی ایک جماعت ٹھگوں کا شکار ہوجاتی ہے۔ ان کی حالت یوں بیان کی گئی ہے: ”ان کی خشک زبانیں باہر کو نکلی ہوئی ہیں، ناک سے خون کے دھارے پھوٹ رہے ہیں،جس سے ان کے جسم خون سے لت پت ہیں۔“ فاروقی ہر چیز کو تفصیل سے بیان کرتے ہیں لیکن اس سے بوجھل پن کا احساس نہیں ہوتا۔ ان کا بیانیہ اپنے اندر اُس دور کا گہرا علم سموئے ہوئے ہے اور ان کے ہر لفظ سے اس گہرے علم کو ساجھا کرنے کی خوشی ٹپکتی ہے۔
اس ناول میں وزیر خانم اُس بہادر عورت کے مصداق ہے جس پر یہ فارسی کہاوت صادق آتی ہے کہ ” اب چاہے جو بھی ہو میں نے اپنی کشتی پانی میں ڈال دی ہے۔“وزیر خانم کے کئی مردوں سے تعلق تھے۔ لیکن شاید اس کا سب سے جذباتی اور پائیدار تعلق اپنے بیٹے سے تھا۔ یہ بیٹا شاعر نواب مرزا داغ تھا۔ داغ اپنی ماں کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ” ان کی ماں اُن عورتوں میں سے تھی جن کی اپنی تاریخ اور اپنا ماضی تھا اور یہ کہ دنیا کے بازار میں مذاکرات کی اُن کی اپنی شرائط تھیں۔“
اپنے اس شاہکار ناول میں فاروقی ایک جگہ لکھتے ہیں کہ ” ماضی ایک اجنبی ملک ہے۔ اس اجنبی ملک کا سفر کرنے والے اس کی زبان نہیں سمجھ سکتے۔ “ ممکن ہے اس ناول کے لکھے جانے سے پہلے یہ درست رہا ہو ، لیکن اس عظیم شاہکار کے منظر عام پر آجانے کے بعد اب یہ درست نہیں رہا۔ اس ناول کو پڑھنے کے بعد ماضی اجنبی نہیں بلکہ ہمدم و ہم راز لگنے لگتا ہے۔ اس ناول کے مطالعے بعد ایک سوال شدت سے ابھر کر سامنے آتا ہے کہ کیا سماجی روایات سے ہٹ کر زندگی بسر کرنے والی عورتیں خدا اور دنیا دونوں کی خواہش مند ہوتی ہیں؟ کسی شاعر کے الفاظ میں ”کیا یہ خام خیالی ہونے کے باعث ناممکن ہے؟“ وزیر خانم کی زندگی ہمیں یہ درشاتی ہے کہ آزادی کی قیمت بہت اونچی ہے ، لیکن یہ قیمت ایسی ہے جسے ہمیشہ سے عورتیں چکاتی آرہی ہیں۔
nvn
٭ یہاں مبصر (کاویری بام زئی) سے تسامح ہوا ہے۔ وزیر خانم مرزا تراب علی کی داشتہ نہیں منکوحہ تھیں۔ ناول کی سطریں ملاحظہ ہوں:
” اگلے چاند کی پہلی جمعرات (۴ شعبان المعظم ۸۵۲۱ مطابق ۱۱اگست ۲۴۸۱ ) کو وزیر خانم اور آغا مرزا تراب علی کا نکاح بطریق اہل سنت اور پھر بطریق مذہب اثنا عشریہ باندھا گیا۔“ (ص: ۴۸۵) ۔ (ڈاکٹر قمر صدیقی)


مشمولہ سہ ماہی ”اردو چینل“ جلد :18۔شمارہ :1(جنوری تا مارچ2016)مدیر: ڈاکٹر قمر صدیقی

MAZI AJNABI MULK NAHI HAI (KAI CHAAND THEY SAREY AASMAN)

