Sau Takalluf
Articles
Sham E Aitbar
Articles
شام آفاق بنام اعتبار
وسیم عقیل شاہ
✨”شام آفاق بنام اعتبار “✨
( گوونڈی میں شعری و اعزازی نشست )
گوونڈی 8 دسمبر 17 : شعبہ درس و تدریس بی ایم سی کے سرگرم معلم اور معمار کے اہم رکن مقصود آفاق کو ان کے شعری مجموعہ “اعتبار” کے لیے امسال مہاراشٹر اردو ساہتہ اکیڈمی کے ذریعے انعام سے نوازا گیا ہے ـ لہذا اس سلسلے میں معمار فاؤنڈیشن، ممبئی نے موصوف شاعر کے اعزاز میں ایک شعری و اعزازی نشست کا اہتمام بعنوان “شام آفاق بنام اعتبار “، گوونڈی (ممبئی ) میں کیا ـ عرفان سر تلاوت کلام پاک سے اس بزم آغاز کیا، وسیم شیخ نے اغراض و مقاصد پیش کیے اور پروگرام کو دو سیشن پر مشتمل کرنے کا اعلان کیا ـ پہلے سیشن میں بطور مہمان خاص تشریف فرما عارفہ شیخ سلیم (بی او ایم وارڈ ) نے اپنے تاثرات میں مقصود آفاق کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی علمی و ادبی صلاحیتوں کو اپنے طلبا میں اتارنا بھی فن کے اہم مقاصد میں شامل ہے نیز یہ کہ علم و ادب میں سرگرم اشخاص کی خدمات کا اعتراف کرنا ایک بڑا کام ہے ایسی کاوشوں کے لیے وہ ہر طور معمار فاؤنڈیشن اور ان جیسے دیگر اداروں کے ساتھ ہیں جو اس طرز پر قائم ہیں ـ معروف شاعر و مترجم قاسم ندیم نے اپنے مقالے کے ذریعے شاعرِ ‘اعتبار’ کے فن کے تفہیمی پہلوؤں کو وا کیا تو نوجوان شاعر و ناقد محسن ساحل نے مقصود آفاق کے فن اور شخصیت پر اپنا مضمون پڑھا ـ عابد شیخ نے بطور ناشر اپنا مختصر مضمون پیش کیا جس میں انھوں نے مقصود آفاق کی ادبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی شخصیت کا بھی مکمل احاطہ کیا ـ اس پروگرام کی صدارت فرما رہے ڈاکٹر قمر صدیقی نے شاعری کی روایتی روش، صالح اقدار، رجحانات، فن اور تخیلی شعور پر بھر پور روشنی ڈالی نیز مقصود آفاق کی شاعری سے متعلق کہا کہ مقصود کے حیطہ اظہار میں ہر طرح کا رنگ شامل ہے اگرچہ کہ حسن و جمال، عشق و رومان ، ہجر و وفا کے رنگ ان کی شاعری میں غالب رہے ہیں ـ
دوسرے سیشن میں ایک مختصر مشاعرہ ترتیب دیا گیا جس میں صاحب اعزاز کے ساتھ ہی قمر صدیقی ، محسن ساحل ، اسماعیل راز، ارشاد راغب، علیم سر اور ذیشان ساحر جیسے شعراء نے اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا ـ نظامت کے فرائض فروز قریشی اور محسن ساحل نے مشترکہ طور پر انجام دیے جبکہ اظہار تشکر وسیم شیخ نے پیش کیا ـ اس پروقار تقریب میں بی ایم سی کے اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ـ
Sunboshi A japanse Folktale
Articles
جاپانی لوک کہانی۔۔۔سن بوشی
جاپانی لوک کہانی
جاپان میں کسی جگہ ایک میاں بیوی بڑی خوش حال زندگی بسر کررہے تھے، لیکن بدقسمتی سے ان کی کوئی اولاد نہ تھی۔ ایک روز وہ عبادت گاہ میں گئے اور گڑگڑا کر دعا کی۔ ’’اے اللہ، اپنی رحمتوں سے ہمیں ایک بچہ عطا فرما، چاہیے انگلی کے ایک پور کے برابر ہو۔‘‘ کچھ عرصے بعد ان کے ہاں ایک خوب صورت لڑکا پیدا ہوا۔ لیکن اس کا قد بالغ انسان کی اُنگلی سے بھی کم تھا، اس کے باوجود اس کے والدین نے اسے ناز و نعم سے پالا جیسے وہ ان کی آنکھ کا تارا ہو۔ لڑکا انتہائی ذہین اور اچھے اخلاق کا تھا… مگر اس کے قد میں اضافہ نہ ہوا۔ اڑوس پڑوس کے لوگ بھی اس سے محبت پیار سے پیش آتے اور اُسے سن بوشی کے نام سے پکارتے ’’سن‘‘ ایک پیمانہ ہے تقریباً تین سینٹی میٹر کے برابر اور ’’بوشی‘‘ کے معنی پروہت کے ہیں۔ پُرانے زمانے میں بچوں کے سر پرہیتوں کے مانند منڈے ہوئے ہوتے تھے جنہیں ’’پروہت‘‘ کہا جاتا۔ آہستہ آہستہ یہ بچوں کا معروف نام بن گیا۔ ایک روز سن بوشی نے شاہی دارالحکومت کیا ٹو جانے کا ارادہ کیا تاکہ وہ زندگی میں کوئی اُونچا مقام حاصل کرسکے۔ اس نے والدین سے کہا ’’پیارے امی ابا، میں دارالحکومت جانا چاہتا ہوں۔ وہاں پڑھوں لکھوں گا اور بڑا آدمی بن جائوں گا۔ مجھے جانے کی اجازت دیجیے۔‘‘ پہلے تو والدین کسی قدر ہچکچائے لیکن انہیں اپنے بیٹے کی ذہانت پر اعتماد تھا، اس لیے خوشی خوشی اجازت دے دی۔ انہوں نے ایک سوئی کی تلوار بنائی اور تنکے کی نیام میں ڈال کر سن بوشی کے پہلو میں لٹکادی۔ اس کے علاوہ ایک پیالہ اور ہاتھی دانت سے تیار کردی تیلی بھی دی۔ سن بوشی نے ماں باپ کو خیر باد کہا اور سفر پر نکل کھڑا ہوا۔ دارالحکومت کو ایک دریا جاتا تھا۔ اُس نے پیالے سے کشتی کا کام لیا اور ہاتھی دانت کی تیلی سے چپو کا، اور کئی دن تک دریا کے بہائو کے ساتھ ساتھ کشتی کھیلتا رہا، آخر کار دارالحکومت پہنچ گیا۔ شہر میں داخل ہوا، تو اسے ایک وسیع وعریض شان دار محل دکھائی دیا یہ ایک بااثر وزیر کی رہائش تھی۔ دروازے پر سن بوشی چلانے لگا: ہیلو، ہیلو…‘‘ اندر سے ایک نوکر بھاگتا ہوا آیا، لیکن اُسے کچھ دکھائی نہ دیا۔ آواز دوبارہ سنائی دی۔ اس نے غور سے دیکھا، تو دروازے کی اوٹ میں بونے سن بوشی پر نظر ڈالی۔ ’’میرانام سن بوشی ہے، میں یہاں پڑھنے کے لیے آیا ہو‘ مہربانی کرکے مجھے وزیر کے خادموں میں رکھ لو۔