Interview of Shamim Hanafi by Prof. Saheb Ali

Articles

افسانہ ایک معجزاتی صنف ہے

پروفیسرشمیم حنفی


ڈاکٹرصاحب علی:پروفیسرشمیم حنفی صاحب! اردو زبا ن وادب میں آپ کا شمار ایک اچھے تخلیق کار اور سنجیدہ تنقید نگار میں ہوتا ہے۔ ہم آپ سے یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اردو کی موجودہ ادبی صورتِ حال کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟
پروفیسرشمیم حنفی: صاحب علی صاحب ! اصل میں ادب کی موجودہ صورت حال کا تعلق انسانی صورت حال سے ہوتا ہے۔ اب حقیقت یہ ہے کہ ہمارے زمانے میں انسانی صورتِ حال کا جو نقشہ ہے وہ پریشان کن اور ہولناک ہے۔ آج دہشت ، خوف ، نفرت، اجتماعی اموات اور تہذیبی زوال کا ماحول ہے۔ نسلیں اخلاقی اعتبار سے معذور اور اپاہج ہونے لگی ہیں۔ ایسے ماحول میں ادب کی صورت حال بھی وہی ہوگی جو حال عام زندگی کا دکھائی دیتا ہے۔
ہمارے یہاں اکا دکا لوگ اچھے لکھنے والے ہیں وہ لکھ رہے ہیں۔ مگر ہر زمانے کی طرح آج بھی خراب لکھنے والوں کی تعداد زیادہ ہے، چنانچہ آج کا ادب غیر موثر ہوگیا ہے اور ادب کا حلقہ محدود ہوتا جارہا ہے۔ اس صارفیت کے دور میں ادیب کی آواز میں یا ادب کے دائرہ عمل میں کوئی بہت زیادہ امکان ، وسعت یا پھیلاؤ دکھائی نہیں دیتا۔
ڈاکٹرصاحب علی:آپ کے نزدیک اردو ادب کی موجودہ صورتِ حال کچھ بہتر نہیں ہے تو کیا اردو تنقید بھی اپنے مقصد اور منصب کو بچانے میں ناکام رہی ہے؟
پروفیسرشمیم حنفی:کسی مہذب اور صحت مند ادبی معاشرہ میں تنقید کی حیثیت ثانوی ہوتی ہے اور اولیت کا درجہ تخلیق کو حاصل ہوتا ہے۔ مگر ہمارے زمانے کا معجزہ اور بدمذاقی یہ ہوئی کہ اردو ادب کا نقاد اپنے آپ کو جج سمجھنے لگا ۔ کچھ منصف اور کچھ سند بانٹنے والا، کچھ لوگوں کو بنانے اور بگاڑنے والا۔ اس کے علاوہ تنقید کے ساتھ ایک ٹریجڈی یہ بھی ہوئی کہ ہمارے یہاں تنقید زیادہ تر یونیورسٹیوں میں لکھی گئی ، جہاں لوگ ذہانت اور دیانت داری سے ڈرتے ہیں۔ ان کا اپنا ایک مخصوص کلچر ہے اور اردو کی تو یوں بھی بہت چھوٹی سی دنیا ہے، جہاں مواقع کم ہیں اور کم مواقع کے لیے رسہ کشی زیادہ ہوتی ہے۔ ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچی جاتی ہے۔ چنانچہ یہ جو تنقید کا اکیڈیمک بیک گراؤنڈ ہے اس سے تنقید کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ حالانکہ ماضی قریب میں احتشام حسین، حسن عسکری، آل احمد سرور ، کلیم الدین احمد، خلیل الرحمن اعظمی اور وحید اختر یونیورسٹیوں سے وابستہ تھے اور اچھی تنقید لکھتے تھے۔
ڈاکٹر صاحب علی: جو لوگ یونیورسٹیوں سے وابستہ نہیں ہیں تو کیا وہ مقابلتاً بہتر تنقید لکھ رہے ہیں؟