Articles

ماضی اجنبی ملک نہیں ہے

این۔ کملا

این۔ کملا
انگریزی سے ترجمہ: شمس الرب

ماضی اجنبی ملک نہیں ہے

جب اورہان پاموک اور محمد حنیف جیسی شخصیات کسی کتاب کے بارے میں لکھتے ہوئے اس کی تعریف میں رطب اللسان ہوں تو توقعات کا بڑھ جانا فطری امر ہے۔ ساتھ ہی قارئین کو یہ خدشہ بھی لاحق ہوجاتا ہے کہ وہ اسے پڑھ کر مایوس نہ ہوں۔ یہ عظیم الشان اور پرشکوہ ناول ہر اس تعریف کی مستحق ہے جو اس پر نچھاور کی گئی ہے۔ یہ ناول چھ ابواب اور اڑسٹھ فصول پر مشتمل ہے۔ ہر فصل کا عنوان جداگانہ ہے۔ مثال کے طورپرفصل ’حبیب النساءبیگم‘ کا آغازکچھ یوں ہوتا ہے: ” حبیب النسا ءبیگم ، وزیر خانم کو رات کے لیے تیار ہونے میں مدد کرتی ہے اور نواب شمس الدین اپنے مچلتے جسم و روح کو صبر و استقلال کے تمام ممکنہ دروس سکھاتا ہے۔ ناول The Mirror of Beauty (کئی چاند تھے سر آسماں) بلا شبہ اپنے زمانے کی عکاس ہے۔
ناول میں سترہویں صدی کے اواخر سے 1857 سے ماقبل زمانہ کی عکاسی کی گئی ہے۔ لیکن اس کی شروعات زمانہ¿ حال سے ہوتی ہے۔ برٹش لائبریری کی خاک آلود فائلوں میں ایک پراسرار طور پر خوبصورت عورت کی تصویر ملتی ہے۔ یہاں سے کہانی ایک لمبے فلیش بیک کے ساتھ ماضی میں چلی جاتی ہے۔ یہاں سے ازحد خوبصورت عورت وزیر خانم کے سفر وحشت کی کہانی شروع ہوجاتی ہے۔ دوسرے باب میں ایک ایسے دور کی کہانی کا آغاز ہوتا ہے جہاں ذرائع مواصلات اگرچہ دھیمے رہے ہوں لیکن جذبات سیلِ رواں کی مانند تیز و تند تھے۔ کہانی کی شروعات وزیر خانم کے پر دادا کے کشن گڑھ سے کشمیر کی برفیلی چوٹیوں تک کے سفر سے ہوتی ہے۔ ساتھ ہی ان دستکاروں اور فنکاروں کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے جو اس دور میں پھلے پھولے ۔ ان میں زیادہ تر نقاش ، قالین باف اور موسیقار وغیرہ تھے۔ وزیر خانم کے آبا و اجداد انھیں پیشوں سے منسلک تھے۔ باقی کہانی میں وزیر خانم کے محبت کی داستان ہے۔ وزیر خانم محمد یوسف اور اصغری بیگم کی سب سے چھوٹی بیٹی ہے۔ کمسنی ہی میں وہ انگریز مارسٹن بلیک کے ساتھ بھاگ جاتی ہے۔ مارسٹن سے اس کے دو بچے ہوتے ہیں۔ بعد ازاں مارسٹن بلیک کی بھیڑ کے ہاتھوں درد ناک موت ہوتی ہے۔ اس کے انگریز رشتے دار اس کے بچوں کو زبردستی اپنے ساتھ لے کر چلے جاتے ہیں تاکہ وہ ان کی تربیت عیسائی طور طریقے سے کر سکیں۔ وزیر خانم دلّی منتقل ہوتے ہی نواب شمس الدین احمد خان کے تعلقات میں بندھ جاتی ہے۔ نواب شمس الدین احمدخان اس کا سب سے محبوب عاشق تھاجس سے اس کو ایک لڑکا پیدا ہوتا ہے۔ نواب شمس الدین کی موت کے بعد وہ رام پور کے آغا تراب علی سے شادی کرلیتی ہے اور تراب علی کی موت کے بعد آخر کار شہزادہ مرزا فخرو کے ساتھ رشتہ¿ زوجیت میں منسلک ہوجاتی ہے۔ مرزا فخرو مغل خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور شاہِ ہندوستان کے تیسرے نمبر کے وارث تھے۔ وہ ”لال قلعہ“ کے اندر اپنی حویلی میں شاہانہ زندگی بسر کرتے تھے۔