‘‘ نوکر نے اسے پکڑ کر ہتھیلی پر بٹھالیا اور وزیر کے سامنے لے گیا۔ سن بوشی نے احترام سے سرجھکا یا اور کورنش بجالایا۔ وزیر اور اس کے مصاحب بہت متاثر ہوئے، اسے محل میں ملازمت اور رہائش کی اجازت مل گئی۔ اگرچہ کوتاہ قد تھا۔ لیکن انتہائی ذہین ہونے کی بناء پر ہر کام بڑے سلیقے سے انجام دیتا۔ اُس کی سب سے اعلیٰ صفت یہ تھی کہ وہ ہر ایک کے ساتھ خوش خلقی سے پیش آتا ۔ اسی بناء پر لوگ اُسے بہت چاہتے۔ خصوصاً وزیر زادی کا دل اُس نے موہ لیا اور وہ ہر وقت اُسے ساتھ رکھتی۔ ایک روز وزیرزادی کینن (رحم کی دیوی) کی عبادت گاہ میں گئی۔ سن بوشی بھی ہم راہ تھا۔ واپسی پر دو چڑیلوں نے اچانک ان پر حملہ کردیا… اور وزیرزادی کو اُچک لے جانے کی کوشش کی۔ سن بوشی جو اُس کی آستین میں چھپا ہوا تھا، جست لگا کر باہر نکلا اور تلوار سونت کر کہنے لگا: ’’جانتی ہو میں کون ہوں؟ میں وزیر زادی کا محافظ ہوں۔‘‘ ایک چڑیل نے بڑے مزے سے اُسے نگل لیا۔ سن بوشی اس قدر چھوٹا تھا کہ آسانی سے چڑیل کے معدے میں چل پھر سکتا تھا۔ اُس نے اپنی تلوار سے معدے میں کچھوکے لگانے شروع کردیے۔ تنگ آکر چڑیل نے اُبکائی کے ذریعے اُسے باہر اُگل دیا۔ اس پر دوسری چڑیل سن بوشی کی طرف بڑھی، لیکن بونے نے اچھل کر تلوار کی نوک اُس کے آنکھ میں گھونپ دی۔ ابھی وہ سنبھلنے بھی نہ پائی تھی کہ دوسری آنکھ بھی پھوڑ دی۔ درد سے کراہتی ہوئی دونوں چڑیلیں سر پٹ بھاگ کھڑی ہوئیں۔ جب وہ وزیر زادی کے ساتھ گھر کی طرف چلنے لگا، تو اس کی نگاہ ایک چھڑی پر پڑی جو چڑیلیں چھوڑ گئی تھیں۔ یہ چڑیلوں کا خزانہ یعنی جادو کی چھڑی تھی۔ اسے ہوا میں لہرانے سے ہر شے حاصل کی جاسکتی تھی۔ وزیر زادی چھڑی دیکھ کر بولی: ’’پیارے سن بوشی، یہ جادو کی چھڑی ہے، تم جو جی چاہے حاصل کرسکتے ہو۔‘‘ ’’نہ مجھے دولت کی ضرورت ہے نہ گندم اور چاول کی‘‘ سن بوشی نے کہا۔ ’’میری خواہش یہ ہے کہ میرا قد لمبا ہوجائے۔‘‘ وزیر زادی نے چھڑی ہوا میں لہراتے ہوئے کہا: ’’سن بوشی کا قد بڑھادے، بڑھادے۔‘‘ ساتھ ہی سن بوشی کا قد بڑھنے لگا یہاں تک کہ وہ ایک خوب صورت جوان بن گیا۔ اس کے بعد سن بوشی کی شادی وزیر زادی سے ہوگئی اور وہ اپنے والدین کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی بسر کرنے لگا۔
Save Girl Child by Wajahat Sattar
Articles
History of Urdu Language
Articles
History of Urdu Language
Aaj ka Qata
Articles
Sanat-e-Ghair Manqootah Mein Manzoom Seeratunnabi
Articles
صنعتِ غیر منقوطہ میں منظوم سیرت النبی
ڈاکٹر رشید اشرف خان
اسلام ایک ایسا نو ر تھا جس کی کرنیں عرب کی سر زمینِ حجازسے پھوٹیں اور دیکھتے ہی دیکھتے سارے عالم کو منورکرگئیں اور آج تقریباََ ڈیڑھ ہزار سال کی مدت کے درمیان دنیا کے ہرمکتبۂ فکر کے علما اور شعرا نے سیرتِ نبوی کو اپنا موضوع بنایا اور ہزاروں کی تعداد میں اپنی یا د گار تحریریں نظم ونثر کے پیرائے میں چھوڑی ہیں۔
اس تاریخی حقیقت سے کوئی صاحب علم انکار نہیں کر سکتاکہ جس طرح مختلف دنیوی علوم کو سمجھنے کے لیے مشکل کتابوں کی لغتِ اصطلاحات ،تراجم ، تفسیر یا زندہ استاذ کی مدد درکار ہوتی ہے اسی طرح کلام اللہ کوبخوبی سمجھانے والااور اس کی عملی تشریح کرنے والا بھی کوئی چاہئے۔ اس مقصد کے حصول کا واحد قابل قبول اور سا ئنٹفک وسیلہ سوا اس کے اور کچھ نہیں کہ ہم حضور کی سیرتِ طیبہ سے بھر پور استفادہ کریں۔ یہی وجہ ہے کہ آنحضرت کی زندگی میں براہ راست اور آپ کے وصال کے بعد ، آپ کے اہلِ بیت ،آئمہ صحابۂ کرام اور محدثین ومؤرخین نے بالواسطہ آپ کی سیرت پاک اور اعمال و اقوال کو کتابوں کی شکل میں محفوظ کرلیا۔ ہر خطۂ زمین میں سیکڑوں زبانوں میں یہ اسلامی ادب لکھ لیا گیا اس کی تبلیغ وتشہیر کی گئی نیز اس پر مباحثے ،مناظرے ، محاکمے اور مصاحبے ہونے لگے۔ معلوم ہوا کہ قران حکیم کی صحیح قرأت اس کے مطالب کی صحت مند تفہیم اور تبلیغ کے لیے آپ کی سیرت مبارک بے حد مفید ، نا گزیر اور سبق آموز قرار پائی ۔ دیگر زبانوں سے قطع نظر صرف اردو زبان میں لکھی گئی سیرت کی کتابوں پر نظر ڈالئے تو آپ کو کئی مشہور کتابیں ملیں گی ۔ سر ولیم میور لفٹننٹ گورنر کی گستاخانہ کتابLife of Mohammad کے جواب میں لکھی ہوئی سر سید احمد خاں کی کتاب ’’ خطبات احمدیہ‘‘ کو بھلا کون بھلا سکتا ہے ؟ اسی طرح ہم شمس العلما مولانا شبلی نعمانی کو بھی فراموش نہیں کر سکتے جنھوں نے ۱۹۱۳ء میں بڑے روحانی جوش وسر مستی کے ساتھ ’’ سیرت النبی‘‘ لکھنے کا کام شروع کیا۔ اسی ضمن میں مولانا شبلی نے لکھاتھا کہ:
عجم کی مدح کی ، عباسیوں کی داستاں لکّھی
مجھے چندے، مقیمِ آستانِ غیر ہونا تھا
مگر اب لکھ رہا ہوں سیرتِ پیغمبرِ خاتم
خدا کا شکر ہے ، یوں خاتمہ با لخیر ہونا تھا
اور واقعی خاتمہ بالخیر ہوا۔ وہ سیرت النبی کی پہلی جلد ختم کرکے دوسری جلد لکھ رہے تھے کہ ۱۸ نومبر ۱۹۱۴ء کو اپنے مالک حقیقی سے جا ملے ۔ وصیت کے مطابق ان کے لائق اور فرماں بردار شاگرد مولانا سید سلیمان ندوی نے چھ جلدوں میں سیرت نگاری کی۔