پروفیسرشمیم حنفی: میرا توخیال ہے کہ بہتر لکھ رہے ہیں۔ مثال کے طور پر شمس الرحمن فاروقی ہیں جن کی تنقید سے میں سو فیصدی اتفاق نہیں کرتا۔ بہت رائیں ہیں جن سے مجھے کچھ اختلاف ہے لیکن یہ تو میں بہرحال تسلیم کروں گا کہ شمس الرحمن فاروقی کی تنقید کا جو Range ہے اور جو اس کی ایک خاص طرح کی Sophisticationاور شائستگی ہے وہ ہمارے یہاں کم لوگوں کو میسّر ہے۔ اسی طرح ہمارے یہاں زیادہ تنقید لکھنے والوں میں باقر مہدی ہیں جو پیشہ ور نقاد نہیں ہیں۔ آپ ان کا کوئی مضمون پڑھ لیں تو اس میں ذہانت کاکوئی نہ کوئی نکتہ یا کوئی نئی اور بامعنی چیز آپ کو ضرور ملے گی ۔ فضیل جعفری ہیں جو پیشے کے لحاظ سے صحافی ہیں مگر اچھی تنقید لکھتے ہیں۔
ڈاکٹر صاحب علی: اردو شاعری کے بارے میں آپ کا کیا خیا ل ہے؟ آج کل شاعری اچھی ہورہی ہے یا نہیں؟
پروفیسرشمیم حنفی:اچھی، بری نہیں، بے چہرہ ہورہی ہے۔ مثلاً ایک شاعر کی غزل آپ نے پڑھی ، اس پر دوسرے کا نام لکھ دیجئے، کوئی نہیں پہچان پائے گا کہ یہ فلاں کی غزل ہے یا فلاں کی نہیں ہے۔ بالکل یہی حال نظم کا بھی ہے، بہت کم لوگ ایسے ہیں جو اپنا انفرادی رنگ پیدا کرپاتے ہیں۔ مثلاً اردو شاعری میں آپ عرفان صدیقی کی غزل چھانٹ سکتے ہیں۔ شہریار کی غزل آپ پہچان سکتے ہیں۔ محمد علوی کی غزل ہو یا نظم آپ شناخت کر لیں گے۔ قاضی سلیم کی تخلیقات کو آپ فوراً الگ کرلیں گے۔ کچھ نئے لکھنے والے بھی ہیں جن کے اشعار مجھے بہت اچھے لگتے ہیں اور انھیں میں پڑھتا ہوں۔ مثال کے طور پر مہتاب حیدر نقوی، فرحت احساس اور خورشید عالم وغیرہ کی غزلیں۔ لیکن ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے۔ کیونکہ شاعروں کی بھیڑ میں اپنا رنگ قائم کرنا اور اپنی شناخت متعین کرنا آسان کام نہیں ہے۔ اس کے لئے بہت لمبی مدت اور ذہانت چاہئے۔
ڈاکٹرصاحب علی: اردو افسانے کی موجودہ صورتِ حال کے بارے میں کچھ بتائیں؟
پروفیسرشمیم حنفی:اردو افسانہ ایک معجزاتی صنف ہے اور یہ ہمیشہ مقبول رہی ہے۔ اس کی ہمارے پاس سوسال پرانی روایت ہے۔ اس عرصے میں بہت سی کہانیاں ایسی لکھی گئی ہیں جو غیر معمولی درجے کی ہیں اگر آپ منشی پریم چند سے دیکھنا شروع کریں تو کرشن چندر، منٹو، بیدی، غلام عباس، عصمت چغتائی، احمد ندیم قاسمی ، قرۃ العین حیدر، انتظار حسین اور ان کے بعد کے پورے دور نے جو کمالات دکھائے ہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے عہد کی پوری بصیرت اور حسّیت کا اظہار زیادہ منظم اور مربوط سطح پر شاعری کی بہ نسبت افسانے یعنی فکشن میں ہواہے۔ اور یہ حقیقت بھی ہے کہ ہماری زندگی جن تماشوں میں گھری ہوئی ہے اس کی زیادہ مربوط تصویر فکشن ہی میں ابھر سکتی ہے۔ لہٰذا میرا اپنا خیال ہے کہ ہمیں اپنے زمانے کو سمجھنے کے لیے آج کے فکشن کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ لیکن ادھر جو کچھ اردو افسانے اور ناول تخلیق کئے جارہے ہیں ان کے حوالے سے میں نہیں کہہ سکتا ۔کیونکہ اب ادھر جو بالکل نئے نام آئے ہیں ان کا تاثر بننے دیجئے۔ ان کو سمجھنے میں کچھ وقت لگتا ہے۔ اس معاملے میں عجلت سے نہ ہمیں کام لینا چاہیے نہ ان لوگوں کو لینا چاہیے جو لکھ رہے ہیں۔
