Intekhab E Kalam Sirajuddin Khan Aarzoo

Articles

خان آرزو


انتخابِ کلام سراج الدین خان آرزو ( استاد میر تقی میر)

 

آتا ہے صبح اٹھ کر تیری برابری کو

کیا دن لگے ہیں دیکھو خورشید خاوری کو

دل مارنے کا نسخہ پہونچا ہے عاشقوں تک

کیا کوئی جانتا ہے اس کیمیا گری کو

اس تند خو صنم سے ملنے لگا ہوں جب سے

ہر کوئی جانتا ہے میری دلاوری کو

اپنی فسوں گری سے اب ہم تو ہار بیٹھے

باد صبا یہ کہنا اس دل ربا پری کو

اب خواب میں ہم اس کی صورت کو ہیں ترستے

اے آرزو ہوا کیا بختوں کی یاوری کو

٭٭٭

فلک نے رنج تیر آہ سے میرے زبس کھینچا

لبوں تک دل سے شب نالے کو میں نے نیم رس کھینچا

مرے شوخ خراباتی کی کیفیت نہ کچھ پوچھو

بہار حسن کو دی آب اس نے جب چرس کھینچا

رہا جوش بہار اس فصل گر یوں ہی تو بلبل نے

چمن میں دست گلچیں سے عجب رنج اس برس کھینچا

کہا یوں صاحب محمل نے سن کر سوز مجنوں کا

تکلف کیا جو نالہ بے اثر مثل جرس کھینچا

نزاکت رشتہ الفت کی دیکھو سانس دشمن کی

خبردار آرزوؔ ٹک گرم کر تار نفس کھینچا

٭٭٭