اسلام کے تعلق سے اردو شاعری میں ’’ مدوجزر اسلام‘‘ (مسدس حالی )کا مرتبہ ہی کچھ اور ہے ۔ یہ مسدس مولانا حالی ؔ نے سر سید کی دوستانہ فر مائش پر ۱۸۷۹ء میں تصنیف کیا تھا۔قدرے تفصیلی مسدس حالی پر گفتگو نہ کرتے ہوئے صرف ایک بند پیش کرتا ہوں جس کا تعلق حضور کی سیرت پاک سے ہے:
وہ نبیوں میں رحمت لقب پانے والا
مرادیں غریبوں کی بَر لانے والا
مصیبت میں غیروں کے کام آنے والا
وہ اپنے پرائے کا غم کھانے والا
فقیروںکا ملجا ، ضعیفوں کا ماویٰ
یتیموں کا والی ، غلاموں کا مولا
نبیِ رحمت کی منظوم سیرت پاک کا ایک اور نادر نمونہ ’’ شاہنامہ اسلام ‘‘ بھی ہے جسے ابو الاثر حفیظ جالندھری نے نظم کرکے دنیاے ادب پر اپنا سکہ جمایا تھا ۔ حفیظ جالندھری کی تاریخ ولادت ۱۴ جنوری ۱۹۰۰ء بمقام جالندھر اور تاریخ وفات ۲۱ دسمبر ۱۹۸۲ء بمقام لاہور ہے۔
’’شاہنامہ اسلام‘‘ کا آغاز ایک خوبصورت اور وجد آور سلام سے ہوتا ہے جس کے اشعار آج تک خوش عقیدہ اربابِ ادب اور فرزندان توحید جھوم جھوم کر پڑھتے ہیں:
سلام اے آمنہ کے لعل ، اے محبوب سبحانی
سلام اے فخر موجودات ، فحرِ نوع انسانی
سلام اے ظلّ رحمانی ، سلام اے نور یزدانی
ترا نقشِ قدم ہے زندگی کی لوح پیشانی
ترا در ہو مرا سر ہو ، مرا دل ہو ترا گھر ہو
تمنا مختصر سی ہے ، مگر تمہید طولانی
چار جلدوں پر مشتمل ’’شاہنامہ اسلام ‘‘ کی پہلی جلد جو مثنوی کی شکل میں تھی ۱۹۲۹ء میں پہلی بار منظر عام پر آئی تھی ۔ حفیظ جالندھری نے اپنی نظم کے لیے بحر ہزج مثمن سالم ( مفاعی لن ، مفاعی لن ، مفاعی لن ، مفاعی لن )کا انتخاب کیاہے جو عموماََ رزمیہ شاہناموں میں استعمال نہیں کی جاتی۔اردو میں حفیظ جالندھری کی یہ تصنیف پیرایۂ نظم میں اپنے موضوع پر پہلی کتاب تھی جس نے علم وادب کی دنیا میں شاہکار تصنیف و تخلیق کا مرتبہ ومقام حاصل کیا۔ ’’شاہنامہ اسلام ‘‘ کے بعد ایک مدت تک اس موضوع پر کوئی کام نہیں ہو ا لیکن انیسویں صدی میں اسی(۸۰) کی دہائی میںسیرت النبی کے موضوع پر ایک علمی کارنامہ پاکستان کی سر زمین سے وجود میں آیا ۔ پاکستان کے عالم مولانا ولی رازیؔکی فضیلت آفریں نورانی تالیف ’’ ہادیِ عالم‘‘ کے نام نامی کو فراموش نہیں کرسکتے۔یہ نثری تصنیف جو بے نقط اور سلسلۂ سیر مقدس میں اپنے انداز کی وجہ سے منفرد مرتبہ کی مالک ہے ۔مثال کے طور پر یہ اقتباس دیکھیے:
’’اس دور کی عام رسم رہی کہ مکہ کے سرداروں کے سارے لڑکے کسی دائی کے حوالے ہوں اور گاؤں کی کھلی ہوا کے عادی ہوں۔ رسول اکرم کی والدۂ مکرمہ کا ارادہ ہوا کہ رسم ِ مکہ کی رُو سے ولد مسعود کسی دودھ والی کے حوالے ہواور وہاں کا ماحول رسول اللہ کو سادگی کا عادی کرے‘‘
(ہادیِ عالم صفحہ نمبر ۴۵)
ہندوستان کی مشہور درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے اجتماع میںیہ سعادت، مقام دریاباد ، پوسٹ دودھارا ، ضلع بستی(یوپی) متوطن مولانا صادق علی قاسمی کے نصیب میں تھی کہ اجتماع کے دوران مولانا صادق صاحب کے کرم فرما مولانا عبدالرحیم صاحب کی ایما پر مولانا صادق نے یہ طے کیا کہ وہ مولانا رازی ؔ کی کتاب ’’ ہادیِ عالم ‘‘ کے نثری اور بے نقط متن کو لبا س نظم پہنائیں گے اور وہ بھی صنعت غیر منقوطہ کی مدد سے۔بظاہر یہ ایک بڑا چیلنج تھا لیکن جوش ایمانی اور فضل ربانی نے یہ مشکل بہر حال آسان کردی اور مولانا نے ۱۲۱ صفحات پر مشتمل پہلی جلد تخلیق کی۔جس کا تعلق مکی دور اور اسلامی معرکے سے ہے۔ ارباب علم اس بات کو بہ خوبی جانتے ہیں کہ اردو حروف تہجی میں غیر منقوط حرف کی تعداد بہت ہی کم ہے اور اس تنگ دامنی کے ساتھ شعری حدود وقیود کی پابندی، اسلوب اور زبان وبیان کی چاشنی کو بر قرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سیرت النبی کے تقدس کو ملحوظ رکھتے ہوئے مولانا صادق نے ’’ داعیِ اسلام ‘‘ لکھ کر جو نادرو نایاب تحفہ اہل اسلام اور اردو ادب کو دیا ہے اس کی نظیرپوری تاریخ اسلام اوردنیاے اردوادب میں نہیں ملتی۔اس کا اعتراف مذہبی علوم میں دسترس رکھنے والی بر گزیدہ شخصیات کے علاوہ زبان وادب کے ماہرین نے بھی کیا ہے ۔ مولانا صادق علی کی مذکورہ تصنیف کی تقریظ ممتاز عالمِ دین اور زبان وبیان کے نبا ض قاضی اطہر مبارک پوری نے لکھی تھی ۔تقریظ کے درج ذیل اقتباس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مولانا صادق کی اس علمی وادبی کاوش کی تعلیم یافتہ طبقہ میں بھر پور پذیرائی ہوئی تھی ۔فضیلت الاستاذ قاضی اطہر مبارک پوری کی حسبِ ذیل تقریظ کا اقتباس ملاحظہ فرمایئے:
’’ صنعت بے نقط میں دس پانچ سطر یا صفحہ دو صفحہ لکھنا زیادہ مشکل نہیں اور نظم ونثر میں اس کی مثالیں پائی جاتی ہیںمگر اس تنگ دائرے میں رہ کر منظوم کتاب لکھنا دشوار سے دشوار تر کام ہے ۔اس کی پہلی مثال ’’ داعیِ اسلام ‘‘نامی کتاب ہے جس کو دارالعلوم دیوبند کے بوریہ نشین فاضل نے نظم میں لکھا ہے جس کے سامنے اردو زبان کے بڑے بڑے شاعروں اور ادیبوں کو اعتراف و عقیدت کے ساتھ سر نگوں ہونا چاہیے‘‘