ڈاکٹرصاحب علی:کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو مدتوں سے کہانیاں تخلیق کررہے ہیں مگر انھیں وہ مقام نہیں ملا جس کے وہ مستحق سمجھے جاتے ہیں جیسے ممبئی میں سلام بن رزاق، انورخان، انورقمر، ساجد رشید اور علی امام نقوی وغیرہ۔
پروفیسرشمیم حنفی:دیکھئے صاحب! میں ممبئی کے افسانہ نگاروں میں سریندر پرکاش کے افسانے پڑھتا ہوںان کا شمار تو اساتذہ میں ہوتا ہے۔ ان کے علاوہ سلام بن رزاق، انور خان، انور قمر، ساجد رشید اور علی امام نقوی کی کہانیاں پڑھتا ہوں۔ ان لوگوں نے اچھی کہانیاں لکھی ہیں۔ لیکن ابھی ایسی کوئی کہانی سامنے نہیں آئی ہے جو اس عہد کا استعارہ بن گئی ہو۔ اس کے لئے شاید ہمیں انتظار کرنا پڑے۔
ڈاکٹرصاحب علی: ڈاکٹر صاحب! اردو شاعری ہندوستان میں اچھی ہورہی ہے یا پاکستان میں؟
پروفیسرشمیم حنفی: اب یہ تو آپ نے جھگڑے کا سوال پوچھ لیا۔ ایک تو اردو کی بہت چھوٹی سی دنیا ہے اور اس میں ہم یہ کہیں کہ شاعری بہار میں اچھی ہورہی ہے یا حیدر آباد میں ، دلی میں اچھی شاعری کی جارہی ہے کہ پنجاب میں، یہ کہنا بڑا مشکل کام ہے۔ لیکن جب میں اپنی پسند کی اچھی نظموں اور غزلوں کے مجموعے اور نئے لکھنے والوں کے ناموں کا شمار کرتا ہوں تو وہ اتفاق سے ہندوستان میں نہیں رہتے، پاکستان میں رہتے ہیں۔ مثلاًسعید الدین کا مجموعہ میں نے دیکھا، مجھے اچھا لگا۔ حارث خلیق کے دو مجموعے سامنے آئے، مجھے بہت اچھے لگے۔ عذرا عباس اور تنویر انجم وغیرہ کی نظمیں آئیں۔ میں نے پڑھا۔ لیکن میرے لیے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کس کمرے میں تخلیق پائی ہیں۔
ڈاکٹر صاحب علی: کیا افسانے بھی پاکستان میں اچھے لکھے جارہے ہیں؟
پروفیسرشمیم حنفی:میرا اپنا ذاتی خیال ہے کہ افسانے ہمارے یہاں بہت اچھے لکھے گئے لیکن جن لوگوں نے لکھا وہ Estabslihedہیں۔ اب ان کے قلم سے بھی کوئی نئی چیز نہیں نکل پارہی ہے۔ اگر کوئی نئی بات آپ اپنے افسانے کے ذریعے نہیں کہہ سکتے تو افسانہ نہیں لکھنا چاہیے کیونکہ خاموشی کی بھی قدر ہوتی ہے اور اظہار کا یہ بھی ایک طریقہ ہے۔
ڈاکٹر صاحب علی: تنقید نگاری کے تعلق سے آپ کیا فرمائیں گے؟
پروفیسرشمیم حنفی: تنقید ہمارے یہاں بہت اچھی لکھی گئی ہے اور اب بھی لکھی جارہی ہے۔
ڈاکٹر صاحب علی:اس وقت اردوکے کون کون سے تنقید نگار اچھی تنقید لکھ رہے ہیں۔
پروفیسرشمیم حنفی: صاحب علی صاحب ، آپ کو ناموں سے اتنی دلچسپی کیوں ہے؟ بس یہ بات بالکل صحیح ہے کہ ہمارے یہاں تنقید اچھی لکھی جارہی ہے۔
