Sham E Aitbar 

Articles

شام آفاق بنام اعتبار

وسیم عقیل شاہ

✨”شام آفاق بنام اعتبار “✨
( گوونڈی میں شعری و اعزازی نشست )
گوونڈی 8 دسمبر 17 : شعبہ درس و تدریس بی ایم سی کے سرگرم معلم اور معمار کے اہم رکن مقصود آفاق کو ان کے شعری مجموعہ “اعتبار” کے لیے امسال مہاراشٹر اردو ساہتہ اکیڈمی کے ذریعے انعام سے نوازا گیا ہے ـ لہذا اس سلسلے میں معمار فاؤنڈیشن، ممبئی نے موصوف شاعر کے اعزاز میں ایک شعری و اعزازی نشست کا اہتمام بعنوان “شام آفاق بنام اعتبار “، گوونڈی (ممبئی ) میں کیا ـ عرفان سر تلاوت کلام پاک سے اس بزم آغاز کیا، وسیم شیخ نے اغراض و مقاصد پیش کیے اور پروگرام کو دو سیشن پر مشتمل کرنے کا اعلان کیا ـ پہلے سیشن میں بطور مہمان خاص تشریف فرما عارفہ شیخ سلیم (بی او ایم وارڈ ) نے اپنے تاثرات میں مقصود آفاق کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی علمی و ادبی صلاحیتوں کو اپنے طلبا میں اتارنا بھی فن کے اہم مقاصد میں شامل ہے نیز یہ کہ علم و ادب میں سرگرم اشخاص کی خدمات کا اعتراف کرنا ایک بڑا کام ہے ایسی کاوشوں کے لیے وہ ہر طور معمار فاؤنڈیشن اور ان جیسے دیگر اداروں کے ساتھ ہیں جو اس طرز پر قائم ہیں ـ معروف شاعر و مترجم قاسم ندیم نے اپنے مقالے کے ذریعے شاعرِ ‘اعتبار’ کے فن کے تفہیمی پہلوؤں کو وا کیا تو نوجوان شاعر و ناقد محسن ساحل نے مقصود آفاق کے فن اور شخصیت پر اپنا مضمون پڑھا ـ عابد شیخ نے بطور ناشر اپنا مختصر مضمون پیش کیا جس میں انھوں نے مقصود آفاق کی ادبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی شخصیت کا بھی مکمل احاطہ کیا ـ اس پروگرام کی صدارت فرما رہے ڈاکٹر قمر صدیقی نے شاعری کی روایتی روش، صالح اقدار، رجحانات، فن اور تخیلی شعور پر بھر پور روشنی ڈالی نیز مقصود آفاق کی شاعری سے متعلق کہا کہ مقصود کے حیطہ اظہار میں ہر طرح کا رنگ شامل ہے اگرچہ کہ حسن و جمال، عشق و رومان ، ہجر و وفا کے رنگ ان کی شاعری میں غالب رہے ہیں ـ

دوسرے سیشن میں ایک مختصر مشاعرہ ترتیب دیا گیا جس میں صاحب اعزاز کے ساتھ ہی قمر صدیقی ، محسن ساحل ، اسماعیل راز، ارشاد راغب، علیم سر اور ذیشان ساحر جیسے شعراء نے اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا ـ نظامت کے فرائض فروز قریشی اور محسن ساحل نے مشترکہ طور پر انجام دیے جبکہ اظہار تشکر وسیم شیخ نے پیش کیا ـ اس پروقار تقریب میں بی ایم سی کے اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ـ