داعیِ اسلام صفحہ نمبر ۱۴؎
ٍ دور مغلیہ میں تاریخ ہندوستان گواہ ہے کہ جلال الدین محمد اکبر کے نورتنوں میں فیضی ؔ نے قران مجید کی غیر منقوطہ تفسیر ’’ سواطع اللہام ‘‘ فارسی نثر میں لکھی جسے ایک کمال سمجھاگیا تھا اسی طرح دور موجودہ میں مولانا محمد ولی رازی نے اپنی کتاب ’’ ہادیِ عالم ‘‘ غیر منقوطہ نثر میں پیش کی لیکن مولانا صادق بستوی نے غیر منقوطہ اور منظوم سیرت النبی تخلیق فرما کر ادب میں ایک نیا سنگ میل قائم کیا ہے ۔ مثال کے طور پر داعی اسلام کے چند اشعار ملاحظہ فرمایئے جس کا تعلق وحی اول کی آمد سے ہے:
رہی عمرِ مکرّم ساٹھ کم سوسال داعی کی
حرا کی گود سے آمد ہوئی وحیِ الٰہی کی
کہا ! کرکے سلام اس کو کہو ، امرِ الٰہی ہے
کہا ! اُمّی ہوں ، ڈر کر ، حاکمِ کُل کی گواہی ہے
اب ہم اختصار کے ساتھ اس عہد ساز سیرتِ پاک ’’ داعی اسلام ‘‘ کی چند علمی وفنی خوبیوں کا ذکر کریں گے ۔یہ کتاب داعی اسلام کے صرف دور اول ( ماحول مکہ اور اسلامی معرکوں تک) کا احاطہ کرتی ہے ۔اس کتاب کے مطالعے سے مولانا کی فطرت ذہانت ،غیر معمولی قوت آخذہ اور الفاظ ولغات پر عبورکاپتہ چلتا ہے۔اکثر مقامات پر حقیقت اور شاعری کا اتنا دلکش امتزاج ہوجاتا ہے کہ اس پر منجانب اللہ الہام کا گمان گزرتاہے مثلاََیہ اشعار:
سلام اس کو کہ اک اُمّی ، مگر اک ہادیِ کامل
مطہّر اور طاہر ، اک رسول اک حاکمِ عادل
اسی دم لا الٰہ کہہ کے الّااللہ کہہ ڈالا
اسی لمحہ محمد کو رسول اللہ کہہ ڈالا
مولانا صادق نے اس کتاب میں عربی ، فارسی اور اردو الفاظ کے علاوہ ہندی اور کھڑی بولی کا بھی بے تکلفانہ استعمال کیا ہے ۔بس اس امر کا خیال رکھا ہے کہ کہیں نقطہ نہ آنے پائے ۔اس بارے میں ضرورتِ شعری یاPoetic Liscence سے بھی کام لیا ہے یعنی حرکات و سکونات کو بھی حسب مرضی کم اور زیادہ کردیاہے۔دوسری زبانوں کے الفاظ کے استعمال کے ضمن میں ڈاکٹر گوپی چند نارنگ لکھتے ہیں کہ:
’’ شاعر نے عربی وفارسی کے علاوہ ہندی اور مقامی بولیوں کے الفاظ بھی ایسی چابک دستی سے استعمال کیے ہیں جو اس نظم کے مزاج سے اس طرح ہم آہنگ ہوگئے ہیں کہ کہیں جھول محسوس نہیں ہوتااگرچہ دو ایک جگہ ان کا استعمال کھٹکتا ہے پھر بھی کلام کی سادگی اور سلاست وروانی میں کہیں فرق نہیں آتا‘‘
داعیِ اسلام صفحہ نمبر ۲۴؎
’داعیِ اسلام‘‘ کی زبان و بیان کے متعلق گوپی چند نارنگ کے درج بالا خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس منظوم و غیر منقوط سیرت النبی میں سلاست و روانی نمایاں خصوصیت ہے ۔چند اشعار جو بطور مثال اوپرپیش کیے گئے ہیںان سے ہی بہ خوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس نظم کے تخلیقی عمل سے گزرتے ہوئے شاعر نے مفہوم کی ادائیگی کے لیے کسی طرح کے تخلیقی جبر کو خود پر مسلط نہیں کیا ۔ہر چند کہ جس طرز کی یہ نظم ہے اس میں ایک ایک شعر کے لیے تفحص الفاظ کی انتہائی دشوار کن منزکوں سے گزرنا پڑتا ہے جس کا عکس تصنیف پر واضح طور پر نظر آتا ہے ۔لیکن ’’داعیِ اسلام ‘‘ از ابتدا تا انتہاسلاست وروانی کی بہترین مثال ہے۔اس کے علاوہ مقامی بولیوں کے غیر منقوط الفاظ کا فن کارانہ استعمال لسانیاتی سطح پر مولانا صادق علی صاحب کی بالغ النظری کا ثبوت فراہم کرتا ہے۔
مولانا صادق صاحب نے ’’ داعیِ اسلام‘‘ کی شکل میں جو تاریخی اور مثالی تخلیق پیش کی ہے اس کے لیے بیک وقت کم از کم دو علوم پر مکمل پر مکمل دسترس درکار تھی۔موضوع کے اعتبار سے مذہبی تاریخ سے واقفیت اور اسلوب کے اعتبار اردو زبان پر مکمل دسترس کے علاوہ شعری تقاضوں کو بھی پیش نظر رکھنا ضروری تھا۔ اس حوالے سے کہا جاسکتاہے کہ مولانا ان دو نوں مراحل سے بہ حسن وخوبی گزرے ہیں ۔ ان کی یہ شعری کاوش اردو کے ادبی سرمائے کا بیش قیمت شاہکار ہے جس پر اردو شعر وادب کو ہمیشہ ناز رہے گا۔
Majrooh Sultanpuri Ki Shaeri Ke Chand Pahloo
Articles
مجروح سلطانپوری کی شاعری کے چند پہلو
پروفیسر صاحب علی
میں اپنی گفتگو کا آغاز مجروح سلطان پوری کے اس خیال سے کرنا چاہتا ہوں جس کا ظہار انھوں نے اپنے پہلے شعری مجموعۂ کلام ’’ غزل‘‘ میں کیا تھا۔ مجروح نے لکھا ہے :
’’ میرے نزدیک شاعری کی پہلی اور آخری شرط یہ ہے کہ وہ سامع اور قاری کے خیالات اور جذبات کی رفیق ہو،ا س کے بغیر نہ تو اسے قبول عام کی سند مل سکتی ہے اور نہ اسے معتبر کہا جاسکتا ہے ۔ ایک بات اور کہ وہ اعلیٰ سے اوسط درجے کے اذہان کے لیے سہل الحصول ہوــ‘‘
مجروح سلطان پوری کی اس کسوٹی پرجب ہم ان کی شاعری کا مطالعہ کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ان کی شاعری قبول عام کی سند بھی رکھتی ہے ، ذہنوں کے مختلف دائروں کے لیے سہل الحصول بھی ہے اور اپنی طرف بڑھنے والے خیالات وجذبات کی رفیق بھی ہے۔ یہاں پروفیسر وارث کرمانی کے اس خیال پر بھی ایمان لانے کا جی چاہتا ہے جو انھوں نے مجروح کے معیاری کلام کی مقبولیت کے تعلق سے لکھا ہے:
’’ غالب کے بعد اگر اردو کی پوری غنائی شاعری کے صرف ایک ہزار شعروں کا انتخاب کیا جائے جس میں حالی ، داغ ، اقبال اور نہ جانے کتنے بلند اقبال شاعر نظر آجائیںگے اور اگر بیسویں صدی میں پیدا ہونے والے تمام شاعروں کے کلام سے سو بہترین غزلیں منتخب کی جائیں تو اس میں مجروح کی کئی غزلیں آجائیں گی، اور پھر سب سے اہم بات یہ کہ اگر ایسے اشعار کو یکجا کردیا جائے جواِس وقت باذوق لوگوں کی زبان پر چڑھے ہوئے ہیں تو اُن میں مجروح کے شعروں کی تعداد اپنے معاصرین میں سب سے زیادہ ہوگی‘‘
مجروح سلطان پوری نے جب شاعری کا آغاز کیا تو اس وقت ملک کی آزادی کے لیے مسلسل جد وجہد جاری تھی۔ ہمارے ادبا وشعرا ترقی پسند تحریک سے وابستہ ہورہے تھے۔ اس تحریک کا ایک بڑا مقصد یہ تھا کہ قلم کار اپنے ذہن ودل کی کھڑکیوں کو کھول دے ، عوامی زندگی سے براہِ راست تعلق پیداکرے تاکہ اسے اپنے عہد ، حالات اور ماحول کا گہر اشعور ہو۔ مختصر یہ کہ شعرا کا وہ نوجوان گروپ جن کی آنکھوں میں رومان کے نہ جانے کتنے خواب رچے بسے تھے ۔حسن وعشق کی تصوراتی وادیوں سے گزر کر حقیقت کی سنگلاخ وادیوں تک پہنچ گئے۔ نوجوان قلم کاروں کا یہ وہ کارواں تھا جو آنکھوں میں آزادی کا خواب اور دل میں نئی سحر کی تمنا لیے نکلا تھا۔ مجروح بھی اس کارواں میں شامل تھے۔ انھوں نے زیادہ تر غزلیں کہیں جو ابتدا میں رومان پرور تھیں ۔ اس نوع کے چند اشعار ملاحظہ ہوں:
مجھے سہل ہوگئیں منزلیں ، وہ ہوا کے رخ بھی بدل گئے
ترا ہاتھ ، ہاتھ میں آگیا کہ چراغ راہ میں جل گئے
اب سوچتے ہیں لائیں گے تجھ سا کہاں سے ہم
اُٹھنے کو تو اٹھ آئے ترے آستاں سے ہم
اُس نظر کے اُٹھنے میں اُس نظر کے جھکنے میں
نغمۂ سحر بھی ہے آہِ صبح گاہی بھی
وہ لجائے میرے سوال پر کہ اٹھا سکے نہ جھکا کے سر
اُڑی چہرے پہ اس طرح کہ شبوں کے راز مچل گئے
سوال ان کا ، جواب ان کا ، سکوت ان کا خطاب ان کا
ہم ان کی انجمن میں سر نہ کرتے خم تو کیا کرتے
یہاں چند اشعار درج کردیے گئے ہیں ورنہ حقیقت یہ ہے کہ مجروح کے کلام میں ایسے اشعار بھرے پڑے ہیں جن میں رعنائی ، حسنِ ادا اور ایسا بانکپن ہے جو ہر کسی کو اپنی طرف متو جہ کرلیتا ہے اس کے باوجود مجروح نے ترقی پسند تحریک کے زیر اثررومان کی وادی سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور انقلاب اور بغاوت کی جانب رخ کیا ۔ اِس سے ان کے دل میں انقلاب کے لیے نہ صرف ادب و احترام کا جذبہ بیدار ہوا بلکہ اس جذبے نے انھیں نیا عزم و حوصلہ عطا کیا اور مجروح ہر چیلنج کو مسکرا کر قبول کرلینے کے لیے تیار ہوگئے ۔ یہ چیلنج سماجی ذمہ داریوں کاتھا جس پر ترقی پسند تحریک کا پورا منشور ٹکا ہواہے۔ مختصر یہ کہ فاشسٹ قوتوں کے خلاف انھوں نے تمام مظلوموں کو متحد ہوکر نبرد آزما ہونے کا پیغام دیا۔ اس پیغام میں مجروح نے اپنی بات کو کچھ اس سلیقے سے کہی کہ ان کی بات وقتی نعرہ بازی نہ ہوکر ہر عہد کا پیغام بن گئی۔ اس ضمن میں چند اشعار ملاحظہ فرمائیں:
جلا کے مشعل جاں ہم جنوں صفات چلے
جو گھر کو آگ لگائے ہمارے ساتھ چلے
ستونِ دار پر رکھتے چلو سروں کے چراغ
جہاں تلک یہ ستم کی سیاہ رات چلے
سر پر ہوائے ظلم چلے سو جتن کے ساتھ
اپنی کلاہ کج ہے اُسی بانکپن کے ساتھ
روک سکتا ہمیں زندانِ بلا کیا مجروح
ہم تو آواز ہیں دیوار سے چھن جاتے ہیں
یہ محفل اہل دل ہے یہاں ہم سب میکش ، ہم سب ساقی
تفریق کریں انسانوں میں اِس بزم کا یہ دستور نہیں
دیکھ زنداں سے پرے رنگِ چمن جوش بہار
رقص کرنا ہے تو پھر پاؤں کی زنجیر نہ دیکھ
ہم قفس ! صیاد کی رسمِ زباں بندی کی خیر
بے زبانوں کو بھی اندازِ کلام آہی گیا
وہی آستاں ہے وہی جبیں وہی اشک ہے وہی آستیں
دلِ زار تو بھی بدل کہیں کہ جہاں کے طور بدل گئے
فکر کی وسعت اور جذبے کی گہرائی رکھنے والے اس طر ح کے اشعار مجروح کی غزلوں میں زیادہ ملیں گی،اور اسی سبب سے وہ ترقی پسند تحریک کے Selectedشاعروں میں تصور کیے جاتے ہیں ۔ اس میں کوئی کلام نہیں کہ مجروح نے غزل کی کلاسیکی روایت میں سیاسی رمزیت کو نغمہ بنایا ہے اور اس معاملے میں فیض احمد فیض ہم دوش اور ہم قدم نظر آتے ہیں۔ اس کا احساس مجروح کو بھی تھا چنانچہ وہ کہتے ہیں :
ہم روایات کے منکر نہیں لیکن مجروح
سب کی اور سب سے جدا پنی ڈگر ہے
یہاں یہ بات ذہن نشین رکھنا چاہیے کہ مجروح نے محض ترقی پسندانہ جذبات و خیالات ہی کی شاعری نہیں کی بلکہ تغزل کا دامن ہمیشہ تھامے رکھا ۔ ان کے کلام میں وہ حصہ جس کی وجہ سے وہ اردو غزل کی دنیا میں جانے پہچانے جاتے ہیں ۔ شاید ہی کوئی غزل ان کی ایسی ہو جس میں کلاسیکی تغزل کا دلکش نمونہ نہ ملتا ہو۔ اس ضمن کے چند اشعار ملاحظہ ہوں:
ادائے طولِ سخن کیا وہ اختیار کرے
جو عرض حال بہ طرز نگاہِ یار کرے
بہانے اور بھی ہوتے جو زندگی کے لیے
ہم ایک بار تری آرزو بھی کھو دیتے
شب ِ انتظا ر کی کشمکش میں نہ پوچھ کیسے سحر ہوئی
کبھی اِک چراغ جلادیا ، کبھی اکِ چراغ بجھا دیا
مجروح لکھ رہے ہیں وہ اہل وفا کا نام
ہم بھی کھڑے ہوئے ہیں گنہ گار کی طرح
ہم تو پائے جاناں پر کر بھی آئے اِک سجدہ
سوچتی رہی دنیا کفر ہے کہ ایماں ہے