صاحب علی:ناموں سے دلچسپی کا سوال نہیں ہے بلکہ ان کے تنقیدی مضامین سے ہم بھی استفادہ کرنا چاہیں گے۔
شمیم حنفی:میں کچھ دنوں پہلے مظفر علی سید، سید باقر رضوی اور آصف فرخی کے تنقیدی مضامین کو پڑھ رہا تھا وہ مجھے اچھے لگے۔ ابھی میں نے ایک مضمون اجمل کمال کا پڑھا جو بہت اینٹی محمد حسن عسکری مضمون تھا۔’ نقّاد کی خدائی‘ کے نام سے وہ کتاب لکھ رہے ہیں، مجھے بہت اچھا لگا کہ ایک اچھا مضمون سمجھنے کی سنجیدہ کوشش کی۔ مجھے وارث علوی ، باقر مہدی اور فضیل جعفری کے مضامین سے بہت روشنی ملتی ہے۔ مجھے بہت زیادہ اکیڈیمک قسم کی تنقید یا اکیڈیمک قسم کی معلومات سے بھرا ہوا مضمون زیادہ راس نہیں آتا۔
ڈاکٹر صاحب علی: اکیڈیمک سے کیا مراد ہے؟
پروفیسرشمیم حنفی:اکیڈیمک سے مراد یہ ہے کہ جو مکتبی انداز کی چیزیں لکھی جاتی ہیں اگرچہ میں یہ دعویٰ نہیں کرتا کہ میں اس طرح سے نہیں لکھتا، لیکن مجھے اس کی بجائے کہیں ذہانت کا ، بصیرت کا واقعی اظہار ہوا ہو تو یہ چیزیں مجھے زیادہInspireکرتی ہیں اور ان سے مجھے ایک روشنی ملتی ہے۔
ڈاکٹر صاحب علی: پروفیسرصاحب! اکابرین اردو کا خیال ہے اردو ادب میں ابھی پوری طرح جدیدیت نہیں آپائی ہے تو پھر مابعد جدیدیت کے کیا معنی ہیں؟
پروفیسرشمیم حنفی: پتہ نہیں صاحب ! مجھے معلوم نہیں کون آیا اور کون نہیں آیااور کس کی جگہ کب خالی ہوگی، مجھے کچھ نہیں پتہ۔ میرے ذہن میں ایک ہی Criteriaبنتا ہے اور وہ یہ ہے کہ وہ فن پارہ یا ادب میرے لئے بامعنی ہے جس سے میں اپنے احساسات کا رشتہ قائم کرپاتا ہوں ۔ وہ ادب چاہے دو سو سال پہلے لکھا گیا ہو یا پانچ سوسال پہلے۔ اس سے مجھے کوئی مطلب نہیں۔ ہمارے زمانے میں بہت سے لکھنے والوں کی تحریریں ایسی ہیں جن سے میرے احساسات کا کوئی رشتہ قائم نہیں ہوپاتا۔ میرے شعور میں ان کی کوئی جگہ نہیں بنتی اور وہ میرے لیے غیر اہم ہیں۔
میرا اپنا خیال یہ ہے کہ ہمیں Theoriesکے پیچھے بہت نہیں بھاگنا چاہئے اس لیے کہ یہ ایک طرح کی غیر تخلیقی سرگرمی ہے، جس کا براہ راست ادب سے کوئی رشتہ نہیں ہوتا۔ یہ سچ ہے کہ تنقیدی اصول ادب کو پرکھنے کا ایک معیار فراہم کرتا ہے ، ہمیں اسے پڑھنا چاہئے اور اس سے مدد لینی چاہئے، لیکن یہ کہ اعلیٰ ادب اس کی مدد سے لکھا جاسکتا ہے اس کی کوئی ضمانت نہیں۔
ڈاکٹر صاحب علی:کیا ادب سے کوئی غیر معمولی سماجی رول ادا کیا جاسکتا ہے؟
پروفیسرشمیم حنفی: ادب زندگی کا ایک چراغ ہے جو اندھیرے میں جلتا رہتا ہے۔ یہ اندھیرے کو دور تو نہیں کرسکتا البتہ اندھیرے کو جھیلنے کی طاقت ہمارے اندر پیدا کردیتا ہے۔ کم از کم میں تو یہ نہیں سمجھتا کہ ادب سے کوئی سماجی رول ادا کیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر صاحب علی:کچھ لوگوں کاخیال ہے کہ اردو کا رسم الخط بدل کر دیو ناگری کر دیا جائے تو یہ زبان زیادہ پھولے پھلے گی اس تعلق سے آپ کا کیا خیال ہے ؟