وزیر خانم کے رابطے اور معاشقے کی کہانی کو آگے بڑھاتے ہوئے عام لوگوں کی زندگی کی بھی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔ دربار کی سازشوں، جان کمپنی کی بڑھتی دولت اور ملک پر قبضہ کرنے کے لیے انگریزوں کی سازشوں کو بخوبی بیان کیا گیا ہے۔ اس ناول میں ماضی کے کرداروں، جگہوں اور حوادث کو نئی زندگی عطا کی گئی ہے۔ ناول کا ایک کردار ابتدا ہی میں کہتا ہے کہ ” اس نے اس نظریے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے کہ ماضی ایک اجنبی ملک ہے اور اس کا سفر کرنے والے اس کو سمجھ نہیں سکتے۔ وہ کہا کرتا تھا کہ پرانے الفاظ کو نئے الفاظ کا جامہ پہنا یا جاسکتا ہے ۔ بس ضرورت اس بات کی تھی کہ ہمدردی کاجذبہ موجود ہو اور نہ صرف یہ کہ اپنائیت و یگانگت کا احساس پیدا کیا جائے بلکہ اس اپنائیت کی گرمجوشی کو محسوس بھی کیا جائے۔“ (ص:17)شمس الرحمن فاروقی یہ کام کر دکھاتے ہیں ۔ان کی ناول ماضی کے تئیں اسی ہمدردی، اپنائیت اور گرمجوشی کا مرقع ہے۔
فاروقی انگریزوں کے عروج کی واضح تصویر کشی کرتے ہیں۔ وہ یہ دکھاتے ہیں کہ کیسے انگریزی فوجیں ہندوستانی فوجوں کو تہ و بالا کردیتی ہیں۔ وہ یہ بھی بتاتے ہیں کہ میدانِ جنگ میں موجود ہر گھوڑ سوار، ہاتھی اور فرنگی کمانڈر کے پاس کیا کیا ہے اور کیسے انگریز فوج چالاکی کے ساتھ پیچھے ہٹتی ہے اور پلٹ کر پیچھے سے حملہ کرتی ہے۔ (صفحات 181تا 182)
ناول میں اس بات کی بھی واضح جھلک دکھائی دیتی ہے کہ کیسے انگریز کلکٹر اور دیگر اہلکار کمپنی کا اقتدار اور رعب و داب برقرار رکھنے کے لیے سختی برتا کرتے تھے۔ (صفحہ 204) شمس الدین تنبیہ کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ” جنت نظیر ہندوستان پر ایک شیطانی سایہ مسلط ہوگیا ہے۔“ (صفحہ 572) وہ مزید کہتا ہے کہ ” ایک نہ ایک دن فرنگی سکھوں کے خون سے ضرور ہولی کھیلیں گے۔“ (صفحہ 573)انگریزی زبان و رسوم کے غلبے کو بڑی وضاحت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ ناول میں ایک جگہ مذکور ہے کہ” قلبِ دلّی ایسے لوگوں کی آماجگاہ بنتا جارہا ہے جنھوں نے فرنگیوں کی کتابیں اصل انگریزی زبان میں پڑھی ہیں اور اپنی زندگیوں کو فرنگی طرز زندگی کے مطابق ڈھال لیا ہے۔“(صفحہ 736)
یہ ناول اصلاً اردو میں لکھی گئی ۔ اس کا ہندی میں بھی ترجمہ کیا گیا۔ جسے لوگوں نے خوب سراہا۔ ناول کا زیر تبصرہ انگریزی ترجمہ ناول نگار نے خود کیا ہے۔ ا س ترجمے سے پتہ چلتا ہے کہ ناول نگار زبان کے تمام پہلوﺅں کے تئیں بہت حساس ہیں۔ وہ ہندوستان میں بولی جانے والی کئی زبانوں سے واقف ہیں۔ اصطلاحی الفاظ کی لسانی تاریخ اور تشریح اور ان کے مترادفات کا انھیں گہرا علم ہے۔ نیز مختلف زبانوں مثلاً ہندی اور اور انگریزی کے درمیان الفاظ کے آدان پردان پر بھی ان کی گہری نظر ہے۔ مثال کے طور پر (فاروقی نے بتا یا کہ) لفظ ’چمپی‘ انگریزی زبان میں آکر شمپو ہوگیا۔ لفظ ’چٹھی‘ انگریزی زبان میں آکر ’چٹ‘ ہوگیا اور لفظ Loveاردو لفظ ’عشق‘ ہی کا کام چلاﺅ ترجمہ ہے۔ ناول نگار زبان کے تئیں اتنے حساس ہیں کہ وہ ایک متروک و فرسودہ انگریزی عبارت to have a bee in one’s bonnet کا استعمال کرنے پر اظہار معذرت کرتے ہیں۔ پوری نثر میں شاعرانہ نغمگی کی جلوہ گری ہے، جس میں اصل اردو کی نمایاں چھاپ ہے۔ لیکن نثر پر تصنع کا الزام بھی نہیں لگایا جاسکتا۔ جب وزیر خانم کی ماں کا انتقال ہوجاتا ہے اور’ انھیں اچانک خاموشی کے ساتھ خدا کے یہاں بلا لیا جاتا ہے ۔اس شبنم کی بوند کی طرح جسے عالم تاب سورج کانٹے کی نوک سے اٹھا لیتا ہے۔‘( صفحہ 57) قاری کا دل اس نقصان پر رونے لگتا ہے۔
ناول میں فن مصوری کی باریکیوں، قالین سازی کی پیچیدگیوں اور موسیقی کے مختلف راگوں کے مفاہیم کو بڑی تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ اس سے ناول نگار کی باریک بینی اور عرق ریزی کا پتہ چلتا ہے۔ ان کی زبان میں راجپوتانہ اور کشمیر کے درمیان فرق ابھر کر سامنے آجاتا ہے۔ ” وہ سنہرے بالوں والے اونٹ کہاں گئے جن کے بال ان کے جسم سے رسیوں کی طرح لٹکتے رہتے تھے۔ان شیروں اور چیتوں کا کیا ہوا جن کی لمبائی آٹھ ہاتھ کی تھی یہاں صنوبر اور بلوط کے ایسے درخت تھے جن کی شاخیں آسمان کی پیشانی چومتی تھیں، جن کے سر فخر سے تنے رہتے تھے اور جو تاریکی میں پر اسرار لباس زیب تن کیے ہوئے ہوتے تھے۔“ (صفحہ 74) ”یا میں ایک ایسی دور دراز ، اداس ، مرجھائی ہوئی اور خشک سرزمین سے تعلق رکھتا ہوں جس کی خاک کا رنگ بچھو آلود ہے“ (صفحہ 126)
ناول میں موجود شوہر و بیوی سے متعلق چبھتے ہوئے تبصرے ناول کا مزہ دوبالا کردیتے ہیں۔ ”اس کے لیے شوہر ایک تعویذ تھا جسے سمجھنے نہیں بلکہ احتیاط سے محفوظ رکھنے کی ضرورت تھی۔ “ (صفحہ 96) اور ” بیویاں صرف بیویاں ہوتی ہیں۔“ (صفحہ 209) سب سے اہم بات یہ ہے کہ پوری ناول میں کم از کم وزیر خانم کے طور طریقے سے ایک مضبوط فیمنسٹ استدلال جھلکتا ہے۔ خاص طور پر یہ استدلال اس وقت پوری قوت کے ساتھ سامنے آتا ہے جب وہ اپنے بیٹے کو مذہبی کتابوں کا حوالہ دینے پر غصہ سے جھڑکتی ہے۔ ” کس نے ان کتابوں کو لکھا ہے؟ مردوں ہی نے نہ؟ تمھارے قاضی، تمھارے مفتی ، تمھارے بزرگ کون ہیں؟ مرد ہی ہیں نہ؟“ (صفحہ 726)
اس ناول کی وسعت و گہرائی سحر انگیز ہے۔ اس کی گیرائی متاثر کن اور پیشکش مرعوب کن ہے۔ انگریزی میں ترجمہ شدہ یہ ناول اصل ناول کے مقابلے میں کیسی ہے ، یہ اس تبصرہ نگار کے دائرہ¿ کار سے باہر ہے۔ موازنہ جاتی تبصرہ ایک الگ قسم کا تجزیہ ہوگا۔ اس ناول کے بارے میں اگر کوئی تنقید ہوسکتی ہے تو وہ یہ ہے کہ اس کا خاتمہ یک لخت اور غیر متوقع ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ناول کا حجم بڑھتا جارہا تھا اس لیے ناول نگار نے اسے یک لخت ختم کردیا۔ یہ بھی محسوس ہوتا ہے کہ اس ناول میں کچھ ایسے پہلو بھی چھوٹ گئے ہیں جنھیں اتنی ضخیم ناول میں چھوڑنا مناسب نہیں تھا۔ بہر حال میں بھی وہی کہوں گی جو اس ناول کے کردار جا بجا کہتے رہتے ہیں :
”صرف خدا کی ذات عیب سے پاک ہے۔“
————————————————–

مشمولہ سہ ماہی ”اردو چینل“ جلد :18۔شمارہ :1(جنوری تا مارچ2016)مدیر: ڈاکٹر قمر صدیقی