کہا جاتا ہے کہ مجروح سلطان پوری کے ابتدائی دور کی شاعری جگر مرادآبادی اور اصغر گونڈوی سے متاثر ہے ۔ یہ بات صحیح ہے کہ مجروح نے اپنی شاعری کا آغاز اُسی رنگ میں کیا اور اصغر وجگر والے عاشقانہ انداز سے اپنے کلام میں جمالیاتی کیفیت جو اس زمانے میں بہت مقبول ہوئی اور اس کی آب وتاب میں آج بھی کوئی فرق نہیں آیا ۔ ایک بات یہاں اور عرض کرتا چلوں کہ مجروح کی شاعری اساتذۂ فن کی نقل نہیں بلکہ فکری اعتبار سے کئی جہتوں میں اُن سے ایسے آگے نکل گئی ہے جیسے ارسطو اپنے استاد افلاطون سے مختلف ہوگیا تھا۔
جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ مجروح سلطان پوری مدرسے کے فارغ التحصیل تھے۔ اسی لیے اردو کے علاوہ انھیں عربی و فارسی زبانوں پر قدرت حاصل تھی۔ یہی سبب ہے کہ ان کے کلام میں چست بندشوں اور خوش آہنگ ترکیبوں اور اضافتوں کا فن کاری سے استعمال ہوا ہے۔علاوہ ازیں مجروح نے اپنی شاعری میں ٹھیٹھ روایتی علامتیں بھی استعمال کی ہیںجیسے آبلہ پائی، نقش پا ، خار، چمن اور جنوںوغیرہ کے ساتھ ترقی پسندانہ علامتیں بھی ہیں مثال کے طور پر دار، رسن ، زنداں ،سحر ،زنجیر، کلاہ اور مقتل وغیرہ۔ ان کی بندش مجروح نے ہر بار نئے پیرائے اور نئے اسلوب سے کی ہے ۔ ان کے کلام سے معلوم ہوتا ہے کہ مجروح کا اپنا ایک وضع کردہ ڈکشن ہے جس پرانھیں فخر ہے:
دہر میں مجروح کوئی جاوداں مضموں کہاں
میں جسے چھوتا گیا وہ جاوداں بنتا گیا
در حقیقت مجروح سلطان پوری ایک ایسے معتبر شاعر ہیں کہ انھوں نے اپنے معاصرین کے مقابلے میں بہت کم لکھا،لیکن بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی۔ ان کے کچھ اشعار اس قدر زبان ِ زد خاص وعام ہوئے کہ ان کی حیات کا سامان بن گئے۔ جب بھی کسی کو مجروح کی تلاش ہوگی تو اِ نھیں مقبول عام اشعار کے توسط سے مجروح کا سراغ ملے گا۔
Shahr Yaar (Jamaliyaat Ke Tanazur Meim)
Articles
شہریار (جمالیات کے تناظر میں)
ڈاکٹررشیداشرف خان
آسماں کچھ بھی نہیں اب تیرے کرنے کے لیے
ہم نے سب تیاریاں کرلی ہیں مرنے کے لیے
محتاط اور مستند ذرائع کے مطابق یہ کنور اخلاق محمد خاںشہر یا رؔ کا آخری شعر ہے جو انھوں نے اپنی موت سے چند روز پہلے کہا تھا۔ شہر یار کی ولادت ۱۷؍جون ۱۹۳۶کو ان کے آبائی وطن آنولہ ضلع بریلی اترپردیش میں ہوئی تھی۔ان کے آبا واجداد راجپوت تھے ، پرتھوی راج چوہان کے زمانے میں ان کے بزرگ مشرف بہ اسلام ہوئے ۔ شہریار کے والد کا نام کنور ابو محمد خاں تھا اور والدہ بسم اللہ بیگم تھیں۔کنور ابو محمد خاں محکمۂ پولیس میں انسپکٹر تھے ۔ شہر یار کے والد جب بہیڑی ضلع بریلی میں تعینات تھے تو وہیں شہریار کی رسم بسم اللہ ہوئی ۔ مذہبی رسوم کے علاوہ طوائفوں کا ناچ بھی ہوا اور انھیں کے ہاتھوں ان طوائفوں کو انعام و اکرام بھی دلایا گیا۔گھرانا خوش حال تھا ،محلے میں طوائفیں رہتی تھیں اسی لیے شہر یا ر بچپن ہی سے آزاد اور نقشے باز بن گئے تھے۔اپنے ایک انٹر ویو میں شہر یار نے کہا تھا:
’’ امراؤ جان سے میری دلچسپی اور اس کے گانوں میں جو اثرات دکھائی دیتے ہیں اس کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ بچپن میں طوائفوں کے ساتھ میرا بہت رہنا ہوا۔ ہوسکتا ہے اس کا اثر میری شاعری پر بھی پڑا ہو‘‘
( بحوالہ شہر یا ر حیات و خدمات از ڈاکٹر ساجد حسین ص نمبر ۵۰)
ملازمت سے سبک دوشی کے بعد شہر یار کے والدمع اہل وعیال علی گڑھ منتقل ہوگئے اور جمال پور میں مستقل سکونت اختیار کی۔شہر یارنے ۱۹۵۶میں ہائی اسکول پاس کیا اور پی ایچ ڈی تک کی اعلیٰ تعلیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے حاصل کی ۔ یہیں پر ان کی ملاقات خلیل الرحمن اعظمی سے ہوئی ۔شہر یار کے سوانحی کوائف کا بالاستیعاب مطالعہ یہ ثابت کرتا ہے کہ خلیل الرحمن اعظمی اور شہر یار ایک دوسرے سے بے پناہ محبت رکھتے تھے چنانچہ بڑے مبالغہ آمیز انداز میں شہر یار کے بے تکلف دوست بیدار بخت نے عجیب و غریب جملہ لکھا ہے:
’’شہریار کو خلیل الرحمن اعظمی سے اتنی شدید عقیدت اور محبت ہے ،جیسی شاید امیر خسرو ؔ کو اپنے پیر ومرشد نظام الدین اولیا سے رہی ہوگی‘‘
(مضمون : شہر یار مشمولہ سورج کو نکلتا دیکھوں ص ۲۲)
شہر یار کی زندگی کا تانا بانا ان کی زندگی میں ظہور پذیر ہونے والے اہم اور غیر اہم واقعات کی یکجائی یا باہمی موانست کا زائیدہ تھا۔ ممکن ہے کہ بہتوں کو اعتراض ہو کہ یہ کوئی بات نہ ہوئی ، دنیا میں سبھی کے ساتھ ایسا ہوتا ہے ۔ بہرحال یہ کہنا مبنی بر مبالغہ نہ ہوگا کہ شہر یا ر محض ایک شاعر اورمعمولی عقل وہوش رکھنے والے انسان نہ تھے بلکہ غیر معمولی قوت احساس ، انفرادی فکر اور مشاہدۂ کائنات کاتجزیاتی شعور رکھنے والے عبقری بھی تھے ۔
تقریباََ ۶۸۶ صفحات پر مشتمل کلیات شہر یارمیں غزلوں کے علاوہ مختصر و طویل نظمیں بھی شامل ہیں۔ان کے موضوعات الگ الگ ہیں اور ان کا فنی اسلوب بھی ایک دوسرے سے جداگانہ ہے لیکن موج تہہ نشیں کی طرح بیشتر غزلوں اور نظموں میں جمالیاتی کیفیت قریب قریب سبھی میں نمایاں ہیں۔