پروفیسرشمیم حنفی:دیکھئے جناب !یہ تو بہت شا طرانہ بات ہے کہ رسم الخط بدل دیجئے ۔ایک زمانے میں عصمت آپانے یہ بات کہی تھی ۔علی سردارؔ جعفری اور مجروحؔ سلطان پوری کا بھی یہی خیال تھا۔اس پر بڑی بحثیں ہوئی تھیں ۔ اصل میں مسئلہ یہ ہے کہ رسم الخط کوئی قمیص نہیں ہے کہ جب جی چاہا ایک اتار کر پھینکی اور دوسری پہن لی ۔رسم الخط انسان کی قمیص نہیں بلکہ اس کی جلد ہے اور اس کو اتار کر نہیں پھینک سکتے ۔
ڈاکٹر صاحب علی:آپ شاعری اچھی کرتے ہیں مگر ابھی تک آپ کا کوئی شعری مجموعہ نہیں آیا؟
پروفیسرشمیم حنفی:صاحب علی صاحب !دیکھئے میں شاعری اچھی کرتا ہوں یا نہیں یہ تو مجھے معلوم نہیں ۔ہمارا معاملہ تو یہ ہے کہ لہریں جب اٹھتی ہیں تو کبھی غزل کہنے لگے اور کبھی جی چاہا تو ڈارامہ لکھ لیا ۔میری ایسی صلاحیت نہیں ہے کہ میں کسی فن میں کمال حاصل کر سکوں بس یہ ہے کہ شعر کہتا ہوں کوئی مجموعہ نہیں چھپاہے اور نہ میرا کوئی ارادہ ہے ۔
ڈاکٹر صاحب علی:آپ نے ڈرامے خوب لکھے ہیں اور ڈراموں کے مجموعے بھی چھپے ہیں ۔بتایئے اب تک آپ کے کتنے مجموعے چھپ چکے ہیں ؟
پروفیسرشمیم حنفی: میرے ڈراموں کے اب تک چار مجموعے ’’مٹّی کا بلاوا ‘‘،’’زندگی کی طرف ‘‘،’’مجھے گھر یاد آتا ہے ‘‘اور ’’بازار میں نیم ‘‘ منظرِ عام پر آچکے ہیں ۔’’مٹّی کابلاوا‘‘کئی یونیور سٹیوں کے نصاب میں شامل ہے ۔
ڈاکٹر صاحب علی: کیا آپ کا کوئی فل لینتھ ڈرامہ بھی ہے ؟
پروفیسرشمیم حنفی: میں نے ریڈیو کے لئے بڑے ڈرامے لکھے ہیں اور فل لینتھ بھی لکھے ہیں اور میرے بہت سے ریڈیائی ڈرامے ایسے بھی ہیں جن کو طلبہ نے یا کسی کسی گروپ نے تھوڑی بہت تبدیلی کر کے اسٹیج بھی کیا ہے ،لیکن ابھی تک میں نے کوئی بڑ ا ڈراما نہیں لکھا ہے ۔البتہ آج کل ایک ڈراما ’’حویلی ‘‘کے نام سے لکھ رہا ہوں جو فل لینتھ ڈراما ہے ۔
ڈاکٹر صاحب علی:ڈراما ’’حویلی ‘‘کے پلاٹ کے بارے میں کچھ بتایئے ؟
پروفیسرشمیم حنفی:یہ ایک تہذیبی ڈراما ہے اور اس کا سیدھا سا ایک پلاٹ ہے کہ ایک خاندان ہے اس کی دو شاخیں ہیں ان کی مشترکہ جائیداد ایک پرانی حویلی ہے ۔ اس حویلی کے لئے خاندان میں جھگڑا ہے ۔میں باقی باتیں ابھی نہیں بتاؤں گا جب ڈراما چھپے گا تو پڑھ لینا۔
ڈاکٹر صاحب علی: موجودہ دور میں اردو ڈرامے کی معنویت کیا ہے؟