اگر ہم فلسفہ ٔ جمالیات کا عمیق مطالعہ کریں تو اندازہ ہوتا ہے کہ ’’جمال ‘‘دراصل’’حسن‘‘ کا مترادف نہیں ہے بلکہ یہ ایک قلبی کیفیت ہے جو کسی بھی واقعہ ، کردار یا تجربے کی وجہ سے ہم پر طاری ہوتی ہے ۔ مثال کے طور پر یہ شعر دیکھیے:
اے مرے زخم دل نواز ، غم کو خوشی بنائے جا
میں یونہی تڑپے جاؤں گا ، تو یونہی مسکرائے جا
شہر یار کی ذہنی بلوغت اور احساسات و جذبات کی پختگی خالصتاََ ان کی مادر علمی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی دین ہیں ۔’’سورج کو نکلتا دیکھوں ‘‘ شہریار کے جملہ کلام کا پختہ اور بلند انتخاب ہے ۔ یہ بات قابل غور ہے کہ بلند شاعری وہی شاعری کہی جاسکتی ہے جس میں فی الحقیقت جمالیاتی عظمت کی تلاش محسوس کی جاسکتی ہو۔مثلاََشہریار کے پہلے مجموعۂ کلام ’’اسم اعظم‘‘ میں شامل ایک مختصر سی نظم جس کا عنوان ’’موت‘‘ ہے ۔ یہ نظم انھوں نے ۱۹۶۵میں کہی تھی:
ابھی نہیں ، ابھی زنجیر خواب برہم ہے
ابھی نہیں ، ابھی دامن کے چاک کا غم ہے
ابھی نہیں، ابھی درباز ہے امیدوں کا
ابھی نہیں ، ابھی سینے کا داغ جلتا ہے
ابھی نہیں، ابھی پلکوں پہ خوں مچلتا ہے
ابھی نہیں ، ابھی کم بخت دل دھڑکتا ہے
موت کو آنے سے روکنا انسانی فطرت ہے ۔ شہر یا ر کی مذکورہ نظم میں کوئی انہونی بات تو نہیں معلوم ہوتی لیکن جمالیاتی شاعری کے لیے موت کو مختلف بہانوں سے ٹالنا ایک نیا نیا سا پہلو ضرور لگتا ہے ۔ یہ سیدھی سادی روایتی شاعری کی شان نہیں ہے ۔کمال کی بات یہ ہے کہ اگر اس نظم کا کوئی بھی مصرع نکال دیں تو نظم کا سارا تاثر ہی ختم ہوجائے گا۔
جرمن مفکر بام گارٹن جس کا زمانۂ حیات ۱۷۱۴ء تا ۱۷۶۲ء تک ہے نے اپنے تحقیقی مقالے Aestheticaمطبوعہ ۱۷۵۰ء میں اپنی علمی تحقیق کا لب لباب یہ پیش کیا تھا کہ حسن کے تمام مظاہراور احساس حسن کی تمام کیفیات جو ہم اپنے حواس خمسہ کی مدد سے محسوس کرسکیں وہ سبھی فلسفۂ جمالیات کے دائرے میں آسکتی ہیں ۔اس زاویہ نظر سے اگر ہم شہر یار کلام کا فنی تجزیہ کریں تو بام گارٹن کی تعریف کا عملی پہلوسامنے آجاتا ہے۔
’’قرب قیامت‘‘ شہر یار کی ایک ایسی نمائندہ نظم ہے جس میں شاعراندھیرے اور اجالے کو اپنے احساس جمال کی عینک سے دیکھتا ہے تو یہ دونوں غیر مرئی اور بظاہر حسیات سے ماورا اشیا بالکل اسی طرح شاعر کی بنیادی توانائی بن جاتی ہیں ۔ ’’قرب قیامت‘‘ کہنے کو تو ایک مختصر سی نظم ہے لیکن اس کے اندر بے پناہ گونج اور شعلگی پوشیدہ ہے:
اندھیرے کا سَر جو، اجالے کی تلوار سے کاٹتی تھی
سیہ بختوں کو روشنی بانٹتی تھی
جو تنہائی کی کھائی کو پاٹتی تھی
اس آواز کو بھی ہوا کھا گئی ہے
قیامت بہت ہی قریب آگئی ہے
نظم کا جمال ’’آواز‘‘ کے غیر واضح ابہام میں پوشیدہ ہے ۔ قاری کے ذہن میں یہ سوال بجلی کی طرح کوند جاتا ہے کہ آخر وہ آواز کیا تھی اور کس کی تھی جس میں اتنی سکت تھی جو اجالے کی تلوار سے اندھیرے کا سر کاٹ دے ، سیہ بختوں کو روشنی بانٹے اور تنہائی کو مٹا دے ۔ بہت ممکن ہے کہ یہ شاعر کے ضمیر کی آواز ہو لیکن اتنا تو یقین ہے کہ اس پر اسرار آواز کی حقیقت ہم معمولی آلۂ سماعت آلۂ مکبّرالصوت آلۂ ناقل الصوت یا اور کسی جدید ترین سائنسی مشین کی مدد سے نہیں سمجھ سکتے۔ اس کے لیے تو مطالعۂ باطنی سے کام لینا پڑے گا جو فلسفۂ جمال کی بنیاد ہے۔ شاید اسی کو ہمارے صوفیاے کرام نے ’’وجد‘‘ اور’’جذب‘‘ سے تعبیر کیا ہے۔ علامہ اقبال نے اسی حقیقت ابدی کی طرف اشارہ کیاہے ؎
اپنے من میں ڈوب کر پاجا سراغ زندگی
شہر یار کو اپنی ۷۵سالہ زندگی میں کئی زبردست صدموں سے دوچار ہونا پڑا ۔پانچ بھائی بہن انھیں کے سامنے اللہ کو پیارے ہوگئے ۔والد سے ناراض ہوکر خلیل الرحمن اعظمی کے ساتھ رہنے لگے یہ بات بیگم نجمہ شہریا ر کو ناپسند تھی ،آخر وہ شوہر سے الگ ہوگئیں ۔ پھر شہر یار کے دوستوں میں خلیل الرحمن، مغنی تبسم، وحید اختر، منیر نیازی ، اقبال صدیقی ، اسعد بدایونی اور ہمایوں ظفر زیدی بھی وفات پاگئے۔ان پیہم صدموں کا ردعمل یہ ہوا کہ شراب خوری بڑھ گئی ،رات رات بھر جاگتے اور ہر وقت اداس رہتے ۔ظاہر ہے کہ ایسے میں شاعر کا حساس دل قنوطیت اور مایوسی کا شکار ہونے لگتا ہے۔ شہریار چونکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور معروف انسان تھے اس لیے اپنے جذبات کی تصعید۔ تسہیل کے لیے انھوں اپنی شاعری میں جمالیات کا سہارا لیا۔ دراصل جمال کسی چیز ، شعر ،تعمیر وغیرہ کے ظاہری حسن کا نام نہیں بلکہ اس حسین شے کو دیکھ کر دیکھنے والے یا سننے والے کے دل ودماغ پر جو کیف و سرور ، نشاط وانبساط طاری ہوتا ہے وہی جمال ہے ۔تاج محل میں جو خوبصورتی ہے ،جمال اس کو نہیں دیکھتا بلکہ اس کی پسندیدگی کو دیکھتا ہے ۔ بہ الفاظ دیگر حسن موضوعی یا باطنی ہوتا ہے جب کہ جمال خارجی یا مفعولی ہے۔ حسن وجمال کے اس امتیاز کو قسیم ہلوری نے بہت خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے:
عشق کا حسن کہاں دیکھ سکے اہل جہاں
ورنہ یوسف سے زیادہ تھا زلیخا کا جمال
اپنے مذکورہ بالا نظریہ کی وضاحت کے لیے شہر یار کے چند اشعار ملاحظہ کیجیے:
تمھاری ہجرنوازی پہ حرف آئے گا
ہماری مونس و ہمدم اگر شراب ہوئی
وہ میں نہیں عدو سہی ، خوشی یہ ہے کہ دہر میں
کوئی تو سرخرو ہوا ، کوئی تو سر بلند ہے
ایک عالم ہے کہ اس سمت کھنچا جاتا ہے
جانے وہ کون سی خوبی رسن و دار میں ہے
پہلے شعرمیں’’ہجر نوازی‘‘ نہ صرف ایک تازہ ترین ترکیب ہے بلکہ اس کے ساتھ وہ شاعر کے شدید ’’احساس جمال‘‘ کی غماز بھی ہے یعنی طنز کے ساتھ ساتھ شاعر اپنی بے وفا محبوبہ کا شکریہ بھی ادا کرتا ہے کہ تم نے میری طرف سے بے اعتنائی کرکے مجھے شراب کی لذت آشنا کیا ۔ اب اس عادت کو چھوڑ نہیں سکتا ۔ لوگ سمجھیں گے کہ تم نے ’’اذیت کوشی ‘‘ سیکھ لی یا پھر میں نے تمھارا کوئی بدل ڈھونڈ لیا یہ بات آداب محبت کے خلاف ہے لہٰذا مجھے تنہائی میں شراب پینے دو تاکہ ہم دونوں کی محبت پر حرف نہ آئے۔
دوسرے شعر میں شہر یار جمالیاتی حس کی ارفع منزل پر نظر آتے ہیں ۔ عمومی شاعر جو دنیوی محبت کا شکار ہوتا ہے وہ بڑا خود غرض اور کم ظرف ہوتا ہے ۔ کیا مجال ہے کہ اس کے محبوب کو کوئی اپنائیت کی نظر سے دیکھ لے۔ عاشقی میں رقابت کی سرے سے گنجائش نہیں ۔اسے ہمیشہ رقیب روسیاہ کے برے نام سے یا کیا گیا ہے۔ مومن خان مومن نے کیا خوب کہا ہے:
اس نقش پا کے سجدے نے، کیا کیا کیا ، ذلیل
میں کوچۂ رقیب میں بھی سر کے بل گیا
دوسرے شعرا کے برعکس شہریار کا جمالیاتی انداز فکر دیکھیے کہ وہ نہایت صحت مندانہ اور مثبت وضع داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگر میرے بجائے وہ میرے دشمن پر مہربان ہیں تو یہ بات میرے لیے عین مسرت کی ہے۔
تیسرے شعر میں شہر یار نے رسن ودار کی تکلیف پر مایوسی یا غم کا اظہار نہیں کیا ہے بلکہ انھوں نے ’’خوبی ‘‘ کا لفظ استعمال کرکے اپنی رجائیت اور دلی مسرت کا ثبوت دیا ہے یہ ان کے عشق جمالیات کا معجزہ ہے کہ انھوں نے رسن ودار کو زندگی کا پیغامبر ثابت کیاہے ۔
کلیات شہریار کا غائر مطالعہ ہمیں یہ بھی بتاتا ہے کہ انھیں خوابوں سے والہانہ عشق ہے ۔ وہ سوتے جاگتے ، لوگوں سے ملتے جلتے اور لکھنے پڑھنے کے دوران خواب دیکھنے کے عادی ہیں ، نیند کو ان سے چڑ ہے اور انھیں نیند سے نفرت ہے۔ایسا نہیں کہ وہ نفسیاتی بیماری یا بے خوابی کے مریض ہیں بلکہ وہ جان بوجھ کر بے دار رہنا چاہتے ہیں ۔ان کی فطرت ایسے ادھ کچرے اور فیشنبل روڈ سائڈ رومیوز (Road Side Romeos)کی سی نہیں ہے ۔
جو راتوں کو اٹھ اٹھ روتے ہیں ،جب سارا عالم سوتا ہے
ان کی بے داری حادثاتی یا نیوراتی اعصابی عارضہ نہیں ہے بلکہ اس کاسبب جمالیاتی شدت ہے جس کی حقیقت ان کے حسب ذیل شعر کو پڑھ کر اور سمجھ کر معلوم کی جاسکتی ہے:
راتوں کو جاگنے کے سوا اور کیاکیا؟
آنکھیں اگر ملی تھیں ، کوئی خواب دیکھتے
مذکورہ شعر میںبات چھوٹی سی ہے کہ ہمیشہ کہ طرح شاعر کو نیندنہیں آئی بلکہ کمال تو یہ ہے کہ شاعرنے بیانیہ اور ڈرامائی رنگ دے کر خالص جمالیاتی اسلوب میں اپنی مستقل بے خوابی کاافسانہ سنایا ہے جو دلکش بھی ہے اور سامع نواز بھی ۔شاعر نے استعاراتی لب ولہجہ میں اپنی داستان پیش کی ہے جس نے بیان میں قوت اور شعری لطافت پیدا کردی ہے۔جمالیات کے ضمن میں دور حاضر کے ممتاز نقاد شمس الرحمن فاروقی کے یہ جملے اپنے اندر بڑاوزن اور وقار رکھتے ہیں :
’’ پرانی اور نئی شاعری کا فرق دراصل رویہ کا فرق ہے یعنی شاعری کے بیشتر موضوعات تو وہی ہیں ، لیکن ان کے بارے میں شاعر کا رویہ بدل گیا ہے۔ مثلاََ جہاں احترام تھا وہاں استہزا ہے ، جہاں اعتقاد تھا اب وہاں تشکیک ہے۔جہاں اعتقاد تھا وہاں اب خود اپنے اوپر اعتبار نہیں ۔ شاعری اعتقاد کی بنا پر قائم ہوسکتی ہے اور تشکیک کی بنا پر بھی۔‘‘
(اثبات و نفی: مضمون سکوت سنگ اور صداے درد ص ۱۷۵)
<br/
شہر یار نے اپنی شاعری میں ان دونوں رویوں سے کام لیا ہے ۔اس کی سب اہم وجہ یہ ہے کہ وہ بطور خاص جمالیات کے عاشق ہیں۔اس جمالیات کا خمیر اعتقاد اور تشکیک دونوں ہی کے امتزاج سے تیار کیا گیا ہے ۔ مثال کے طور پر یہ شعر دیکھیے جس میں اعتقاد کی کار فرمائی ہے :
جمع کرتے رہے جو اپنے کو ذرہ ذرہ
وہ یہ کیا جانیں ، بکھرنے میں سکوں ملتا ہے
اور یہ شعر شہریارکے جذبۂ تشکیک کی بہترین جمالیاتی تخلیق ہے:
بلندیوں کی ہوس ہی زمین پر لائی
کہو فلک سے کہ اب راستے سے ہٹ جائے
مذکورہ بالا تمام گفتگو اور اس سے حاصل ہونے والے نتائج کی روشنی میں ہم یہ فیصلہ کرسکتے ہیں کہ باوجودیکہ شہریار نے نہ تو فلسفۂ جمالیات کا باقاعدہ مطالعہ کیا تھا اور نہ ان کے زمانے تک جمالیات کی حقیقت اور اس کے فنی ارتقا کے اصول مرتب ہوئے تھے اور شاید بام گارٹن، ہیگل اور اطالوی عالم کُروچے کی کتابیں بھی نہ پڑھی ہوں گی لیکن ان کا علم سخن وری کتابی کم اور وہبی زیادہ تھا ،اسی لیے قدرت نے انھیں احساس جمال کی ویسی صلاحیت عطا فرمادی تھی جیسی کہ وہ مچھلی کو تیرنے اور پرندوں کو اڑنے کی صلاحیت بخشا کرتی ہے
UrduChannel 31
Articles