پروفیسرشمیم حنفی:ڈرامے کا زندگی کی حقیقتوں سے اور جوہم زندگی گزار رہے ہیں اس کے معمولات سے بہت گہرا رشتہ ہوتا ہے۔ہمارے یہاں ڈرامے کی بڑی شاندار روایت قائم رہی ہے۔ پارسی تھیٹر سے لے کر بیسویں صدی کے نصف اوّل تک اچھی روایت ملتی ہے، لیکن آجکل ڈراموں کی طرف سے ہماری توجہ ہٹ گئی ہے۔ میرا خیا ل ہے کہ آج کے زمانے کے واقعات اور روز مرّہ زندگی کے مسائل کے بیان کے لیے ڈراما ایک طاقتور صنف بن سکتا ہے لیکن ڈراما لکھنے کے لیے جس خاص قسم کی بصیرت اور حسیّت چاہئے وہ ہمارے یہاں اب عام نہیں رہی۔ چنانچہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اردو والوں کو اپنی کھوئی دولت سے دوبارہ رشتہ قائم کرنا چاہئے اگرچہ فلم اور ٹی وی راہ میں حائل ہیں۔
ڈاکٹر صاحب علی: ہمارے ملک میں اردو کی صورتِ حال کیسی ہے؟
پروفیسرشمیم حنفی:افسوس ناک ہے۔ اردو زبان کے تعلق سے جو آرائشی قسم کی باتیں کہی جارہی ہیں کہ صاحب ! اردو کے اتنے ادارے قائم ہیں۔ اتنی اردو اکاڈمیاں ہیں۔ میں آپ سے پوچھتا ہوں کہ ان اداروں اوراردو اکاڈمیوں میں ہوتا کیا ہے؟ کیا اردو زبان کی بقا اور تحفظ کا دار و مدار آئے دن کے جلسوں اور تماشوں پر ہے؟ یہ سب Public Relationکے اڈّے ہیں۔ اردو دفاتر میں اب تو ایسے لوگ بیٹھے ہوئے ملتے ہیں جن کو اردو لکھنا پڑھنا تک نہیں آتا۔ تو سوال یہ ہے کہ اردو کی پرورش کے کیا یہی طریقے ہیں؟ بورڈ قائم کرلیجئے ، ادارے قائم کرلیجئے۔ لیکن بہر حال ناشکرا بھی نہیں ہونا چاہئے اگر وہ بھی کچھ نہ کرتے تو ہم کیا کرسکتے تھے۔ ہم ان کا کیا بگاڑ سکتے تھے۔اردو زبان کی ترقی کے تعلق سے اس حقیقت کا اعتراف بھی ضروری ہے کہ جنوبی ہندوستان میں اردو کے ساتھ وہ برا سلوک نہیں کیا جارہا ہے جو شمالی ہندوستان میں کیا جارہاہے۔ آندھرا پردیش، کرناٹک اور مہاراشٹر میں اردو کی صورتِ حال شمالی ہند کے مقابلے میں بہتر ہے اور سو بات کی ایک بات یہ کہ اردو والے خود بھی اپنی زبان کے تعلق سے سنجیدہ نہیں دکھائی دیتے۔
ڈاکٹر صاحب علی:پروفیسر صاحب! ایک آخری سوال اور ہے کہ صارفیت کے معاشرے میں ادب اپنا وجود برقرار رکھ سکے گا؟ کیا قلمکار کی تخلیق میں اتنی قوت اور کشش باقی رہ جائے گی کہ وہ لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرسکے؟
پروفیسرشمیم حنفی:صاحب علی صاحب! یہ صحیح ہے کہ صارفیت کے معاشرے نے ہر چیز کو ایک مادّی شئے میں تبدیل کردیا ہے۔ مرتبہ ،عہدہ ایک شئے ہے، شہرت ایک شئے ہے۔ یعنی ہر چیز کو آپ مادّی چیزوں میں منتقل کرسکتے ہیں۔ شہرت ہے تو آپ پیسے زیادہ کما سکتے ہیں۔ عہدہ زیادہ بلند ہے تو آپ بہت سارے فائدے اٹھا سکتے ہیں۔ بنگلے بنوا سکتے ہیں۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ معاشرے میں قلمکار کا جو رول ہوا کرتا تھا اور جس سے معاشرے میں ایک خاص طرح کی پاکیزگی بھی منسوب کی جاتی تھی وہ رول تو اب قلمکار کا رہا نہیں ____پھر بھی چھپے ہوئے لفظ میں ایک جادو ہوتا ہے۔ میرا اپنا ذاتی خیال ہے کہ دنیا چاہے جتنی ترقی کرلے، مگر جب تک انسان کے اندر تخلیق قوت باقی رہے گی تب تک ادب باقی رہے گا اور ادب کا احترام کیا جاتا رہے گا۔
٭٭٭